شعبان المعظم

شب برأت بخشش و مغفرت کی رات

تحریر: عقیل احمد قادری مصباحی
الجامعۃ الاسلامیہ روناہی

شعبان المعظم کی 15/تاریخ بہت اہمیت کی حامل ہے اس کی رات بہت مبارک رات ہے. کہتے ہیں کثرت اسماء عظمت و فضیلت پر دلالت کرتے ہیں. اس رات کو بھی کئ ناموں سے جانا جاتا ہے. اسے لیلۃ المبارکۃ, لیلۃ البرأت, لیلۃ الصک اور لیلۃ الرحمۃبھی کہا جاتاہے.
اس رات کے بارے میں احادیث کریمہ میں بہت سی فضیلتیں آئی ہیں ان میں سے چند یہ ہیں.
بیہقی نے ام المومنین صدیقہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا سے روایت کی، کہ حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) نے فرمایا: ’’میرے پاس جبرئیل آئے اور یہ کہا: یہ شعبان کی پندرھویں رات ہے، اس میں اﷲ تعالیٰ جہنم سے اتنوں کو آزاد فرماتا ہے جتنے بنی کلب کے بکریوں کے بال ہیں ، مگر کافر اور عداوت والے اور رشتہ کاٹنے والے اور کپڑا لٹکانے والے اور والدین کی نافرمانی کرنے والے اور شراب کی مداومت کرنے والے کی طرف نظر رحمت نہیں فرماتا۔‘‘ ایک روایت، میں قاتل کا بھی ذکر ہے۔
ابن ماجہ مولیٰ علی کرم ﷲ تعالیٰ وجہہ الکریم سے راوی، نبی صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں : ’’جب شعبان کی پندرھویں رات آجائے تو اُس رات کو قیام کرو اور دن میں روزہ رکھو کہ رب تبارک و تعالیٰ غروبِ آفتاب سے آسمان دنیا پر خاص تجلّی فرماتا ہے اور فرماتا ہے: کہ ہے کوئی بخشش چاہنے والا کہ اسے بخش دوں ، ہے کوئی روزی طلب کرنے والا کہ اُسے روزی
وں ، ہے کوئی مبتلا کہ اُسے عافیت دُوں ، ہے کوئی ایسا، ہے کوئی ایسا اور یہ اس وقت تک فرماتا ہے کہ فجر طلوع ہو جائے۔‘‘
اُم المومنین صدیقہ فرماتی ہیں : حضور اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کو شعبان سے زیادہ کسی مہینے میں روزہ رکھتے میں نے نہ دیکھا.
مذکورہ بالا احادیث کریمہ سے پندرہویں کی رات اور اس دن کی فضیلت و اہمیت خوب واضح ہوجاتی ہے اور یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ یہ رات بڑی عظیم رات ہے, رحمت وبرکت والی, جہنم سے نجات والی اور دعاوں کی مقبولیت والی رات ہے.
ایک مومن کے لئے کس قدر فرحت و شادمانی اور نیک بختی کی بات ہے کہ دینے والا مالک حقیقی خود اعلان فرمارہا ہے کہ آج کی رات ہر مانگنے والے کی مرادیں پوری کی جائیں گی. آج دنیا و آخرت کی ہر نعمت دی جائے گی. بخشش و مغفرت کے ہر طلب گار کو آج بخش دیا جاے گا
لیکن جہاں یہ خوش خبری ہے وہیں ان کم نصیبوں کے لئے جاے عبرت بھی کہ جن کی دعا اس رات کو بھی نہ قبول ہوگی. اللہ کی پناہ
مسلمانو! کیا ہم اپنے رب پر بھروسہ کرتے ہیں؟کیا ہمیں اپنے رازق اور اپنے خالق پر پورا اعتماد ہے؟اگر ہاں تو پیارے آج کی رات آنے سے کیوں نہ ہم اپنے گناہوں سے توبہ کرلیں,کیوں نہ ہم اللہ کی طرف رجوع کر کے اپنی مرادیں پوری کریں.
پیارے اسلامی بھائیو! ہمیں یہ یقین کرنا ہی پڑے گاکہ اللہ جسے رزق ودولت, شہرت و عزت, راحت و نعمت, صحت و تندرستی, علم و عمل عطا کرے اس سے کوئی چھین نہیں سکتا اور جس سے چھین لے اسے کوئی دے نہیں سکتا.
حضرت اویس کرنی کی یاد: اس دن عوام اہل سنت حلوہ بناتے ہیں اور اپنے مرحومین کے نام نذر و نیاز پیش کرتے ہیں. اور عاشق رسول حضرت اویس قرنی رضی اللہ تعالی عنہ کی یاد بھی مناتے ہیں اور ان کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں. یہ بہت ہی عمدہ اور احسن طریقہ ہے کہ حضرت اویس قرنی کی ذات وہ ذات عظیم ہے کہ جس پر اہل عمل و تقوی بھی ناز کرتے ہیں. خود حضور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم سے ان کا مستجاب الدعواۃ ہونا ثابت ہے. اور چوں کہ آج کی رات بخشش و مغفرت کی رات ہے پروانہ نجات کی رات اس لئے اہل حق ان کے وسیلہ سے بارگاہ رب العزت میں دعا کرتے ہیں کہ دعائیں قبول ہوں اور نیک بندہ کی یاد تازہ ہو.
آج کا دن ایک عظیم دن ہے اس لئے مسلمان اپنے دستر خوان کو وسیع کرتے ہیں اپنے دوست و احباب کے ساتھ غریبوں فقیروں کو بھی دعوت دے کر عمل خیر کے ذریعہ اللہ کا قرب حاصل کرتے ہیں یہ سب درست اور اچھا قدم ہے جو کتاب وسنت سے ثابت ہے اور اہل اسلام کا شیوہ ہے.
بس ہمیں چاہیے کہ ہم نیک نیت اور خلوص کے ساتھ ہر کام کریں. ریا اور دکھاوے سے دور رہیں.
قبروں کی زیارت:آج کی رات مسلمان اپنے مرحومین کی قبروں کی زیارت کرتے ہیں اور ان کے لئے ایصال ثواب کرتے ہیں یہ سنت سے ثابت ہے. اور حدیث شریف سے یہ بھی ثابت ہے کہ مردے قبروں میں اپنے عزیزوں کے آنے کا یا ان کی جانب سے ایصال ثواب کا انتظار بھی کرتے ہیں اور وہاں جانے سے ان مرحومین کو انسیت حاصل ہوتی ہے. اور ان کے عذاب میں تخفیف بھی ہوتی ہے.
آتش بازی:آتش بازی اسلام کے نظریہ سے جائز نہیں پھر ایسی مبارک رات میں تو یہ فعل اور بھی قبیح ہے.اور سائنس کے لحاظ سے بھی یہ صحیح نہیں کہ ہوا مکدر ہوتی ہے ماحول پراگندہ ہوتا ہے. عقل سلیم بھی اسے پسند نہیں کرتی کہ اپنے پاکیزہ مال کو آگ کے حوالے کرنا ہے.
آیے آج ہم اپنے گناہوں سے سچی توبہ کرکے حقوق اللہ حقوق العباد کو ادا کرکے رب کی بارگاہ میں دعا کریں اور شریعت پر پابندی کا عہد کریں بے حیائی اور بری باتوں کو یکسر چھوڑ دیں اور ایک پاکیزہ معاشرہ کی تشکیل میں حصہ لیکر اپنے زندہ دلی کا ثبوت دیں .اللہ اپنے حبیب کے صدقہ و طفیل ہماری ہر جائز آرزو پوری کرے. آمین بجاہ سید المرسلین

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے