ازقلم: محمد مزمل حسین
ساکن ڈھکیاجولی، ضلع سنیت پور آسام
متعلم دارالعلوم علیمیہ جمداشاہی ضلع بستی یوپی
آج مورخہ ۲۰/۰۵/۲۰۲۲ کو مادر علمی دارالعلوم علیمیہ جمداشاہی بستی یوپی کے امتحان داخلہ 2022 اعدادیہ اولیٰ،اور ثانیہ کا رزلٹ برآمد ہوا۔ جس میں ملک کے مختلف خطوں کے طلبا کامیاب ہوئے۔ لیکن ان کامیاب طالب علموں کے ہجوم میں میرا اپنا صوبہ آسام کا کوئی طالب علم دور دور تک نظر نہیں آیا۔
حیراں ہوں دل کو روؤں کہ پٹوں جگر کو میں
مقدور ہو تو ساتھ رکھوں نوحہ گر کو میں
آخر ایسا کیوں؟
جہاں تک میرا علم ہے کہ آسام کے اکثر اداروں میں بہترین تعلیم کا ماحول اور ایسے ماہر و باصلاحیت اساتذہ نہیں ہیں جو طلبہ کو بہترین تعلیم دے سکیں۔ اگر طلبہ کو اچھی تعلیم دیتے تو یہ دن دکھنا نہیں پڑتا۔ آسام کے اکثر اداروں میں بچے جب داخلہ لیتے ہیں تو انہیں عمدہ تعلیم و تربیت کی بجائے ختم قرآن خوانی، دعوت، جلسہ و جلوس اور پروگرام میں بھیج کر ان کی صلاحیت کو مفلوج کر دیا جاتا ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ طلبا کو مطلقاً قرآن خوانی میں نہ بھیجیں۔ لیکن اولیت اعلیٰ اور عمدہ تعلیم و تربیت کو ہی دیں۔ باقی چیزیں ضمنی رکھیں تاکہ طلبا کا تعلیمی نقصان نہ ہو اور ادارے سے عوام بھی جڑے رہیں۔ لیکن دیکھا یہ جاتا ہے کہ اپنی جیب گرم کرنے کے لیے طلبا کو حصول تعلیم سے دور کیا جاتا ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جب طلبا یوپی آتے ہیں تو جماعت رابعہ کے طلبا’ بڑے ادارے مثلاً الجامعۃالاشرفیہ، الجامعۃ العلیمیۃ، الجامعۃالامجدیہ اور الجامعۃ الرضا جیسے اداروں میں اعدادیہ کے لائق بھی نہیں ہو پاتے (الا ماشااللہ)۔ پھر وہ طلبہ ہوش میں آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نے تو آسام میں پانچ چھ سال تعلیم حاصل کی اور ہمیں اردو بھی نہیں آتی تو ہمارا داخلہ کیسے ہوگا۔ وہ طلبا یو پی میں مارے مارے پھرتے ہیں اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہوتا۔ پھروہ ان مولویوں کونازیبا کلمات کہنے لگتے ہیں۔ جنہوں نے اپنے مفاد کے لیے انہیں استعمال کیا۔
خدارا دینی خدمات کے نام پر طلبا کا استحصال نہ کریں۔
کیا آپ نہیں جانتے کہ رزق دینے والا اللہ ہی ہے۔
التماس ہےکہ طلبہ کے لیے اچھی تعلیم اور باصلاحیت اساتذہ کا انتطام کیا جائے اور اردو زبان بولنا، اردوتحریر و املا پر بھی دھیان دیا جائے۔ ہمارے جو طلبا پڑھنا چاہتے ہیں انہیں اچھی تعلیم دی جائے۔ یاد رہے یہ طلبا ہی ملک و ملت کے مستقبل ہیں۔
کام کرتے رہیں نام ہوہی جائے گا
نوٹ : ثالثہ تا فضیلت کا داخلہ ٹسٹ 25 مئی کو ہوگا۔