نتیجہ فکر: محمد جیش خان نوری امجدی مہراجگنج یوپی
مصیبت میں جہاں جس نے پکارا "یارسول اللہ”
ملا اس کو وہیں فورا سہارا یارسول اللہ
دعا ہے بس یہی میری خدارا یارسول اللہ
ترے ٹکڑوں پہ ہو میرا گزارا یارسول اللہ
بچا لینا قیامت کی مجھے ہر ایک سختی سے
مرے ہاتھوں میں دامن ہے تمہارا یارسول اللہ
قیامت میں جسے کر دیں اشارہ آپ بخشش کا
ترا کافی اسے ہوگا اشارہ یا رسول اللہ
گناہوں میں گھرا ہوں پر کھلیں اعمال جب میرے
مکن محروم از لطفت گدا را یارسول اللہ
لحد میں حشر میں میزان پر میرا، سوا تیرے
نہیں ہے کوئی بھی دوجا سہارا یارسول اللہ
یہی ہو مشغلہ میرا میں کہتا ہی چلا جائوں
میں عاشق ہوں تمہارا بس تمہارا یارسول اللہ
جلائے عشق کی مشعل وہ دل میں اپنے بیٹھا ہے
کچھوچھہ کا ، بریلی کا دلارا یارسول اللہ
دعائیں روز کرتا ہے ترا نوری نمازوں میں
بلا لیجے اسے طیبہ دوبارہ یارسول اللہ