بھیلواڑہ راجستھان کی سرزمین پر دو روزہ حنفی سیمینار انعقاد پذیر ہے۔ جس کی پہلی نشست آج مورخہ 11 دسمبر 2021 بروز سنیچر صبح ساڑھے نو بجے سے شروع ہوئی ۔
اس نشست کی سرپرستی حضرت مولانا مفتی منظم ازہری بدایونی حنفی دار الافتاء دہلی نے فرمائی اور صدارت حضرت مفتی ازہار احمد ازہری امجدی مرکز تربیت افتا اوجھا گنج بستی نے فرمائی۔ نظامت کے فرائض حضرت علامہ مولانا تنویر رضا علیمی ازہری اشاعت الاسلام پرتاول مہراج گنج یوپی نے انجام دیئے۔
حضرت مولانا قاری بلال ازہری کی تلاوت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ تلاوت کے بعد موصوف قاری صاحب نے ہی اعلی حضرت فاضل بریلوی رضی اللہ عنہ کی لکھی ہوئی نعت رسول پیش کیا ۔
یہ عظیم الشان علمی فکری اور تحریکی سیمینار تحریک اصلاح امت مسجد نیلگران محلہ باہلہ بھیلواڑہ راجستھان کے زیر اہتمام ہو رہا ہے۔ تحریک اصلاح امت کا یہ دوسرا سیمینار ہے۔ اس تاریخی اور عہد ساز سیمینار کے روح رواں قاضی شہر بھیلواڑہ حضرت علامہ مفتی اشرف جیلانی ازہری دامت برکاتہم ہیں۔
اس نشست میں جن علمائے کرام نے اپنے مقالات پیش کئے ان کی تفصیل حسب ذیل ہے:
مفتی شہنواز عالم مصباحی ازہری مانک پور شریف پرتاپگڑھ یوپی (اصلاح معاشرہ میں اہل تصوف کا کردار ماضی اور حال کے تناظر میں)
مفتی منظم ازہری بدایونی حنفی دار الافتا دہلی (مسلم مسائل کے حل کے لئے ضلعی سطح پر دار الافتا و القضا کا قیام)
مولانا شمشاد حسین علیمی ازہری آلہ آبادی کناڈا امریکہ (دعوت و تبلیغ میں جدید ذرائع ابلاغ کا استعمال کتنا مفید کتنا مضر)
مولانا حبیب الرحمن ازہری نعمانی تنویر الاسلام امرڈوبھا یوپی
اور مولانا سلمان احمد ازہری اندور ایم پی (قوم کی شیرازہ بندی میں ائمہ مساجد کا کردار کیوں اور کیسے)
مولانا تبریز احمد ازہری اندور ایم پی (علمائے کرام کے معاشی مسائل اور ان کا حل)
مولانا فیضان احمد نعیمی جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی (مسلمانوں کی تعلیمی اور اقتصادی زبوں حالی کے اسباب اور ان کا تدارک)
پہلی نشست سوا ایک بجے حضرت مفتی ازہار احمد ازہری امجدی مرکز تربیت افتا اوجھا گنج بستی یوپی کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔
دوسری نشست
دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر سے فراغت کے بعد ڈھائی بجے سے دوسری نشست کا آغاز ہوا۔
اس نشست کی سرپرستی حضرت مفتی شریف مصباحی ازہری جامعہ اسلامیہ روناہی نے اور صدارت حضرت مولانا شمشاد حسین علیمی ازہری آبادی کناڈا امریکہ نے فرمائی۔جبکہ نظامت کی ذمہ داری حضرت مفتی شہنواز عالم صاحب نے انجام دی۔ حسب سابق قاری بلال ازہری صاحب نے تلاوت قرآن فرمائی اور وقت کی قلت کے پیش نظر فورا مقالات کی تلخیص پیش کرنے کے لئے مقالہ نگار حضرات کو یکے بعد دیگرے مدعو کیا گیا۔
اس دوسری نشست میں درج ذیل حضرات نے اپنے بیش قیمت مقالے پیش کئے۔
مولانا عمران احمد ازہری دہلی اور مفتی شریف مصباحی ازہری جامعہ اسلامیہ روناہی فیض آباد یوپی(علما اور عوام کے مابین بڑھتی دوریاں: وجوہات، نقصانات اور ان کا سد باب)
مولانا رئیس الدین ازہری بنارس (بدلتے حالات اور ہماری ذمہ داریاں)
حضرت مولانا تنویر رضا علیمی ازہری اشاعت الاسلام پرتاول مہراج گنج یوپی (ہندوستان میں بڑھتے ارتداد کے اسباب اور ان کا تدارک)
حضرت مولانا شمشاد حسین ازہری صاحب نے خطبہ صدارت پیش فرمایا اور ان کے بعد بانئ سیمینار حضرت مفتی محمد اشرف جیلانی ازہری قاضی شہر بھیلواڑہ نے مہمانوں اور مقامی نیز قرب و جوار کے علما و ائمہ کی خدمت میں کلمات تشکر و ترحیب پیش فرمایا۔ صلوة و سلام اور مولانا شمشاد حسین ازہری صاحب کی دعا پر سوا چار بجے یہ نشست بھی بحسن و خوبی انجام تک پہنچی، و للہ الحمد