نئی دہلی: 9فروری/ ہماری آواز(محمد طیب رضا)
سماجی و فلاحی تنظیم مسلم کونسل آف انڈیا (ایم سی آئی)کی جانب سے ضرورت مند خاندانوں تک راشن کٹ پہنچائی گئی۔اس موقع پر تنظیم کے صدر ایڈوکیٹ رخسار احمد ،نائب صدر ایڈوکیٹ ندیم الزماں ،جنرل سیکریٹری محمد مبارک قاسمی،جوائنٹ سیکریٹری ناظم شیخ اور خازن عبدالواحد وغیرہ موجود رہے۔ایڈوکیٹ رخسار احمد نے کہا کہ تنظیم ویسے تو مختلف میدانوںمیں سماجی خدمات انجام دے رہی ہے مگر ہمارا سب سے زیادہ فوکس تعلیم ،لیگل ایڈ اور ضرورت مندوں کو ماہانہ راشن پہنچانے پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ تنظیم سے راشن حاصل کرنے والوں میں وہ خواتین شامل ہیں جو جواں عمری میں بیوہ ہوجاتی ہیںیا کسی وجہ سے مطلقہ ہوجاتی ہیں ہماری ٹیم ایسے خاندانوں کی شناخت کرنے کے ساتھ ساتھ کئی زاویوں سے تحقیق کرتی ہے اگر رپورٹ مثبت ملتی ہے تو راشن جاری کردیا جاتا ہے ۔ایڈوکیٹ ندیم الزماں نے کہا کہ تنظیم اپنے دائرے کو مسلسل بڑھا رہی ہے اور تعلیم کوعام کرنے کے لئے کوششیں کررہی ہے دیگر خدمات جاری ہیں ۔راشن دینے کا ہمارا طریقہ دیگر تنظیموں سے مختلف ہے ۔ہم فیملی کو اتنا سامان فراہم کرتے ہیں کہ اسے ایک مہینے ادھر ادھر دیکھنا نہ پڑے ۔مستقبل میں ہم کئی اور چیزوں کی شروعات کرنے جارہے ہیں۔