ایڈیٹر کے قلم سے تاریخ کے دریچوں سے مذہبی مضامین

اپریل فول ڈے: ہم اپنی ہی بربادی پہ جشن منانے لگے

ایڈیٹر کے قلم سے

آج اپریل کی پہلی تاریخ ہے۔ عالمی پیمانے پر اپریل فول ڈے کے نام سے موسوم اس دن پوری دنیا کذب بیانی اور دھوکہ دہی کرکے لوگوں کو بے وقوف بناتی ہے، حد تو یہ ہے کہ قوم مسلم جس کے لیے قرآن وحدیث ہی مدار نجات ہے اور اسی قرآن نے جھوٹ بولنے والوں کے گلے میں لعنة اللہ علی الکاذبین کا طوق ڈالا ہے اور اسی حدیث نے ان الکذب یہدی الی الفجور وان الفجور یہدی الی النار کی مار سے کاذبین کو آگ کی ایندھن قرار دیا ہے۔ وہ قوم بھی اس دن یہ قبیح وشنیع فعل انجام دیتے ہوئے نظر آتی ہے۔ مغربی وتہذیب وثقافت کی دلدادہ بنتی جارہی اس قوم کو شاید اپریل فول ڈے نامی اس کالے اور سیاہ دن کا تاریخی پس منظر بھی معلوم نہیں۔ تاریخ کی ورق گردانی کی جائے تو یہ دن اسپینی مسلمانوں کے خون سے رنگا ہوا ہے کہ جب اسپین میں مسلمانوں کا زوال ہوا اور عیسائی بادشاہ فرڈینینڈ کرسی اقتدار پہ بیٹھا تو اس نے مسلمانوں پر ظلم وستم کے وہ پہاڑ توڑے جنہیں بیان کرتے کلیجہ منہ کو آتا ہے، جنہیں قلم زد کیا جائے تو روشنائی خون سے بدلتی ہوئی نظر آئے گی؛ تبدیلی مذہب پر مجبور کرنا، جبرا ٹیکس وصولنا،  ان سے اسلام کی شبیہ مٹانا اور مسلمان مردوں کا قتل، ان کی عورتوں سے بدتمیزی، ان کے بچوں کو مدارس میں جبراً بائیبل کی تعلیم دینا ان عیسائیوں کا بہترین مشغلہ سا بن گیا تھا، گویا مسلمان ان کے لیے ایک کھلونا بن گیا تھا جس سے وہ لوگ اپنا دل بہلاتے تھے پھر جب اس کھلونے سے دل بھر گیا تو انہوں نے ایک چال چلی اور پورے اسپین میں اعلان کروادیا کہ مسلمانوں کو پوری حفاظت کے ساتھ افریقہ بھیجا جائے گا اس لیے سبھی مسلمان بندرگاہ پر اکٹھے ہوجائیں، ظلم وستم کے مارے ان مسلمانوں کے لیے یہ کسی خوش خبری سے کم نہ تھا اس لیے وہ لوگ بندرگاہ پر جمع ہوگئے، انہیں یہ کہہ کر جہازوں میں سوار کردیا گیا کہ یہ جہاز افریقہ جائیں گے مگر جب کشتیاں بیچ سمندر میں پہونچیں تو منصوبہ بندی کے تحت ان جہازوں کو غرقاب کردیا گیا اور ہزاروں مسلمان جاں بق ہوگئے۔ مسلمانوں کے ساتھ کئے گئے اس ناروا سلوک، زیادتی، بدتمیزی، دھوکہ دہی، اور ظلم عظیم پر ان عیسائیوں نے اس دن خوب جشن منایا کہ آج اسپین سے مسلمانوں کا خاتمہ ہوگیا، یہ اپریل کی پہلی تاریخ تھی جسے بعد میں عیسائیوں نے پوری دنیا کے سامنے اپریل فول ڈے بنا کر پیش کیا اور آج پوری دنیا مسلمانوں کی لاشوں پر تعمیر اس دن دوسروں کو بے وقوف بنا کر خوش ہوتی ہے۔ کافروں کی اسلام ومسلمین دشمنی تو جگ ظاہر ہے مگر المیہ تو یہ ہے کہ خود مسلمان ہی اپنی قوم کی بربادی پر جشن منانے لگا۔ اس کی خاص وجہ ہماری قوم کی تعلیم سے دوری اور تاریخ سے ناآگاہی ہے لہذا ضرورت ہے کہ ہم تاریخ کا مطالعہ کریں یا تارخی گفتگو سنیں تاکہ ہمیں تاریخ معلوم ہوسکے اور ہم اس طرح کے دھوکوں سے محفوظ رہ سکیں۔

اپریل فول ڈے: ہم اپنی ہی بربادی پہ جشن منانے لگے” پر 0 تبصرے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے