نعت رسول

مولود کی گھڑی ہے آتے ہیں نور والے

اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلاَمُ عَلَیْکَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہ
وَعَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحٰبِکَ یَا حَبِیْبَ اللّٰہ
اَلصَّلٰوۃُ وَالسَّلاَمُ عَلَیْکَ یَا نَبِیَّ اللّٰہ
وَعَلٰی اٰلِکَ وَ اَصْحٰبِکَ یَا نُوْرَ اللّٰہ

مولود کی گھڑی ہے آتے ہیں نور والے
بھینی ہوا چلی ہے آتے ہیں نور والے

چرچا گلی گلی ہے آتے ہیں نور والے
خیرات بٹ رہی ہے آتے ہیں نور والے

خوشیوں میں ہر کلی ہے آتے ہیں نور والے
دل کی کلی کھلی ہے آتے ہیں نور والے

گلیاں سجی ہوئی ہے رستے سجے ہوئے ہیں
رحمت کی روشنی ہے آتے ہیں نور والے

اے آمنہ مبارک آگن میں آج تیرے
رحمت برس رہی ہے آتے ہیں نور والے

جن و بشر ملایک خوشیاں منا رہے ہیں
سب کو یہی خوشی ہے آتے ہیں نور والے

دائی حلیمہ تیری بیمار اونٹنی بھی
کیا خوب دوڑتی ہے آتے ہیں نور والے

روشن ہے سارا عالم اک نور کا سماں ہے
سب نور نور ہی ہے آتے ہیں نور والے

محبوب کبریا کی سلطان انبیاء کی
تشریف آوری ہے آتے ہیں نور والے

مہکا ہے سارا گلشن کلیاں کھلی ہوئی ہیں
ہر گل پہ تازگی ہے آتے ہیں نور والے

دھرتی سے آسماں تک بس نور کا ہے سایہ
برسات نور کی ہے آتے ہیں نور والے

آتش کدہ ہے ٹھنڈا، بت منہ کے بل گرے ہیں
سب بت میں کپکپی ہے آتے ہیں نور والے

شاہد سلام ان پر جن پر فدا یہ عالم
جن سے یہ روشنی ہے آتے ہیں نور والے

نتیجۂ فکر: محمد شاہد رضا رضوی

ہماری آواز

ہماری آواز ایک غیر جانب دار نیوز ویب سائٹ ہے جس پر آپ سچی خبروں کے ساتھ ساتھ مذہبی، ملی،قومی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین اور شعر وشاعری پڑھ سکتے ہیں۔ یہی نہیں آپ خود بھی ہمیں اپنے پاس پڑوس کی خبریں اور مضامین وغیرہ بھیج سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین و خبریں

جواب دیں

Back to top button