نعت رسول

نعت کیا ہے؟

(نتیجہ فکر: محترم ریاض حسین چودھری

نعت کیا ہے؟ سرمدی جذبات کی ترسیل ہے
نعت کیا ہے؟ لا الہ کے نور کی ترتیل ہے
نعت کیا ہے؟ قصرِ حسن و عشق کی تکمیل ہے
نعت کیا ہے؟ حکمِ ربی کی فقط تعمیل ہے

رحمت و بخشش کی ارزانی ہے نعتِ مصطفیﷺ
دیدہ و دل کی ثنا خوانی ہے نعتِ مصطفیﷺ

نعت کیا ہے؟ عشق کے ساگر میں غرقابی کا نام
نعت کیا ہے؟ میرے ہر جذبے کی سیرابی کا نام
نعت کیا ہے؟ ہجر میں سانسوں کی بے تابی کا نام
نعت کیا ہے؟ گنبدِ خضرا کی شادابی کا نام

نعت ہے بے آب صحراؤں میں پانی کی سبیل
نعت ہے اسمِ محمدﷺ ہی کا اک عکسِ جمیل

نعت کیا ہے؟ وصفِ ختم المرسلیںﷺ کا تذکرہ
نعت کیا ہے؟ عظمتِ نورِ مبیںﷺ کا تذکرہ
نعت کیا ہے؟ نکہتوں کی سر زمیں کا تذکرہ
نعت کیا ہے؟ سب حسینوں سے حسیں کا تذکرہ

دل کے بنجر کھیت میں کرنیں اُگا دیتی ہے نعت
نقش باطل کی جبینوں سے مٹا دیتی ہے نعت

نعت کیا ہے؟ قریۂ نخوت کی ویرانی کا نام
نعت کیا ہے؟ ملتِ بیضا کی سلطانی کا نام
نعت کیا ہے؟ دست بستہ اُنﷺ کی دربانی کا نام
نعت کیا ہے؟ روضۂ اقدس پہ حیرانی کا نام

نعت ابوابِ محبت کا جلی عنوان ہے
ہم غلامانِ پیمبرﷺ کی یہی پہچان ہے

نعت کیا ہے؟ لب بہ لب طیبہ کے میخانے کا نام
نعت کیا ہے؟ آنسووں کے رقص میں آنے کا نام
نعت کیا ہے؟ لوحِ جاں پر پھول بکھرانے کا نام
نعت کیا ہے؟ اُنﷺ کی چوکھٹ پر مچل جانے کا نام

نعت کہنے کے لیے دل پاک ہونا چاہیے
غرق الفت دیدۂ نمناک ہونا چاہیے
نعت کیا ہے؟ وادیِ شعر و سخن کا افتخار
نعت کیا ہے؟ خوشبووں کا صحنِ گلشن میں نکھار
نعت کیا ہے؟ رات کے پچھلے پہر کا انکسار
نعت کیا ہے؟ اک عطائے رحمتِ پروردگار

دل کی ہر دھڑکن کہے یا مصطفیﷺ تو نعت ہو
حکم دے میرے قلم کو جب خدا تو نعت ہو

نعت کیا ہے؟ مدحتِ خیرالبشرﷺ، خیرالوریٰﷺ
نعت کیا ہے؟ دونوں عالم میں محمدﷺ کی ثنا
نعت کیا ہے؟ شہرِ جاں میں گرمیٔ صلِ علیٰ
نعت کیا ہے؟ دل کے آئینے میں عکسِ مصطفیﷺ

کیا کہوں رعنائیوں کا کون سا انداز ہے
نغمۂ عشقِ رسولِ پاکﷺ کا آغاز ہے

نعت کیا ہے؟ ہر صدی کے سر پہ دستارِ کرم
نعت کیا ہے؟ رونقِ دامانِ انوارِ حرم
نعت کیا ہے؟ آب و تابِ مصحفِ لوح و قلم
نعت کیا ہے؟ خطۂ افکار کا جاہ و حشم

شہرِ طیبہ کی گذر گاہوں میں جینا نعت ہے
جامِ حُبِّ سرورِ کونینﷺ پینا نعت ہے

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے