سیاست و حالات حاضرہ

بلڈوزر چلانا غلط نہیں ہے، طریقہ غیر آئینی ہے

ازقلم: نعیم الدین فیضی برکاتی
اعزازی ایڈیٹر: ہماری آواز
رانی پور،پورندرپور مہراج گنج یوپی


         دوبارہ وزیر اعلی بننے کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ یوگی جی نے اپنا نام بدل کر’ بلڈوزر بابا’رکھ لیا ہے۔اب’ یوگی بابا’ کم بلڈوزر بابا زیادہ سننےاوردیکھنے کو مل رہا ہے۔دیکھتے ہی دیکھتےتھوڑی ہی دنوں میں یہ ماڈل پڑوسی صوبہ مدھیہ پردیش پہنچ گیا۔اتفاق سے وہاں بھی اگلے سال الیکشن ہے۔فورا بغیر کسی تاخیر کے وہاں کے موجودہ جگاڑو اور چالو وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھی اپنا نام تبدیل کرلیا۔اب انہوں نے اپنانیا نام ‘بلڈوزر ماما’ رکھا ہے۔گذشہ کچھ سالوں سے یوپی میں جس طرح بلڈوزر بابا نے الیکشن کی راہ ہموار کرنے کے لیے بغیر رکے تھکےبلڈوزر کا جائز اور ناجائز دونوں استعمال کیا ہے۔ٹھیک اسی طرح قانون وآئین کی پرواہ کیے بغیر ایم پی میں بھی بلڈوزر تیز ترار سرپٹ دوڑ رہا ہے۔فرق صرف اتنا ہے کہ یوپی میں بلڈوزر بھومافیاوُں اور باثر مسلم لیڈروں کواکثر پریشان کرنے کے لیے چلایا جاتا رہا ہے مگر ایم پی میں بلڈوزر کا استعمال بے قصور مظلوم افراد کے گھروں پر چلایا جارہا ہے۔افسوس کی بات یہ ہے کہ بلڈوزر چلوانے والوں کو حکومت کے نشے میں عدلیہ اور مقننہ کا ذرا بھی خیال نہیں آرہا ہے ۔لگتا ہےاب بلڈوزر کورٹ ہے اور ماما جج ہیں۔وزیر اعلی کا فرمان بھی ہے کہ اب جوشرانگیزی کرےگا بلڈوزر اور ماما فورا اس کو سزا دیں گے اور گھروں کو تہس نہس کردیں گے۔سچ میں ہمارا ملک بدل گیا۔عدلیہ بھی اپنے حق اور وجود کی لڑائی لڑنے میں بے بس نظر آرہا ہے۔سارے آئینی ادارے اور کارندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور اپنی بربادی اور زبوں حالی کا نظارہ کر رہے ہیں۔کیا یہی ہے انصاف کے مندر کی بالا دستی اور جمہوریت کا تحفظ؟صاحبو! آپ کےہاتھوں میں ہم نے ملک اوراپنے آپ کو دیا ہے اور آپ ہیں کہ سب کچھ بھول کر مصلحت پسندی اور موقع پرستی کی راہ پر چل پڑے ہیں ۔جس دستور نے آپ سب کو کرسی دی،عہدہ دیا ،عزت اور طاقت دی آج اسی کی ساکھ داوُ پر ہے اور سارے لوگ مفاد پرستی کاکائرانہ مظاہرہ کر رہے ہیں۔غریبوں کی آہ نہ لیجیے۔ان کے گھروں پر بلڈوزر مت چلائیے ۔چلانا ہے تونفرت اور تشدد ،فتنہ وفساد کے کوٹھوں اور اڈوں پر چلائیے۔ اب بھی وقت گیا نہیں ہے۔ سوچیے سمجھیے اور یاد کیجیے اپنے اس عہد کو جو آپ نے حلف لیتے وقت یہاں کے باشندوں سے کیا تھا۔بلڈوزر چلانا غلط نہیں ہے ۔طریقہ غیر آئینی ہے۔اپنے فائدہ اور انا کی خاطر بے قصورغریبوں کے گھروں اوران کے مستقبل کو برباد مت کیجیے۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!