نعت رسول
نعت رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم

جاں نچھاور روئے انور دیکھ کر
دل فدا گیسوئے عنبر دیکھ کر
سارے فرزانے دوانے بن گئے
اک دوانے کا مقدر دیکھ کر
کر رہا ہے آسماں جھک کر سلام
گنبد خضریٰ کا منظر دیکھ کر
دل کہیں ہو اور مائل؟ ہے محال
نور یزداں جیسا رہبر دیکھ کر
یاد دندان مبارک آگئی
چرخ پر تاروں کا جھومر دیکھ کر
عالم حیرت میں سب دریا ہوئے
ان کی رحمت کا سمندر دیکھ کر
سبز گنبد دیکھتا ہوں بار بار
جی نہیں بھرتا مکرر دیکھ کر
دے گیا اخلاق آقا انقلاب
لائے ایماں کتنے خنجر دیکھ کر
سادگی میں ان کا وہ جاہ و جلال!
دم بخود کسریٰ و قیصر دیکھ کر
صرف بادل ہی نہیں اس پر نثار
شب فدا ہے زلف سرور دیکھ کر
صرف شب کی بات ہم کیسے کریں
سب فدا ہیں زلف اطہر دیکھ کر
جانے کیوں گستاخ جلتے ہیں بھلا
عظمت اصحاب انور دیکھ کر
ان کے لبہائے مبارک آئے یاد
باغ میں عینی گل تر دیکھ کر
ازقلم: سید خادم رسول عینی قدوسی ارشدی