سوگوار قلم: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری
بسم اللہ الرحمن الرحیم، نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین
5/شعبان المعظم 1443ھ/9مارچ2022ءبدھ کی صبح ایک نہایت ہی روح فرسا خبر ہمارے کانوں سے اچانک ٹکرائی کہ میرے چچا زاد بھائی سید نذر حسین شاہ ہمیں داغ مفارقت دے کر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
سید نذر حسین شاہ مرحوم ہمارے خاندان کے ایک فرد فرید تھے۔ آپ ہمارے دادا کے بھائی سید لطیف شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند جلیل سید غلام شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند ارجمند تھے۔ آپ کی ایک بہن اورچار بھائی ہیں۔۔ ایک بھائی سید فقیر شاہ مفقود الخبر ہو گئے۔ ایک بہن سیدہ صغری بی بی اور ایک بھائی سید فضل حسین شاہ سفر آخرت پر روانہ ہونے میں پہل کر چکے ہیں۔ ایک بھائی سید فضل حسین عرف پیر حسین بقید حیات ہیں۔۔
سیدنذر حسین شاہ مرحوم کی ولادت 1950ء میں برھان شریف میں ہوئی۔آپ کی ساری زندگی نہایت ہی سادگی و درویشی میں گزری۔ کچھ عرصہ کاشت کاری کرتے رہے اور پھر مزدوری کرکے اپنے بچوں کی پرورش کرتے رہے۔
اپنے اجداد کی راہ ورسم منزل ہا پر نہایت سختی سے کاربند رہے۔ مجذوب زماں حضرت سید عبداللہ شاہ کاظمی بھلڑ توپی ثم کامروی رحمۃ اللہ علیہ سے ارادت وعقیدت رکھتے تھے۔ اولیاء کرام کے اعراس پر حاضری ان کا معمول تھا۔ صاف و صفا ان کا امتیازی وصف تھا۔ ہنس مکھ اور ملنسار تھے۔ یاروں کے یار اور دکھ سکھ میں غم گسار تھے۔ آپ کے دم سے ہمارے خاندان کی رونق دوبالا تھی۔ آپ گلستانِ سادات کے ایک مہکتے ہوئے پھول تھے اور خاص و عام میں مقبول تھے۔ آہ! آپ کی اچانک وفات حسرت آیات سے ہمارے خاندان پر غم والم کی ایک آندھی چل گئی ہے۔سوگواری کی فضا چل پڑی ہے ۔ ہمارا سارا خانوادہ ان کی رحلت سے اداس وافسردہ ہے ۔ ان کے چلے جانے سے ہمارے خاندان میں جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا محال نظر آتا ہے۔ آپ کے پسماندگان میں ایک بیوہ،ایک دختر اور پانچ فرزندان ہیں۔ فرزندان میں سید افتخار شاہ، سید نثار شاہ، سید مستجاب شاہ،سید احمد شاہ اور سید رحیم شاہ کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ آپ کا سب سے چھوٹا فرزند سید رحیم شاہ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نہایت سرگرم کارکن ہے۔ مقامی طور پر میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے۔۔۔
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل میرے ممدوح سید نذر حسین شاہ کی بخشش فرما کر ان کے درجات بلند فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے۔آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین
دعا گو ودعا جو
شریک غم اور پر نم
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف”
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و”ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ و سہ ماہی مجلہ”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم(انٹر نیشنل)
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(5/شعبان المعظم 1443ھ/9/مارچ 2022ء بروز بدھ بوقت 11:35دن) نوٹ: آپ کی نماز جنازہ آج شام ساڑھے پانچ بجے تاس قبرستان کی جنازہ گاہ داخلی برھان شریف میں ادا کی جائے گی۔صابر