نتیجہ فکر : محمد اشرفؔ رضا قدری
مدیر اعلی سہ ماہی امین شریعت
بوستانِ علم و حکمت خواجہ قطب الدین ہیں
گلْسِتانِ خیر و برکت خواجہ قطب الدین ہیں
دانا و بینا، حقیقت آشنا، روشن ضمیر
صاحبِ فکر و بصیرت خواجہ قطب الدین ہیں
پرچمِ اسلام لہرایا زمینِ کفر پر
قاطعِ کفر و ضلالت خواجہ قطب الدین ہیں
پڑھ کے لگتا ہے یہی ان کی "فوائد سالکیں”
جامعِ شرع و طریقت خواجہ قطب الدین ہیں
ان کو بخشی ہے خلافت خواجۂ اجمیر نے
خواجہ کی زندہ کرامت خواجہ قطب الدین ہیں
بادۂ توحید و الفت پی کے ہیں وہ شاد کام
نازشِ بزمِ طریقت خواجہ قطب الدین ہیں
اپنے مرشد کی نیایت کا ادا حق کر دیا
پاسبانِ قوم و ملت خواجہ قطب الدین ہیں
دین کی تبلیغ فرمائی نہایت شان سے
دینِ احمد کی ضرورت خواجہ قطب الدین ہیں
اپنے منگتوں کو وہ خالی ہاتھ لوٹاتے نہیں
مخزنِ فیض و کرامت خواجہ قطب الدین ہیں
بس اسی فقرے پہ اشرف روک دو اپنا قلم
حامیِ دین و شریعت خواجہ قطب الدین ہیں