تحریر: سبطین رضا محشر مصباحی
کشن گنج بہار ،ریسرچ اسکالر البرکات انسٹی ٹیوٹ علی گڑھ
اسلام ایک ہمہ گیر اور جامع دینِ ہدایت ہے جس میں کائنات کے ذرے ذرے کے متعلق ہدایات موجود ہیں،دینِ اسلام تاقیامت انسانوں اور آئندہ نسلوں کے لیے ذریعۂ ہدایت اور رہنمائی ہےایمان لانے کے بعد عملِ صالح اور ایمان کے لوازمات کی پابندی ضروری ہےجس کا نفاذ زندگی کے ہر گوشے میں لازم ہے اور اس پر مکمل جمے رہنا ضروری ہے واقعۂ معراج بھی اسی ہدایات کی ایک کڑی ہے جو امت کو اہمیت نماز کا احساس دلاتی ہے وہی عملِ صالح کے اہتمام پر ابھارتی ہے
معجزات، سیرتِ انبیا کا بہت ہی نمایاں اور روشن باب ہیں – قانون الہی ہے کہ ہر نبی کو اپنے وقت کے تقاضوں کے مطابق معجزہ دیا گیا جیسی اس وقت ضرورت تھی -دور موسوی میں جادوگری کا زور تھا اللہ تعالیٰ نے حضرتِ موسی علیہ السلام کو معجزۂ عصا عطا فرمادیا جس نے کبھی سانپ بن کر اور کبھی سمندر کو پھاڑ کر باطل کا قلع قمع کردیا- حضرتِ عیسی علیہ السلام کے دور میں حکمت و طب کا بول بالا تھا تو رب قدیر نے حضرت عیسی علیہ السلام کو معجزۂ دست شفا عطا فرمادیا جس سے باذن الہی اندھے نابینا اور کوڑھی کو شفا ملتی تھی – جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم تشریف لائے تو تاقیامت آپ کی نبوت کا دامن پھیل گیا اور اللہ نے اپنے حبیب کو معجزۂ معراج عطا فرما تاکہ کائنات پر آپ کی فضیلت ظاہر ہوجائے چناں چہ بیت المقدس میں سارے انبیا کے امام بنے اور پھر بیت المعمور میں فرشتوں کی امامت فرمائی غرض کہ جدھر جدھر سے حضور کا گزر ہوا حضور کی افضلیت کو ان پر ظاہر فرمادیا گیا _ واقعۂ معراج کی اہمیت اس طور پر بھی ہے کہ شب معراج وہ عظیم اور بابرکت رات ہے جس میں خالقِ کائنات نے شب اسری کے دولہا محمد صلی اللہ علیہ و سلم کو خصوصی انعامات سے نوازا اس رات آپ اس مقام پر پہنچے جہاں عقل و خرد کی بھی رسائی نہیں آپ کو عالمِ بالا کی سیر کے لیے بلایا گیا جس میں آپ نے عجائباتِ قدرت کا مشاہدہ فرمایا- واقعۂ معراج کی اہمیت اس طور پر بھی ہے کہ معجزۂ معراج کی حقانیت و عظمت اور اس کی رفعت کے اظہار کے لیے اللہ تعالیٰ نے اس قدر اہتمام سے ذکر فرمایا ہے کہ سفرِ معراج سے متعلق ایک مستقل آیت کریمہ نازل فرمائی ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "پاکی ہے اسے جو راتوں رات اپنے بندے کو لے گیا مسجد حرام سے مسجدِ اقصی، جس کے ارد گرد ہم نے برکت رکھی کہ ہم اسے اپنی عظیم نشانیاں دکھائیں بے شک اللہ سنتا اور دیکھتا ہے”_
واقعۂ معراج بڑی اہمیت کا حامل اس لیے بھی ہے کہ معراج میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب کو اپنے دیدار سے مشرف فرمایا جس کی طلب حضرت موسیٰ علیہ السلام کے دل کی دھڑکن بنی رہی حتی کہ آرزو التجا بن کر حضرت موسی کے لبوں پر آگئی اور بارگاہِ الہی میں عرض کی:” اے رب! مجھے اپنا دیدار دکھا ” اللہ عزوجل نے ارشاد فرمایا: ” تو مجھے ہرگز نہ دیکھ سکے گا ” مگر جب اپنے حبیب کی باری آئی تو خود حضرت جبرئیل کو بھیج کر بلایا اور اپنے دیدار سے مستفیض فرمایا_
واقعۂ معراج کی معنویت اس طور پر ہے کہ شب معراج اللہ رب العزت نے اپنے حبیب کو خصوصی انعامات سے نوازا- جس میں خاص طور پر ایک انعام نماز ہے نماز کا تحفہ عطا فرما کر گویا یہ اشارہ فرمادیا کہ دیدارِ الہی و قربِ خداوندی تو رسول کی معراج ہے اور نمازوں کے ذریعے اس پاک مولیٰ سے رازو نیاز اور قربت مومنوں کی معراج ہے تو پانچ نمازوں کی فرضیت شب معراج میں ہمیں اہمیت نماز کا احساس دلاتی ہے لہذا اس عظیم تحفۂ ربانی کی دل و جان سے قدر کرتے ہوئے نمازوں کی ادائیگی پوری کرنی چاہیے کہ احساس کا بنیادی نکتہ ہی یہی ہے کہ بندہ اپنے اعمال و حرکات پر نظر رکھے اور ہمیشہ رب کی عبادت و ریاضت کو بجالائے_
واقعۂ معراج کی معنویت اس طور پر بھی ہے کہ شب معراج میں حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے نافرمانوں کو عذابِ الہی میں گرفتار دیکھا جو اپنے گناہوں کی سزا میں انتہائی دردناک عذاب میں مبتلا تھے جس میں مختلف گناہ گاروں کے احوال بھی دیکھے اور عالمِ برزخ کے احوال بھی – یہ سب چیزیں ہمیں اپنے اعمال کی اصلاح کی طرف راغب کرتی ہیں کہ عملِ صالح بہت ہی ضروری ہے – عمل صالح کا تعلق دین و دنیا دونوں سے ہے اسلام اپنے ماننے والوں کو دین و دنیا دونوں جگہ کی ترقی عطا کرتا ہے نیز عمل صالح کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگا سکتے ہیں کہ معاشرے میں جس شخص کے اعمال و افعال اچھے ہیں وہی ایک اچھے فرد کی حیثیت سے جانا جاتا ہے دراصل زندگی عمل ہے اوعمل ہی زندگی ہے پتا چلا عمل ہی ترقی کا زینہ ہے اور اسی سے دنیا اور آخرت کی زندگی بنتی ہے_ واضح ہوا واقعۂ معراج کی معنویت بندۂ مومن کو عمل صالح کی طرف راغب کرنا ہے _
مختصر یہ کہ شب معراج کے موقع پر واقعۂ معراج کے ذکر کا کامل حق اسی وقت ادا ہوگا جب اس کی اہمیت کو عملی صورت دے جائےاس موقع سے قضا نمازوں کی ادائیگی کرکے اور آنے والے دنوں میں نمازوں پابندی سے اہتمام کرنا اور اخلاص کے ساتھ اس کی بندگی کرنا مومنوں کی معراج ہے-دعا گو ہوں رب تعالیٰ اس شب کی برکتوں سے سبھی کو مالامال فرماے- عملِ صالح کی توفیق سے اور نمازوں کو وقتوں پر ادا کرنے کی توفیقِ عنایت فرماے- آمین