سیکولر ازم کے خود ساختہ دعویداروں کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے: مفتی منظور ضیائی
ممبئی: ۱۱؍مارچ: بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر معروف ملی شخصیت حضرت مولانا مفتی منظور ضیائی نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پر ہونے والے حملوں کی خبروں کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی شکست کو یقینی دیکھ کر ترنمول کانگریس کی لیڈر اور مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی چھچھورے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ممتا بنرجی سے مغربی بنگال کےعوام کا ہر طبقہ ناراض ہے، انہوں نے سیکولر ازم کی دہائی دے کر مسلمانوں کے ووٹوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، اس میں بھی اب وہ بری طرح ناکام ہوتی نظر آرہی ہیں کیوں کہ مغربی بنگال کی جو فضا ہے اس سے یہ صاف ظاہر ہوگیا ہے کہ اس مرتبہ مسلمان ممتا دیدی کے جھانسے میں آنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی طرح کے تشدد کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے، سیاسی حریف پر نظریاتی حملہ ہوناچاہئے جسمانی نہیں لیکن ممتا بنرجی نے جس طرح خود پر حملے کا ڈرامہ کروایا ہے اس کی بھی ہم مذمت کیے بغیر نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی دیکھا گیا ہے کہ عوام میں غیر مقبول ہونے والے سیاست داں ہمدردی کی مصنوعی لہر چلانے کےلیے اس طرح کی شعبدہ بازیوں کا سہارا لیتے ہیں، محترمہ بنرجی نے ایسے تمام شعبدے بازوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مفتی منظور ضیائی نے وارننگ دی ہے کہ تمام خود ساختہ سیاسی شعبدے بازوں کو نوشتہ دیوار پڑھ لیناچاہئے اب ان کا وقت ختم ہوچکا ہے عوام مزید ان کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں۔ مفتی منظور ضیائی نے مثال دی کہ جب کوئی مجرم گرفتار ہوتا ہے تو جیل کی سختیوں سے بچنے کےلیے بیماری کاڈرامہ کرتا ہے فرضی سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسپتال یا گھر میں آرم دہ زندگی جینے کی کوشش کرتا ہے۔ ممتا بنرجی کا طرز عمل بھی ویسا ہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ممتا بنرجی پر ہونے والے اس خودساختہ حملے کی اعلیٰ ترین سطح پر جانچ کرائے جائے اور اس جعل سازی کا پردہ فاش کرکے عوام کے سامنے حقائق پیش کیے جائیں۔