نبی کریمﷺ

کیا فتاوی رضویہ میں تاریخ ولادت 8 /ربیع الاول لکھی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

اعلیٰ حضرت امامِ اہلسنت مجدد دین و ملت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ کی تحقیق یہی ہے کہ جشن ولادت بارہ ربیع الاوّل کو منایا جائے۔

فتاویٰ رضویہ جلد 26 صفحہ 411 پر ہے۔”اس(ولادت کی تاریخ کے بارے) میں اقوال بہت مختلف ہیں: دو، آٹھ، دس ، بارہ، سترہ، اٹھارہ، بائیس، سات (7) قول ہیں ، مگر اشہر و اکثر و مأخوذ و معتبر بارہویں ہے۔ مکۂ معظّمہ(Makkah) میں ہمیشہ اسی تاریخ کو مکانِ مولِد اقدس کی زیارت کرتے ہیں ۔ کما فی المواھب والمدارج (جیسا کہ مواھب لدنیہ اور مدارج نبوۃ میں ہے) اورخاص اس مکانِ جنّت نِشان میں اسی تاریخ میں مجلسِ میلادِ مقدّس ہوتی ہے۔“

فتاویٰ رضویہ جلد 26 صفحہ 427 پر ہے:’’شَرْعِ مُطہّر میں مشہور بینَ الجمہور ہونے کے لئے وقعت عظیم ہے (یعنی جوموقف اکثر علما کا ہو وہ خود ایک بہت بڑی دلیل ہوتی ہے) اور مشہور عندَ الجمہور 12/ربیع ُالاوّل ہے- اور علِم ھَیْئَت و زیجات کے حساب سے روز ولادت شریف 8 /ربیعُ الاوّل ہے۔‘‘

مزید فرماتے ہیں’’ تعامل مسلمین حرمین شریفین و مصر و شام بلاد اسلام و ہندوستان میں بارہ ہی پر ہے ۔ اس پر عمل کیا جائے۔الخ“

( فتاویٰ رضویہ ، ج 26 ، ص 427 ، رضا فاؤنڈیشن ، لاھور )

جب کوئی محققِ وقت کسی مسئلے پر قلم اٹھاتا ہے ، تو وہ اس مسئلے سے متعلّق مختلف لوگوں کی آراء اور اقوال بھی نقل کرتا ہے ۔ اس مقام پر امامِ اہلسنّت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمۃ نے اسی طرح کا طرزِعمل اختیار کرتے ہوئے مختلف لوگوں کے موقف کو بھی بیان فرمایا – اور علم زیج والوں کا قول بھی نقل کیا کہ وہ تمام کے تمام آٹھ /ربیعُ الاوّل کو یوم ولادت قرار دیتے ہیں۔

محض آدھی بات کو لےکر پروپیگنڈا کرنا اور اس بات کو چھوڑ دینا کہ امامِ اہلسنّت رحمۃ اللہ علیہ نے جمہور کا موقف کس تاریخ کو قرار دیا ہے اور کس تاریخ کو جشنِ ولادت منانے کی تاکید کی ہے ، انصاف کے خلاف اور غلط روش ہے۔ خود امامِ اہلسنّت رحمۃُ اللہ علیہ نے اپنے اشعار میں بارہویں تاریخ ہی کو لے کر لمحات مسرّت ہونا بیان کیا اور برادرِ اعلیٰ حضرت نے تو ایک پورا کلام ہی”بارہویں تاریخ“ کا قافیہ لے کر کہا ہے اور ان کا وصال امامِ اہلسنّت کی زندگی ہی میں ہوا اور امامِ اہلسنّت ان کے کلام کے پڑھنے کی تاکید کرتے رہے۔ پھر یہ کہنا اور تأثّر دینا کہ12 تاریخ کو جشنِ ولادت منانا امامِ اہلسنّت رحمۃ اللہ علیہ کی مَنْشا کے خلاف ہے ، بہت بڑی زیادتی ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ

مجیب: مفتی علی اصغر صاحب مد ظلہ العالی

دارالافتاء اہلسنت (دعوت اسلامی)

تاریخ اجراء:06 ربیع الاول1442ھ/24/اکتوبر2020ء

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے