مذہبی مضامین نبی کریمﷺ

میلاد یا فیسٹول؟

تحریر: محمد اسمٰعیل بدایونی

دنیا بھر میں تخریب و تعمیر کے لیے اذہان کسی ایک سمت میں کام نہیں کرتے وہ تسلسل سے کئی پلان ترتیب دیتے ہیں
ان کی یہ منصوبہ بندی جب فکری میدانوں میں گھمسان کا رن ڈالتی ہے تو اڑنے والی گردفریقین کے چہرے آلودہ کر دیتی ہے ۔۔۔۔جب یہ گھمسان کے رن ڈالنے والے عالمی وڈیرے مسلمانوں کو آپس میں خونخوار وں کی طرح لڑاتے ہیں تو فریقین میں شکست وفتح جہاں بھی ہو ان عالمی وڈیروں کے چہروں پر مسکراہٹ ہوتی ہے ۔
’’میلاد النبی ﷺ اور فکر ِ یہود‘‘ کا آپ یقینا مطالعہ کر چکے ہوں گے یقینا ً فکر یہود دم توڑ گئی لیکن سوال یہ ہے کیا اسی فکر نے آپ کی نئی نسل کے اذہان پر شب خون نہیں مارا ؟
فکرِ یہود نے جہاں ایک گروہ کو اس معاملے میں دوسرے گروہ کے مقابل کھڑا کیا تو دوسری جانب اس کی حکمتِ عملی کیا رہی ؟ یہ سوال بھی کچھ کم اہم نہیں ۔
عصر ِ حا ضر میں رائج میلاد النبی ﷺ کا طریقہ کار کس حد تک درست ہے ؟
بتائیے نا ! میرے دوستو! جس طرح آپ نے اسلاف کی روایات سے ہٹ کر میلاد منانا شروع کیا ہے آپ کو معلوم ہے کہ اس سے تو آپ سیکولر ازم کی راہ ہموار کررہے ہیں ۔۔۔۔
چونکیے نہیں !!!!!!سوچیے
آپ سوال کریں گے وہ کیسے ؟
گلی کے کونے پر ایکو ساؤنڈ پر پوری آواز کے ساتھ نعتیں چلانا کہ گھر میں موجود افراد کو قریب جا کر بھی چیخ کر بات کرنا پڑے ۔
مریض اذیت کا شکار۔۔۔۔ لوگوں کا آرام و سکون محلے کے چند بے نمازی و بے شرع لونڈے میلاد النبی ﷺ کے نام پر برباد کر دیں ۔
کیا یہ افراد آپ کے اس طرزِ عمل سے خوش ہوں گے یا نالاں ہوں گے ؟
یہ سب کچھ انہیں دین کے قریب کرے گا یا دور؟
اس دور میں جب ساری باطل قوتیں مل کر عام آدمی کو دینِ اسلام کے قریب نہیں آنے دے رہی ہیں آپ کا یہ طرزِ عمل مسلمانوں کو بھی سیکولر ازم کی جھولی میں ڈال دے گا ۔۔۔۔۔ عوام کالانعام ان خرافات کو علماء کے کھاتے میں ڈال دے گی۔۔۔۔آپ تو میلاد منا بھی نہیں رہے تھے آپ تو میلاد کے نام پر فیسٹیول منار ہے تھے ۔۔۔۔۔
شاندار چراغاں بہت اچھی بات ہے ضرور کیجیے مگر اس چراغاں کو دیکھنے مرد وزن کا ہجوم نامحرم کے نامحرم سے ٹکراتے جسم ۔۔۔۔۔
یہ سب تعلیمات ِ مصطفےٰ ﷺ کے خلاف ہے جسے ہم میلاد النبی ﷺ کے نام پر منا رہے ہیں ۔۔۔۔۔
میلادا لنبی ﷺ کے نام پر کیا یہ ہی سب کچھ ہمارے بزرگوں نے سکھایا تھا ؟
یہ کیا کھیل کھیلا دشمن نے تمہارے ساتھ؟۔۔۔۔۔تمہیں اندازہ ہے تم دین کےنام پر دین دشمنی کررہے ہو ؟
کوئی شک نہیں
نثار تیری چہل پہل پر ہزاروں عیدیں ربیع لاول
سوائے ابلیس کے جہاں میں سبھی تو خوشیاں منارہے ہیں
امام مالک کیا خوب میلاد مناتے تھے اورروز مناتے تھے مسجد نبوی ﷺمیں امام الحدیث کی مسند اور اس پر سفید چاندنی معطر فضا میں درس حدیث شروع ہوتا شرکاء محفل ادب کے ساتھ بیٹھے درس ِ حدیث سُنتے امام کو بچھو سولہ دفعہ ڈنک مارتا ہے چہرے کا رنگ تبدیل ہو جا تا ہے مگر درسِ حدیث ادبِ رسول ﷺ میں چھوڑتے نہیں ہیں ۔
آپ بھی میلاد منائیے ’’دورہ سیرت النبی ﷺ ‘‘ کا انعقاد کیجیے
میلاد منائیے جیسے صحابہ کرام نے منایا قیصر و کسریٰ کے دروازوں پر دستک دے کر کہا ایمان لےآؤ حضور ﷺ آ گئے ہیں ۔۔۔۔۔
دنیا بھر کے لوگوں کو اسلام کی دعوت دو ۔۔۔۔۔اسلام کے پیغام کو اپنے کردار سے دنیا کے سامنے پیش کرو یہ بھی میلادا لنبی ﷺ ہے ۔۔۔۔۔رسول اللہ ﷺ کے اسوہ کو اپنا کر تبلیغ ِ اسلام کے چراغ روشن کرو کہ یہ بھی میلاد النبی ﷺ ہے ۔
منائیے میلاد جیسے آئمہ مذاہب نے منایا علم دین کی لازوال خدمت کر کے ۔۔۔۔
علم کو فروغ دو ۔۔۔۔کتب کی اشاعت کرو ۔۔۔۔لائبریریز کا قیام عمل میں لاؤ ۔۔۔۔۔تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھو ۔۔۔۔۔
میلاد منائیے مجاہدین اسلام کی طرح ۔۔۔۔۔اہلِ علم کی طرح ۔۔۔۔ باطل قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ۔۔۔۔سینہ سپر ہو کر میلاد منائیے ۔۔۔۔۔۔۔
حق کہہ کر میلاد منائیے ۔۔۔۔۔حق کو قبول کر کے میلاد منائیے ۔۔۔
میلاد منائیے ضرور منائیے مگر نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے دور اور منافی ہو کر نہیں ۔۔۔۔۔
فلاح و بہبود کا کام کرکے میلاد منائیے ۔۔۔۔۔صفائی نصف ایمان ہے اپنے علاقے محلے کو صاف رکھ کر میلاد منائیے ۔۔۔۔دکھی انسانیت کے کام آ کرمیلاد منائیے ۔۔۔۔۔۔۔۔
میلاد منائیے ضرور منائیے لیکن لوگوں کو ایذاء دے کر نہیں کیوں کہ کسی مسلمان کو ایذا پہنچانے والے کے لیے سخت وعید ہے ۔۔۔۔۔
خدارا !!!! ہوش کے ناخن لو ۔۔۔۔ترجیحات کا تعین کرو۔۔۔۔میلاد مناؤ ضرور مناؤ ۔۔۔
یہ کیسے ممکن ہے کہ کوئی کلمہ بھی نبی آخر الزماں ﷺ کا پڑھے اور میلاد کی مخالفت بھی کرے ؟
ترجیحات کا تعین کرتے ہوئے میلاد النبی ﷺ منائیے تاکہ حقیقی معنی میں میلاد النبی ﷺ کے ثمرات ہمیں مل سکیں ۔
لیکن ایک مرتبہ اپنے طرزِ عمل پر نگاہ کر لو کیا یہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ہے ؟ آپ ﷺ کی تعلیم تو یہ ہے ۔
الْمُسْلِمُ مَنْ سَلِمَ الْمُسْلِمُونَ مِنْ لِسَانِهِ وَيَدِهِ
مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے مسلمان ایذاء نہ پائیں (کتاب الایمان بخاری شریف )
بچپن میں یہ شعر سُنا کرتا تھا
مناؤ جشنِ بہاراں مگر اس احتیاط کے ساتھ
کسی چراغ کی لو سے کسی کا گھر نہ جلے
بچوں کے لیے لکھی گئی دلچسپ کہانیاں ،سنہری سیرت النبی ﷺ سنہری صحاح ستہ اور سنہری فہم القرآن منگوانے کے لیے ابھی رابطہ کیجیے 03082462723 فہیم بھائی

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے