نتیجۂ فکر: طفیل احمد مصباحی
جمال و حسن کا طُغریٰ ہے آپ کی چوکھٹ
بَہارِ خلد کا نقشہ ہے آپ کی چوکھٹ
ہر ایک غم کا مداوا ہے آپ کی چوکھٹ
دُکھے دلوں کا سہارا ہے آپ کی چوکھٹ
قدم قدم پہ بَہاروں کا عنبریں جھونکا
جمالِ صبحِ دل آرا ہے آپ کی چوکھٹ
فرشتے چومتے ہیں سنگِ در عقیدت سے
کچھ ایسی افضل و اعلیٰ ہے آپ کی چوکھٹ
عیاں ہے آیتِ ” جَاؤُوْکَ ” سے گنہگارو !
گنہ کے عفو کا حِیلہ ہے آپ کی چوکھٹ
فرازِ عرش بھی حیرت سے دیکھتا ہے اسے
عُلو کا ایسا مِنارا ہے آپ کی چوکھٹ
زمانہ اس لیے آتا ہے حاضری دینے
خدا کے قرب کا زینہ ہے آپ کی چوکھٹ
طفیل عقل کے اندھوں سے بر ملا کہہ دو
زمیں پہ عرشِ معلّیٰ ہے آپ کی چوکھٹ