ذی الحجہ فقہ و فتاویٰ

بقرہ عید کا چاند نظر آنے کے بعد بال یا ناخن تراشنے کا مسئلہ

ازقلم: محمد حسن فيضی
خادم: جامعہ سبحانیہ ام الخیر نسواں کالج ٹکوئیاں چوراہا کھنیاؤں سدھارتھ نگر

جب ذوالحجۃ کا چاند دیکھ لو تو بال،ناخون وغیرہ ترشوانے سے رک جاؤ کہ حدیث پاک میں اس سے منع کیا گیا ہے
عن ام سلمة ان النبي ﷺ قال اذا رايتم هلال ذي الحجة و اراد احدكم ان يضحي فليمسك عن شعره و اظفاره. (مسلم شريف جلد دوم صفحه 160 ، كتاب الاضاحي)
حضرت ام سلمہ رضی الله عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جب تم بقرعید کا چاند دیکھو اور تم میں کا کوئی قربانی کرنا چاہے تو اس کو چاہئے کہ بال منڈوانے، ترشوانے سے اور ناخون کٹوانے سے رکا رہے۔
جس کو قربانی کرنی ہو حدیث پاک میں اسے ذوالحجۃ کا چاند طلوع ہونے کے بعد سے قربانی تک اپنے بال اور ناخون کاٹنے سے منع فرمایا گیا ہے لیکن یہ حکم وجوبی نہیں استحبابی ہے یعنی اس پر عمل کرنا بہتر ہے لہذا اگر کسی نے بال ناخون کاٹ لئے تو گنہگار نہیں۔
( بہار شریعت حصہ چہارم صفحہ 784 عیدین کا بیان )
نیز جن حضرات کو قربانی کی استطاعت نہ ہو اگر وہ بھی ان چیزوں سے رکے رہیں تو ثواب کے حقدار ہونگے ان شاء الله چنانچہ سنن ابوداؤد و نسائي میں حضرت عبدالله ابن عمرو ابن عاص رضي الله عنه سے مروی ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا امرت بيوم الاضحي عيدا، جعله الله عز و جل لهذه الامة، الرجل : ارايت ان لم اجد منيحة انثي، افاضحي بها ؟ قال لا، لكن تاخذ من شارك و تقلم اظمارك و تقص شاربك و تحلق عانتك، فذالك تمام اضحيك عند الله عز وجل. (سنن نسائی کتاب الضحایا باب من لم یجد الاضحیة جلد دوم صفحه 201 مطبوعه لاهور ) ترجمہ مجھے یوم اضحی کا حکم دیا گیا، اس دن کو الله عزوجل نے اس امت کے لئے عید بنایا، ایک شخص نے عرض کی یا رسول الله ﷺ: اگر میرے پاس منیحہ ( ادھار لئے گئے جانور ) کے سوا کوئی جانور نہ ہو تو کیا اس کی قربانی کر دوں ؟ فرمایا نہیں ، ہاں تم اپنے بال، ناخن اور مونچھیں تراشو اور موئے زیر ناف مونڈھ لو، اس میں تمہاری قربانی الله عزوجل کے ہاں پوری ہو جائے گی۔ اسی طرح مراة المناجيح میں ہے: جو قربانی نہ کر سکے وہ بھی اس عشرہ میں حجامت نہ کرائے، بقرعید کے دن بعدِ نماز حجامت کرائے، تو ان شاء الله ثواب پائےگا جیسا کی بعض روایت میں ہے۔
( مراۃ المناجیح جلد دوم صفحہ 370 نعیمی کتب خانہ گجرات)
مزید صدر الشرعیہ علیہ الرحمہ مذکورہ حدیث پاک ذکر کر نے کے بعد فرماتے ہیں: یعنی جس کو قربانی کی توفیق نہ ہو اسے ان چیزوں کے کرنے سے قربانی کا ثواب حاصل ہو جائے گا۔ ( بہار شریعت، حصہ 15، صفحہ 330، مکتبۃ المدینہ کراچی)

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے