خواجہ غریب نواز منقبت

منقبت: ترے ہیں شمس و قمرتیری کہکشاں خواجہ

نتیجہ فکر: سیدشاکرحسین سیفی
صدر شعبۂ افتاء دارالعلوم محبوب سبحانی
۔۔۔۔۔۔۔ ممبئی۔۔۔۔۔۔۔۔ انڈیا
09892137196

ترے ہیں شمس و قمر تیری کہکشاں خواجہ
تو ارضِ ہند پہ رحمت کا آسماں خواجہ

ترا حصار ِ کرم ، قلعۂ ِ اماں خواجہ
اُسی چمن میں رہے میرا آشیاں خواجہ

سحاب ِ فیض ترا ، روز و شب برستا ہے
ہری بھری ہیں مرادوں کی کھیتیاں خواجہ

رواں ہے تجھ سے ہی دریائے خواجگانِ ہند
تو نور ِ عشق کا ہے بحر ِ بے کراں خواجہ

ترے عصائے کرامت سے جادوگر ہارے
یوں تیرا دستِ تصرف تھا ضوفشاں خواجہ

دلوں کے طُور ، صدا دیتے ہیں تجھے اَرِنِی
جمال ِ رخ کی ہوں نازل ، تجلّیاں خواجہ

جو شعلہ بار ہیں اسلام کے نشیمن پر
گرائے تیرا غضب اُن پہ بجلیاں خواجہ

ترے طریق پہ ہے مسلک ِ رضا ، قائم
کہ جا بجا ترے تابندہ ہیں نشاں خواجہ

تری بہار نے جس دشت کو کیا گلشن
اُجڑ نہ جائے وہ بھارت کا گلستاں خواجہ

خزاں کو لانے کی تدبیر ہو رہی یہاں
لہو لہو ہیں گلوں کی کہانیاں خواجہ

اگر تو چاہے تو آجائے انقلاب ابھی
ستمگروں کی اُلٹ جائیں کرسیاں خواجہ

جو اُڑ رہے ہیں جفا پیشہ آج کے جے پال
سروں پہ اُن کے پڑیں تیری جوتیاں خواجہ

ہماری دولت ِ ایماں ، سدا رہے محفوظ
کبھی لُٹیں نہ دلوں کی تجوریاں خواجہ

ہمیں بھی ذوق ِ طریقت سے مالامال کریں
کہ ہم بھی پہنیں تصوف کی گدڑیاں خواجہ

اگر لگاؤں شجر میں کسی وظیفے کا
معًا پھلوں سے لدیں اُس کی ڈالیاں خواجہ

اُدھر سے لے کے اِدھر بانٹتے ہیں فیض ہمیں
یہاں ہیں ہم ، تووہاں غوث ، درمیاں خواجہ

ہمارے دل ہیں تری بارگاہ میں حاضر
ہمیں نہ دور کریں گی یہ دوریاں خواجہ

تیرے جمال کا مہتاب ، چشم ِ دل دیکھے
ہٹیں نگاہ ِ تصور سے بدلیاں خواجہ

نہ غم کی دھوپ سے بے تاب ہو دلِ سیفی
ترے کرم کا رہے سر پہ سائباں خواجہ

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے