حضور حجتہ الاسلام کی حیات و خدمات
ولادتِ شریف
آپ کی ولادتِ باسعادت شہرِ بریلی میں ماہِ ربیع الاول ۱۲۹۲ھ (۱۸۷۵ء) میں ہوئی۔
(تذکرہ علمائے اہلِ سنت، ص: ۸۱؛ و فقیہِ اسلام، ص: ۲۳۷؛ و فاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظر میں، ص: ۸۲)
اسمِ مبارک و خطاب
عقیقہ میں آپ کا نام حسبِ دستورِ خاندانی ’’محمد‘‘ رکھا گیا، جن کے اعداد ۹۲ ہیں، اور یہی نام آپ کا تاریخی بھی ہوا۔
عرفی نام ’’حامد رضا‘‘ اور خطاب ’’حجۃ الاسلام‘‘ ہے۔
(تذکرہ علمائے اہلِ سنت، ص: ۸۱؛ و فقیہِ اسلام، ص: ۲۳۷؛ و فاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظر میں، ص: ۸۲)
تعلیم و تربیت
آپ کی تعلیم و تربیت آغوشِ والدِ ماجد، امامِ اہلِ سنت، شاہ احمد رضا فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ میں ہوئی۔
والدِ ماجد آپ سے بڑی محبت فرماتے تھے اور ارشاد فرماتے تھے:
’’حامد منی و أنا من حامد۔‘‘
جملہ علوم و فنون آپ نے اپنے والدِ ماجد سے پڑھے، یہاں تک کہ حدیث، تفسیر، فقہ اور کتبِ معقول و منقول پڑھ کر صرف ۱۹ سال کی عمرِ شریف میں فارغ التحصیل ہوگئے۔
(فاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظر میں، ص: ۵۳)
بیعت و خلافت
آپ مرید و خلیفۂ حضرت شاہ ابو الحسین احمد نوری مارہروی علیہ الرحمہ کے تھے اور والدِ ماجد، اعلیٰ حضرت شاہ احمد رضا خان علیہ الرحمہ سے بھی آپ کو خلافت و اجازت حاصل تھی۔
(تذکرہ علمائے اہلِ سنت، ص: ۸۱)
فضائل و کمالات
رئیس العلماء، تاج الاتقیاء، آفتابِ شریعت و طریقت، شیخ المحدثین، راس المفسرین، مفکرِ اسلام، عالمِ علومِ اسلام، حضرت علامہ الشاہ حجۃ الاسلام مولانا الحاج قاری محمد حامد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ، سلسلۂ عالیہ قادریہ رضویہ کے چالیسویں امام و شیخِ طریقت ہیں۔
آپ خلفِ اکبر، امامِ اہلِ سنت، شیخ الاسلام والمسلمین، شاہ احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ کے فرزندِ اکبر تھے۔ آپ اپنے والدِ ماجد کی تمام خوبیوں کے جامع تھے۔ آپ کی شخصیت اور حقانیت اسلام کی منہ بولتی تصویر تھی۔ بیشتر غیر مسلم آپ کے چہرۂ انور کو دیکھ کر حلقۂ اسلام میں داخل ہوئے۔
حسنِ ظاہری کا یہ عالم تھا کہ ایک نظر میں دیکھنے والا پکار اٹھتا تھا:
’’ھٰذا حجۃ الاسلام‘‘
(یہ اسلام کی دلیل ہیں۔)
حرمینِ طیبین کی حاضری کے موقع پر حضرت شیخ سید حسین دباغ اور سید مالکی ترکی علیہما الرحمہ نے آپ کی قابلیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا:
’’ہم نے ہندوستان کے اطراف و اکناف میں حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ جیسا فصیح و بلیغ نہیں دیکھا۔‘‘
آپ کمالاتِ باطنی کے جامع تھے۔ اپنے عہد کے لاثانی اور بے نظیر مدرس تھے۔ حدیث و تفسیر کا درس خاص طور پر مشہور تھا اور عربی ادب میں منفرد حیثیت کے مالک تھے۔ شعر و ادب کا نہایت نازک اور پاکیزہ ذوق رکھتے تھے۔
آپ نے مسلکِ اہلِ سنت و سلسلۂ عالیہ قادریہ رضویہ کی بے مثال خدمت انجام دی اور ساری عمر مسلمانانِ عالم کی فلاح و ترقی کے لیے کوشاں رہے۔
عاداتِ کریمہ
آپ اپنے اسلاف و آباء و اجداد کا مکمل نمونہ تھے اور اخلاق و عادات کے جامع تھے۔ آپ جب بات کرتے تو تبسم فرماتے اور لہجہ انتہائی محبت آمیز ہوتا۔ بزرگوں کا احترام اور چھوٹوں پر شفقت آپ کی سرشت کے نمایاں جوہر تھے۔
ہمیشہ نظریں نیچی رکھتے۔ درودِ شریف کا اکثر ورد فرماتے، یہی وجہ ہے کہ اکثر آپ کو نیند کے عالم میں بھی درودِ شریف پڑھتے دیکھا گیا۔
آپ کی طبیعت انتہائی نفاست پسند تھی، چنانچہ آپ کا لباس آپ کی نفاست کا بہترین نمونہ ہوتا تھا۔
انگریز اور اس کی معاشرت کے آپ اپنے والدِ ماجد کی طرح شدید مخالف رہے اور اس سلسلے میں نمایاں کام انجام دیے۔
علمی و تبلیغی کارنامے
حضور حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ ایک بلند پایہ خطیب، مایۂ ناز ادیب اور یگانۂ روزگار عالم و فاضل تھے۔ دینِ متین کی خدمت و تبلیغ، ناموسِ مصطفیٰ ﷺ کی حفاظت اور قوم کی فلاح و بہبود ان کی زندگی کے اصل مقاصد تھے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ غلبۂ اسلام کی خاطر زندہ رہے اور سفرِ آخرت فرمایا تو پرچمِ اسلام بلند کرکے اس دنیا سے سرخرو و کامران ہوکر گئے۔
اس صدی کے مجدد، ان کے والدِ محترم، سیدنا اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے خود ان کی علمی و دینی خدمات کو سراہا اور ان پر ناز فرمایا۔
مسلکِ اہلِ سنت و جماعت کی ترویج و اشاعت کی خاطر آپ نے برصغیر کے مختلف شہروں اور قصبوں کے دورے فرمائے، گستاخانِ رسول اور وہابیہ سے مناظرے کیے، سیاست دانوں کے دامِ فریب سے مسلمانوں کو نکالا، شدھی تحریک کی پسپائی کے لیے جی توڑ کر کوشش کی اور ہر جہت سے باطل اور باطل پرستوں کا رد و انسداد کیا۔
سیاسی بصیرت اور حمایتِ حق
حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ سیاست دانوں کی چالوں کو خوب سمجھتے تھے اور اپنے زمانے کے حالات سے پوری طرح باخبر رہ کر مسلمانوں کو سیاست و ریاست کے چنگل سے بچانے کی ہر ممکن جدوجہد کرتے رہتے تھے۔
ساتھ ہی ساتھ اس آندھی میں اڑنے والے مسلم علماء، قائدین اور دانش وروں سے افہام و تفہیم اور حق قبول نہ کرنے کی صورت میں ان سے ہر طرح کی نبرد آزمائی کے لیے بھی تیار رہتے تھے۔
مولانا عبدالباری فرنگی محلی کی بعض سیاسی حرکات و تحریرات کی بنا پر سیدنا اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے ان پر فتویٰ صادر فرمایا۔
مولانا عبدالباری صاحب نے نجدیوں کے ذریعے حرمین شریفین کے قبہ جات گرانے اور بے حرمتی کرنے کے سلسلے میں لکھنؤ میں ایک کانفرنس بلائی تھی۔ حضرت حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ ’’جماعتِ رضائے مصطفیٰ‘‘ کی طرف سے چند مشہور علماء کے ہمراہ لکھنؤ تشریف لے گئے۔
وہاں مولانا عبدالباری اور ان کے متعلقین و مریدین نے زبردست استقبال کیا۔ جب مولانا عبدالباری صاحب نے حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ سے مصافحہ کرنا چاہا تو آپ نے ہاتھ کھینچ لیا اور فرمایا:
’’جب تک میرے والدِ گرامی کا فتویٰ ہے اور جب تک آپ توبہ نہیں کرلیں گے، میں آپ سے نہیں مل سکتا۔‘‘
حضرت مولانا عبدالباری فرنگی محلی کا لقب ’’صورت الایمان‘‘ تھا۔ انہوں نے حق کو حق سمجھ کر کھلے دل سے توبہ کرلی اور فرمایا:
’’لاج رہے یا نہ رہے، میں اللہ تعالیٰ کے خوف سے توبہ کر رہا ہوں، مجھ کو اسی کے دربار میں جانا ہے۔ مولوی احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ نے جو کچھ لکھا ہے، صحیح لکھا ہے۔‘‘
اسلامی قانون کی حمایت میں جرح و بے باکی
لکھنؤ ہی میں مسلمانوں کے نکاح و طلاق کے معاملے میں قانون بنائے جانے پر ایک کانفرنس کے موقع پر حضرت حجۃ الاسلام، صدرالافاضل اور مولانا تقدس علی خان رحمۃ اللہ علیہم بریلی شریف سے شرکت کے لیے گئے تھے۔
اس کانفرنس میں شیعہ اور ندوی مولویوں کے علاوہ شاہ سلیمان، چیف جسٹس ہائی کورٹ، اور حضرت مولانا عبدالباری فرنگی محلی کے داماد و بھتیجے عبدالولی بھی موجود تھے۔
حجۃ الاسلام نے جرح میں سب کو لاجواب کردیا اور فیصلہ انہی کے حق میں ہوا۔ حمایتِ اسلام، شریعتِ مصطفیٰ ﷺ اور ناموسِ رسالت کے معاملے میں حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ حق گوئی سے کام لیا اور کسی بھی مصلحت کو قریب نہ آنے دیا۔
زبان و ادب پر مہارت
حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ کی زبان دانی، فصاحت و بلاغت، نثر نگاری و شاعری، خصوصاً عربی زبان و ادب پر عبور و مہارت کی تعریف علمائے عرب نے بھی کی ہے۔
حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ کے دوسرے حج و زیارت (۱۳۴۲ھ) کے موقع پر عرب کے معروف عربی داں حضرت شیخ سید دباغ اور سید مالکی ترکی رحمہما اللہ نے آپ کی عربی دانی اور قابلیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فرمایا:
’’ہم نے ہندوستان کے اکناف و اطراف میں حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ جیسا فصیح و بلیغ دوسرا نہیں دیکھا، جسے عربی زبان میں اتنا عبور حاصل ہو۔‘‘
حضور اعلیٰ حضرت ہی کی حیات میں حضرت مولانا ضیاء الدین پیلی بھیتی رحمۃ اللہ علیہ نے ایک بار اپنے ایک رسالے، جو انہوں نے علمِ غیب کے مسئلے پر لکھا تھا، پر حجۃ الاسلام سے تقریظ لکھنے کی فرمائش کی۔ حضرت نے قلم برداشتہ ان کے سامنے عربی زبان میں ایک فصیح تقریظ تحریر فرما دی۔
اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کی عربی زبان کی کتب ’’الدولت المکیۃ‘‘ اور ’’کفل الفقیہ الفاہم‘‘ کی طباعت کے وقت اعلیٰ حضرت کے حکم پر اسی وقت عربی زبان میں تمہیدات تحریر فرمائیں، جنہیں دیکھ کر اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ بہت خوش ہوئے، خوب سراہا اور دعائیں دیں۔
آپ کی عربی دانی کا ایک اہم واقعہ
حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ کو ایک بار دارالعلوم معینیہ، اجمیر شریف میں طلبہ کا امتحان لینے اور دارالعلوم کے معائنے کے لیے دعوت دی گئی۔
طلبہ کے امتحان وغیرہ سے فارغ ہوکر جب آپ چلنے لگے تو مولانا معین الدین صاحب اجمیری علیہ الرحمہ نے دارالعلوم کے معائنے کے سلسلے میں کچھ لکھنے کی فرمائش کی۔
آپ نے فرمایا:
’’فقیر تین زبانیں جانتا ہے: عربی، فارسی اور اردو! آپ جس زبان میں کہیں، لکھ دوں۔‘‘
مولانا معین الدین صاحب رحمۃ اللہ علیہ اس وقت تک اعلیٰ حضرت یا حجۃ الاسلام علیہ الرحمہ سے اتنے متاثر نہ تھے جتنا ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا: ’’عربی میں تحریر کردیجیے۔‘‘
حضور حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ نے قلم برداشتہ کئی صفحات پر مشتمل نہایت فصیح و بلیغ عربی میں معائنہ تحریر فرمادیا۔
حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ کے اس قلم برداشتہ لکھنے پر مولانا معین الدین صاحب رحمۃ اللہ علیہ حیرت زدہ بھی ہورہے تھے اور سوچ بھی رہے تھے کہ جانے کیا لکھ رہے ہیں، کیوں کہ انہیں اپنی عربی دانی پر بڑا ناز تھا۔
جب معائنہ لکھ کر حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ تشریف لے آئے تو بعد میں اس کے ترجمے کے لیے مولانا مرحوم بیٹھے۔ انہیں حجۃ الاسلام کی عربی سمجھنے میں بڑی دقت پیش آئی۔ بمشکل تمام لغت دیکھ دیکھ کر ترجمہ کیا۔ وہ بھی پورا پورا ترجمہ نہ کرسکے اور بعض الفاظ انہیں لغت میں نہ ملے۔ بعد میں وہ الفاظ عرب علماء کی زبان اور ان کی کتب سے حاصل ہوئے۔ تب جاکر انہیں ان الفاظ اور محاوروں کا علم ہوا۔
حج و زیارت
آپ زیارتِ حرمین شریفین سے بھی مشرف ہوئے۔ چنانچہ ۱۳۲۳ھ/۱۹۰۵ء میں اپنے والدِ مکرم، امامِ اہلِ سنت، اعلیٰ حضرت عظیم البرکت رحمۃ اللہ علیہ کے ہمراہ حج کو تشریف لے گئے۔
یہ حج آپ کے لیے علمی و تحقیقی میدان میں عظیم حج تھا۔ اس حج میں جو کارِ نمایاں آپ نے انجام دیا وہ ’’الدولت المکیۃ‘‘ کی ترتیب تھی۔ اسے فاضلِ بریلوی رحمۃ اللہ علیہ نے صرف آٹھ گھنٹے کی قلیل مدت میں قلم برداشتہ لکھا۔ مذکورہ کتاب کے اجزاء حضور حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ کو دیتے جاتے، آپ انہیں صاف کرتے جاتے تھے۔ پھر اس کا ترجمہ بھی آپ ہی نے کیا۔ یہ ترجمہ بہت اہم ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔
زیارتِ سرکارِ مدینہ ﷺ کا اشتیاق کس درجہ آپ کو تھا، اس کا اندازہ آپ کے مندرجہ ذیل شعر سے ہوتا ہے:
’’اسی تمنا میں دم پڑا ہے، یہی سہارا ہے زندگی کا
بلا لو مجھ کو مدینہ سرور، نہیں تو جینا حرام ہوگا‘‘
اور دوسرا حج آپ نے ۱۳۳۴ھ میں ادا فرمایا۔
پاکستان آمد
قیامِ پاکستان سے پہلے آپ ۱۹۲۵ء میں ’’انجمن حزب الاحناف‘‘ کے سالانہ جلسہ میں شرکت کی غرض سے لاہور تشریف لے گئے۔
چنانچہ اسی دوران سرگروہِ دیابنہ کو مناظرے کا چیلنج دیا گیا اور مناظرے کی غرض سے آپ کے ساتھ اکابر علمائے اہلِ سنت بھی تشریف لے گئے، لیکن عین وقت پر فریقِ مخالف نے عذرِ پیش کرکے جلسہ گاہ میں آنے سے انکار کردیا۔
جیسا کہ جناب سید ایوب علی صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنی ایک منقبت میں اسی مناظرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
’’ہندوستان میں دھوم ہے کس بات کی، معلوم ہے؟
لاہور میں دولہا بنا حامد رضا، حامد رضا
سمجھتے تھے کیا اور کیا ہوا، ارمان دل میں رہ گیا
تیرے ہی سر سہرا رہا حامد رضا، حامد رضا
ایوبؔ قصہ مختصر، آیا نہ کوئی وقت پر
تیرے مقابل منچلا حامد رضا، حامد رضا‘‘
اسی مناظرے کے موقع پر حضرت حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ کی ملاقات ڈاکٹر اقبال سے بھی ہوئی۔ جب حجۃ الاسلام نے ڈاکٹر اقبال کو دیوبندی مولویوں کی گستاخانہ عبارات سنائیں تو وہ سن کر حیرت زدہ رہ گئے اور بے ساختہ بولے:
’’مولانا! یہ ایسی گستاخانہ عبارات ہیں کہ ان لوگوں پر آسمان کیوں نہیں ٹوٹ پڑا؟ ان پر تو آسمان ٹوٹ پڑنا چاہیے۔‘‘
(دعوتِ فکر، ص: ۳۵)
اس جلسے سے سب سے بڑا فائدہ جو دنیائے سنیت کو ہوا، وہ حضرت محدثِ اعظم پاکستان علامہ مولانا سردار احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ جیسی بزرگ ترین ہستی کا حصول ہے۔
واقعات اس طرح منقول ہیں کہ حضرت حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ انجمن حزب الاحناف کے جلسے میں لاہور تشریف لے گئے۔ وہاں چند روز آپ کا قیام رہا۔ جلسہ گاہ میں دوسرے لوگوں کی طرح مولانا سردار احمد صاحب علیہ الرحمہ بھی آئے اور حضرت حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ کی زیارت سے مشرف ہوئے۔
مولانا سردار صاحب رحمۃ اللہ علیہ اس وقت انگریزی تعلیم حاصل کررہے تھے۔ حضرت کی زیارت نے آپ کے قلب پر جو اثرات چھوڑے، انہیں آپ سے زیادہ کوئی نہیں جانتا۔
اس روز سے آپ برابر حضرت کی قیام گاہ پر پہنچتے رہے۔ دوسرے لوگ آتے اور اپنی اپنی حاجتیں بیان کرتے، لیکن مولانا سردار احمد صاحب رحمۃ اللہ علیہ اوّل تا آخر خاموش مؤدب بیٹھے رہتے اور جب حضرت کے آرام کا وقت ہوتا تو لوگوں کے ساتھ اٹھ کر چلے جاتے۔
اسی طرح کئی دن گزر گئے اور حضرت کی وطن واپسی میں ایک یا دو دن باقی رہ گئے۔ چنانچہ ایک روز خود حضور حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ نے آپ سے دریافت فرمایا:
’’صاحبزادے! کیا وجہ ہے کہ آپ روز آتے ہیں، لیکن خاموش بیٹھ کر چلے جاتے ہیں؟‘‘
دریافتِ حال پر مولانا موصوف نے علمِ دین حاصل کرنے کی غرض سے آپ کے ہمراہ چلنے کا ارادہ ظاہر فرمایا۔ حضرت نے بخوشی منظور فرمالیا اور اپنے ساتھ بریلی شریف لائے۔
چنانچہ حضرت کی باکرامت صحبت سے وہ اپنے وقت کے عظیم محدث اور کامیاب مدرس ہوئے اور تقسیمِ پاکستان کے بعد لاہور میں سنی مسلمانوں کی قیادت آپ کے حصے میں آئی۔
(ماہنامہ اعلیٰ حضرت، جون ۱۹۶۳ء، ص: ۱۷، ۱۸)
ملی خدمات
آپ نے برصغیر کے مسلمانوں کی معاشرتی ناگفتہ بہ حالت کو بہتر بنانے کے لیے ۱۹۲۵ء میں ’’آل انڈیا سنی کانفرنس‘‘ منعقدہ مرادآباد میں اپنے خطبۂ صدارت میں چند تجاویز پیش فرمائیں۔
غور سے دیکھا جائے تو یہ ایک مکمل دستورالعمل ہے کہ اگر اسی کے مطابق کام ہوا ہوتا تو آج مسلمانوں کی حالت کچھ اور ہی ہوتی اور معاشی، تعلیمی، تجارتی اور دیگر دینی و دنیاوی امور میں مسلمان کسی بھی قوم سے پیچھے نہ ہوتا۔
اسی خطبۂ صدارت میں ملازمت کی حوصلہ شکنی کرکے صنعت، تعلیم و تجارت پر زور دیا۔ ملازمت کے بارے میں یوں بیان فرمایا:
’’ہمارا ذریعۂ معاش صرف نوکری اور غلامی ہے اور اس کی بھی یہ حالت ہے کہ ہندو نواب مسلمان کو ملازم رکھنے سے پرہیز کرتے ہیں۔ رہیں گورنمنٹ کی ملازمتیں، ان کا حصول طولِ امل ہے۔ اگر رات دن کی تگ و دو اور اَن تھک کوششوں سے کوئی معقول سفارش پہنچی تو کہیں امیدواروں میں نام درج ہونے کی نوبت آتی ہے۔ برسوں بعد جگہ ملنے کی امید پر روزانہ خدمت مفت انجام دیا کرو۔ اگر بہت بلند ہمت ہوئے اور قرض پر بسرِ اوقات کرکے برسوں کے بعد کوئی ملازمت حاصل بھی کی تو اس وقت تک قرض کا اتنا انبار ہوجاتا ہے جسے ملازمت کی آمدنی سے ادا نہیں کرسکتے۔ پھر ہندوؤں کی اکثریت کے باعث آنکھوں میں کھٹکتے رہتے ہیں… ہمیں یہ نہ سمجھنا چاہیے کہ ہماری روزی نوکری میں منحصر ہے۔ ہمیں حرفے اور پیشے سیکھنے چاہئیں… اب اس کی تمام قابلیتیں ہیچ ہیں، سندیں بیکار ہیں، زندگی وبال ہے، اولاد کی تربیت اس ناداری میں کیونکر ہوسکے۔ خود تباہ، نسل برباد، لیکن پیشہ ور ہوتا، ہاتھ میں کوئی ہنر رکھتا تو اس طرح محتاج نہ ہوجاتا۔ نوکری گئی بلا سے، اس کا ذریعۂ معاش اس کے ساتھ ہوتا۔ ہمیں نوکری کا خیال ہی چھوڑ دینا چاہیے۔ نوکری کسی قوم کو معراجِ ترقی تک نہیں پہنچا سکتی… دست کاری اور پیشے و ہنر سے تعلق پیدا کرنا چاہیے۔‘‘
(خطبۂ حجۃ الاسلام، ص: ۵۱، ۵۲)
شدھی تحریک
آپ نے مسلمانوں کی حفاظت و تبلیغ کی وہ خدمت انجام دی ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ہندوستان میں شدھی تحریک نے بڑا فتنہ برپا کیا تھا اور مسلمانوں کو ان کے مذہب سے پھیرنے کی بڑی بڑی اسکیمیں بنائی تھیں۔
اس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آپ ارشاد فرماتے ہیں:
’’اب تک شدھی کی کوششیں راجپوتانہ ہی میں تھیں، لیکن اب انہوں نے میدانِ عمل وسیع کردیا ہے اور تمام ہندوستان میں جہاں موقع ملتا ہے ہاتھ مارتے ہیں۔ قومیں کی قومیں ان کی دستبرد سے تباہ ہورہی ہیں۔ مسلمانوں کی مذہبی انجمنیں ہر جگہ نہیں ہیں، جو ہیں ان میں رابطہ نہیں۔ جس سرزمین کو خالی دیکھا، وہاں آریہ دوڑ پڑے۔ جب تک علمائے اسلام کو کسی حصۂ ملک سے بلاتے، تب تک کتنے غریب شکار ہوچکے ہوتے ہیں۔ راجپوتانہ میں ہمیں تجربہ ہوچکا ہے کہ آریوں کے زر، زور، طمع اور دباؤ وغیرہ کی تمام قوتیں اسلامی فضلا کی دعوتِ حق کے مقابل بیکار ہوجاتی ہیں… جاہل ناداروں کے سامنے ہزارہا روپیہ پیش کیا جاتا تھا اور انہیں مرتد ہوجانے پر بہت ولولہ انگیز مژدے سنائے جاتے تھے… وہاں ہمارے پاس اسلامی زہد و بزرگوں کے ذکر کے سوا کوئی نسخہ نہ تھا جو ایسے مریض پر کارگر ہوتا، مگر یہ نسخہ ایسا بے خطا اثر کرتا تھا کہ دیہاتی نوجوان اپنی سرمستی سے ہوش میں آکر دل لبھانے والی صورت اور مال و منال کے لالچ، دونوں کو نفرت کے ساتھ ٹھوکر مار کر اطاعتِ الٰہی کے لیے کمربستہ ہوجاتا تھا۔‘‘
(خطبۂ حجۃ الاسلام، ص: ۱۴، ۱۵)
دوسرے فریقوں کے ساتھ اتحاد کی مضرت اور اس کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں:
’’ہمارے سنی حضرات کے دل میں جب کبھی اتفاق کی امنگیں پیدا ہوئیں تو انہیں اپنوں سے پہلے مخالف یاد آئے، جو رات دن اسلامی کی بیخ کنی کے لیے بے چین ہیں اور سنیوں کی جماعت پر طرح طرح کے حملے کرکے اپنی تعداد بڑھانے کے لیے مضطر اور مجبور ہیں۔
ہمارے برادران کی اس روش نے اتحاد و اتفاق کی تحریک کو کبھی کامیاب نہ ہونے دیا، کیونکہ اگر وہ فرقے اپنے دلوں میں اتنی گنجائش رکھتے کہ سنیوں سے مل کر رہ سکیں تو علیحدہ ڈیڑھ اینٹ کی مسجد تعمیر کرکے نیا فرقہ ہی کیوں بناتے اور مسلمانوں کے مخالف ایک جماعت کیوں بناتے؟
وہ حقیقتاً مل ہی نہیں سکتے اور صورتاً مل بھی جائیں تو ملنا کسی مطلب سے ہوتا ہے، جس کے حصول کے لیے ہر دم تیش زنی جاری رہتی ہے اور اس کا انجام جدال و فساد ہی نکلتا ہے۔
یہ تو تازہ تجربہ ہے کہ خلافت کمیٹی کے ساتھ ایک جماعت جمعیۃ العلماء کے نام سے شامل ہوئی، جس میں تقریباً سب کے سب، یا زیادہ، وہابی اور غیر مقلد ہیں۔ نادر ہی کوئی دوسرا شخص ہو تو ہو۔ اس جماعت نے خلافت کی تائید کو تو عنوان بنایا، عوام کے سامنے نمائش کے لیے تو یہ مقصد پیش کیا، مگر کام اہلِ سنت کے رد اور ان کی بیخ کنی کا انجام دیا۔ اپنے مذہب کی ترویج اسی پردے میں خوب کی۔
میرے پاس جناب مولوی احمد مختار صاحب صدر جمعیۃ العلماء صوبہ بمبئی، کا ایک خط آیا ہے جو انہوں نے مدارس کا دورہ کرتے ہوئے تحریر فرمایا ہے۔ اس میں لکھتے ہیں کہ وہابی اس صوبے میں اس قومی روپے سے، جو ترکوں کے دردناک حالات بیان کرکے وصول کیا گیا تھا، اب تک دو لاکھ ’’تقویۃ الایمان‘‘ چھاپ کر مفت تقسیم کرچکے ہیں۔
اب بتائیے کہ ان جماعتوں کا ملانا ’’زردا دن دردِ سر خریدن‘‘ ہوا یا نہیں؟ اپنے ہی روپے سے اپنے ہی مذہب کا نقصان ہوا۔‘‘
(خطبۂ حجۃ الاسلام، ص: ۳۱، ۳۲)
ذوقِ شاعری
آپ عربی، فارسی اور اردو نظم و نثر میں منفرد اسلوبِ بیان رکھتے تھے۔ حمد و نعت اور دیگر اصنافِ شاعری کے بیشتر اشعار آپ کے دیوان میں محفوظ ہیں۔ ذیل میں چند کلام پیش کیے جاتے ہیں، جن سے آپ کے ادبی ذوق، قابلیت اور عشقِ رسول ﷺ کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔
نعتیہ کلام
دل میرا گدگداتی رہی آرزو
آنکھ پھر پھر کے کرتی رہی جستجو
عرش تا فرش ڈھونڈ آیا میں تجھ کو تو
نکلا اَقْرَبْ زِحَبْلِ وَرِیْدِ گَلُو
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
میں نے مانا کہ حامد گنہگار ہے
معصیت کیش ہے اور خطاکار ہے
میرے مولا مگر تو، تو غفّار ہے
کہتی رحمت ہے مجرم سے لَا تَقْنَطُوا
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
اللہ، اللہ، اللہ، اللہ
---
گناہ گاروں کا روزِ محشر شفیعِ خیرالانام ہوگا
دلہن شفاعت بنے گی، دولہا نبی علیہ السلام ہوگا
کبھی تو چمکے گا نجمِ قسمت، ہلالِ ماہِ تمام ہوگا
کبھی تو ذرے پہ مہر ہوگی، وہ مہر ادھر خوش خرام ہوگا
پڑا ہوں میں ان کی رہگزر میں، پڑے ہی رہنے سے کام ہوگا
دل و جگر فرشِ رہ بنیں گے، یہ دیدہ مشقِ خرام ہوگا
وہی ہے شافع، وہی ہے مشفع، اسی شفاعت سے کام ہوگا
ہماری بگڑی بنے گی اس دن، وہی مدارالمہام ہوگا
انہیں کا منہ سب تکیں گے اس دن، جو وہ کریں گے وہ کام ہوگا
دہائی سب ان کی دیتے ہوں گے، انہیں کا ہر لب پہ نام ہوگا
’’اَنَا لَہَا‘‘ کہہ کے عاصیوں کو وہ لیں گے آغوشِ مرحمت میں
عزیز، اکلوتا جیسے ماں کو، انہیں ہر ایک یوں غلام ہوگا
ادھر وہ گرتوں کو تھام لیں گے، ادھر وہ پیاسوں کو جام دیں گے
صراط و میزان و حوضِ کوثر، یہیں وہ عالی مقام ہوگا
کہیں وہ جلتے بجھاتے ہوں گے، کہیں وہ روتے ہنساتے ہوں گے
وہ پائے نازک پہ دوڑنا اور بعید ہر ایک مقام ہوگا
ہوئی جو مجرم کو باریابی تو خوفِ عصیاں سے دھجّی ہوگی
خمیدہ سر، آبدیدہ آنکھیں، لرزتا ہندی غلام ہوگا
حضورِ مرشد کھڑا رہوں گا، کھڑے ہی رہنے سے کام ہوگا
نگاہِ لطف و کرم اٹھے گی تو جھک کے میرا سلام ہوگا
خدا کی مرضی ہے ان کی مرضی، ہے ان کی مرضی خدا کی مرضی
انہیں کی مرضی پہ ہورہا ہے، انہیں کی مرضی پہ کام ہوگا
جدھر خدا ہے ادھر نبی ہے، جدھر نبی ہے ادھر خدا ہے
خدائی بھر سب ادھر پھرے گی، جدھر وہ عالی مقام ہوگا
اسی تمنا میں دم پڑا ہے، یہی سہارا ہے زندگی کا
بلالو مجھ کو مدینے سرور، نہیں تو جینا حرام ہوگا
حضورِ روضہ ہوا جو حاضر، تو اپنی سج دھج یہ ہوگی حامدؔ
خمیدہ سر، آنکھ بند، لب پر میرے درود و سلام ہوگا
تصنیفی و علمی کارنامے
حضرت حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ صاحبِ تصنیف بزرگ تھے۔ آپ کی علمی جلالت کا صحیح اندازہ آپ کی تصانیف سے زیادہ ممکن ہے۔ ذیل میں آپ کی قلمی یادگاروں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔ قارئین اصل کتب کی طرف مراجعت کریں۔
۱۔ الصارم الربانی علیٰ اسراف القادیانی
۲۔ ترجمہ الدولۃ المکیۃ بالمادۃ الغیبیۃ
۳۔ ترجمہ حسام الحرمین علی منحر الفکر و المبین
۴۔ حاشیہ ملا جلال
۵۔ مقدمہ الاجازات المتینۃ
۶۔ نعتیہ دیوان
۷۔ مجموعۂ فتاویٰ
مریدین، خلفائے کرام اور تلامذہ
حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ کے مریدین کی تعداد اگرچہ لاکھوں میں تھی، لیکن اب بھی ہزاروں کی تعداد میں ان کے مریدین موجود ہیں۔ جے پور، اودے پور، جودھپور، سلطان پور، بریلی و اطراف، کانپور، فتح پور، بنارس اور صوبۂ بہار وغیرہ میں ان کے مریدین زیادہ ہیں۔ کراچی میں بھی
حامدیوں کی خاصی تعداد پائی جاتی ہے۔
ان کے خلفاء اور تلامذہ میں محدثِ اعظم پاکستان حضرت علامہ سردار احمد صاحب رضی اللہ عنہ سرفہرست ہیں۔ ان کے علاوہ حضور مجاہدِ ملت مولانا شاہ حبیب الرحمن صاحب، حضرت مولانا شاہ رفاقت حسین صاحب، حضرت مولانا شاہ حشمت علی خان صاحب، حضرت مولانا ابراہیم رضا خان جیلانی میاں صاحب، خلفِ اصغر حماد رضا صاحب، حضرت مولانا احسان علی صاحب فیض پوری، سابق شیخ الحدیث دارالعلوم منظرِ اسلام بریلی، حضرت مولانا عبدالمصطفیٰ صاحب ازہری، حضرت مفتی تقدس علی خان صاحب، حضرت مولانا عنایت محمد خان صاحب غوری، حضرت مولانا عبدالغفور صاحب ہزاروی، حضرت مولانا محمد سعید شبلی صاحب فرید کوٹی، حضرت مولانا ولی الرحمن صاحب پوکھریروی، حضرت مولانا حافظ محمدؔ میاں صاحب اشرفی رضوی، حضرت مولانا ابو الخلیل انیسؔ عالم صاحب سیوانی، حضرت مولانا قاضی فضل کریم صاحب بہاری، حضرت مولانا رضی احمد صاحب وغیرہ شامل ہیں۔
پاکستان کے مشہور شاعر، حسان العصر، جناب اختر الحامدی مرحوم بھی حجۃ الاسلام رضی اللہ عنہ کے مرید تھے۔
(تذکرہ علمائے اہلِ سنت، ص: ۸۲؛ ماہنامہ حجاز جدید، دہلی، اپریل ۱۹۸۹ء، ص: ۵۰)
اولادِ امجاد
حضور حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ کے دو صاحبزادے اور چار صاحبزادیاں تھیں۔ صاحبزادگان کے نام یہ ہیں:
۱۔ مفسرِ اعظمِ ہند حضرت مولانا ابراہیم رضا خان جیلانی میاں رحمۃ اللہ علیہ
۲۔ حضرت مولانا حماد رضا خان نعمانی میاں رحمۃ اللہ علیہ
(ماہنامہ حجاز جدید، دہلی، اپریل ۱۹۸۹ء، ص: ۵۳)
وصال
آپ ۱۸ جمادی الاول ۱۳۶۲ھ مطابق ۲۳ مئی ۱۹۴۳ء کو بعمر ۷۰ سال، عین حالتِ نماز میں دورانِ تشہد، دس بج کر پینتالیس منٹ پر اپنے خالقِ حقیقی سے جاملے۔
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ۔
(فقیہِ اسلام، ص: ۲۳۷؛ و فاضل بریلوی علمائے حجاز کی نظر میں، ص: ۸۲)
نمازِ جنازہ
جنازے کی نماز آپ کے خلیفۂ خاص، حضرت محدثِ اعظم پاکستان مولانا سردار احمد رحمۃ اللہ علیہ نے مجمعِ کثیر میں پڑھائی۔
(ماہنامہ اعلیٰ حضرت، جون ۱۹۶۳ء، ص: ۱۸)
مزارِ مبارک
آپ کا مزارِ مبارک خانقاہِ رضویہ، بریلی شریف میں والدِ ماجد کے پہلو میں ہے۔ ہر سال عرس کی تاریخ میں بے شمار علماء و مشائخ کے ساتھ عوام بھی شریک ہوتے ہیں اور اپنے اپنے دامنِ مراد کو گوہرِ مراد سے بھرتے ہیں۔
بریلی شریف کی خانقاہ کے علاوہ بھی برصغیر پاک و ہند میں آپ کے بے شمار متوسلین مذکورہ تاریخ پر آپ کے روحانی فیض سے مستفیض ہوتے ہیں اور مقالات و تقاریر کے ذریعے آپ کی علمی، دینی اور تصوفانہ خدمات کو پیش کرتے ہیں۔
پیشکش:
خاک پاۓ حضور حجتہ الاسلام
نبیرۂ فخر بہار
فقیر محمد فرحان رضا قادری ازہری غفرلہ
مدیر اعلیٰ: ماہنامہ فخر بہار
صدر، یاد تاج الشریعہ فاونڈیشن
مقیم حال: جامعة الأزهر قاهره مصر
رابطہ واٹس ایپ نمبر: 6203087421
تبصرے (0)
شائع کردہ
Assistant Editor
★★★★★
نیوز ہوم کے رپورٹر
اسی زمرے میں مزید

دارالعلوم اہسنت فیض الرسول براؤں شریف میں دارالعلوم کے لائق وفائق فرزند حضرت علامہ مفتی ابو طالب صاحب -رحمه الله رحمة واسعة- کے انتقال پر ملال پر تعزیتی مجلس کا انعقاد

اعلیٰ حضرت اشرفی میاں کے عرس پر منعقد ہوگا سیمینار، جاری ہوا دعوت نامہ



