آہ! ڈاکٹر مجید اللہ قادری کی والدہ ماجدہ بھی اس دار فانی سے کوچ کر گئیں۔۔۔

الدال علیٰ خیر کفاعلہ (شیئر کریں)

سوگوار قلم: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری

بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین


قدرت خداوندی کے تحت حیات وممات کا سلسلہ نہایت تیزی سے جاری وساری ہے۔ جو بھی اس دنیا آب و گل میں قدم رکھتا ہے وہ اپنے مقررہ وقت کے مطابق اپنے حصے کا کام کرکے یہاں سے عالم جاودانی کی جانب کوچ ضرور کرتا ہے۔ جب یہاں انسان اس دار فانی میں آتا ہے تو اس وقت اس کے عزیز واقارب کی خوشی ایک فطرتی عمل ہے لیکن انسان جب یہاں سے کوچ کرتا ہے اور سفر آخرت اختیار کرتا ہے تو اس وقت ہمارا ماحول سوگوار ہو جاتا ہے۔ یہ بھی ایک فطرتی عمل ہے ۔
ادارہ تحقیقات امام احمد رضا کراچی کے سرپرستوں میں جناب شیخ حمیداللہ حشمتی کانپوری رحمۃ اللہ علیہ کا نام نہایت نمایاں ہے۔ آپ شیر بیشۂ اہل سنت علامہ محمد حشمت علی خان لکھنؤی رحمۃ اللہ علیہ کے مرید صادق تھے۔ آپ کی اہلیہ محترمہ بھی نہایت پارسا اور متقی خاتوں تھیں۔ دونوں میاں بیوی دم آخریں تک فکر رضا کے امین رہے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں ڈاکٹر مجید اللہ قادری جیسا نیک اور صالح فرزند عطا فرمایا۔ جس نے اپنی ساری زندگی کاررضا میں گزار دی۔ انہوں نے اپنے والد گرامی کی خواہش پر اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کے” کنزالایمان فی ترجمۃ القرآن ” پر پی ایچ ڈی کا مقالہ لکھا ‌ یہی نہیں رضویات کے حوالے آپ نے بیسیوں مقالات ومضامین اور کتابیں لکھیں ۔ آپ کو نامور مشائخ عظام سے باقاعدہ اجازت و خلافت بھی حاصل ہے۔ آپ کے گھر کا ماحول ایک خانقاہ کا منظر پیش کر رہا ہے۔ اور اسے آپ نے” خانقاہ قادریہ رضویہ مجیدیہ ” کا نام دیا ہوا ہے۔ یہاں درود و سلام کی محافل ہوتی ہیں۔۔ آپ اس وقت ادارہ تحقیقات امام احمد رضا کے مرکزی صدر کے عہدے پر فائز ہیں۔ اور فروغ افکار رضا میں منہمک ہیں۔
کل شام 20/جمادی الاخری 1443ھ/24/جنوری 2022ء بروز پیر کو یہ نہایت روح فرسا خبر گردش کرتے ہوئے سامنے آئی کہ وہ عظیم ماں ہم سے رخصت ہوگئی ہے جس نے دنیائے رضویات کو مجید اللہ قادری جیسا نیک اور فعال فرزند جلیل عطا فرمایا تھا۔۔ یہ اس عظیم ماں کی تعلیم و تربیت ہی کا ثمرۂ شیریں ہے کہ ان کا بیٹا جہاد بالقلم کے محاذ پر نمایاں طور پر مصروف ہے۔ جس موضوع پر بھی قلم اٹھاتا ہے اس کا حق ادا کر دیتا ہے۔ ابھی اس نے تصنیفات رضا کا نہایت عرق ریزی سے مطالعہ کر کے ایک نہایت ایمان افروز”مجموعہ درود رضویہ” کتابی صورت میں سامنے لایا ہے۔ یقیناً یہ سب کام ایک سعادت مند بیٹے کی جانب سےاس عظیم ماں کے لئے صدقۂ جاریہ ہیں۔ ڈاکٹر مجید اللہ قادری سے راقم کے نہایت دیرینہ تعلقات ہیں، ‌2015ء میں ادارہ تحقیقات امام احمد رضا کے زیر اہتمام امام احمد رضا کانفرنس کے موقع پر جب فقیر مقالہ نگار کی حیثیت کراچی گیا۔ تو آپ نے اس ناچیز ہیچ مدان کو اپنے گھر” خانقاہ قادریہ رضویہ مجیدیہ” میں بھی آنے کی دعوت دی ۔ آپ نے نہایت پرتکلف دعوت کر ڈالی اور اپنے والدین کی داستان مہر و وفا بھی میرے سامنے رکھ دے ‌۔ آپ نے فرمایا کہ یہ جو کچھ ہوں یہ سب میرے والدین کی تعلیم و تربیت کا نتیجہ ہے۔ رضویات پر جب بھی کوئی نئی کتاب شائع ہوتی تو بلا طلب ہی میرے والدین خرید کر میرے سامنے رکھ دیتے۔۔ اللہ اللہ ایسے عظیم والدین کا سایہ جب اٹھتا ہے تو پھر یقینا اولاد کچھ عرصے تک سکتہ ہی میں چلی جاتی ہے۔۔پہلے آپ کے والد گرامی نے انہیں داغ مفارقت دیا اور اب ان کی نہایت ہی مشفق اور مہربان ماں نے بھی رخت سفر باندھ کر عالم آخرت کی راہ لی ہے۔
ڈاکٹر مجید اللہ قادری کا حلقۂ اثر بہت وسیع ہے جہاں جہاں بھی آپ کی والدہ ماجدہ کی وفات حسرت آیات کی خبر وحشت اثر پہنچی ہے وہاں کا ماحول سوگوار ہو کر رہ گیا ہے۔ بے اختیار ان کی مغفرت کے لیے ہاتھ اٹھ گئے ہیں۔
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل ہمارے ممدوح کی والدہ ماجدہ کی مغفرت فرما کر ان کے درجات بلند سے بلند تر فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے اور ہم سب کا بھی خاتمہ بالخیر فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔۔


شریک غم اور پر نم
دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف”
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و”ہماری آواز” مدیر اعلیٰ الحقیقہ
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 53710(21/جمادی الاخری 1443ھ/25/جنوری 2022ء ، بروز منگل بوقت 3:51 قریب العصر)

الدال علیٰ خیر کفاعلہ (شیئر کریں)

About ہماری آواز

ہماری آواز ایک غیر جانب دار نیوز ویب سائٹ ہے جس پر آپ سچی خبروں کے ساتھ ساتھ مذہبی، ملی،قومی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین اور شعر وشاعری پڑھ سکتے ہیں۔ یہی نہیں آپ خود بھی ہمیں اپنے پاس پڑوس کی خبریں اور مضامین وغیرہ بھیج سکتے ہیں۔

Check Also

کیا خبر تھی کہ یہ آخری ملاقات ہوگی

کل مورخہ 23 مئی صبح تقریباً 8 بجے جوگیا اودے پور ضلع سدھارتھ نگر میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔