گوشہ خواتین مذہبی مضامین

ایسے ہوتی ہے تقدس کی تحفظ

آج امام اہل سنت رحمة الله عليه کے فتاویٰ کو پڑھ کر اپنے قلوب و اذہان کو جلا بخش رہی تھی اور فرحت و انبسط میں جھوم ہی رہی تھی کہ ایک ایسے مسئلے پر نظر پڑتی ہے جسے پڑھ کر یہ احساس ہوا کہ اس دور میں اپنے اور غیر سب کو ایسی چشم کشا تحریروں کو پڑھتے رہنے کی ضرورت ہے تاکہ………. اسلاف کرام کی عزت و عظمت پر اٹھنے والی انگلیوں کے بازوؤں کو گرایا جائے اور ساتھ ہی اپنے لوگوں کے کاموں اور باتوں میں مثبت اور صحیح پہلو جو اگر چہ بظاہر نظر نہ آتے ہوں لیکن اسے تلاش کر کے اس پر نظر رکھی جائے؛

تو آئیے! بلا تاخیر امام کی چشم کشا تحریر پڑھتے ہیں جو آپ نے سلطان الطائفہ حضرت بایزید بسطامی – رحمة الله عليه – کے ایک جملے کی وضاحت میں ہے؛ آپ – رحمة الله عليه – لکھتے ہیں :

حضرت بایزید بسطامی رضی اللہ تعالی عنہ نے جو یہ فرمایا کہ:
لوائی ارفع من لواء محمد. (رسول ﷲ صلی ﷲ تعالٰی وسلم) (تذکرۃ الاولیاء، باب ۱۴ ذکر بایزید بسطامی، مطبع اسلامیہ اسٹیم پریس لاہورص۱۱۲)
ترجمہ : میرا جھنڈا حضوراکرم (صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم) کے جھنڈے سے بلند ہوگا۔
اسے اس کا یعنی زید کا نالائق حرکت کہنا صوفیاء صافی اور عارف بسطامی رضی اللہ تعالٰی عنہ کی شان میں سخت گستاخی اور سفلہ پن ہے۔ نہ اس سے مساوات کی بوآتی ہے، اور نہ فضیلت ہی استغفراللہ پائی جاتی ہے؛
معاذاللہ حضور اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم سے ارفعیت کا ادعا نسبت کرنا محض افتراء (الزام تراشی) اور کج فہمی ہے حاشا کوئی ولی کیسے ہی مرتبہ عظیمہ پر ہو سرکار کے دائرہ غلامی سے باہر قدم نہیں رکھ سکتا، اکابر انبیاء تو دعوٰی مساوات کر نہیں کر سکتے، شیخ الانبیاء خلیل کبریا (حضرت ابراہیم) علیہ الصلوٰۃ والثناء نے شب معراج حضور اقدس صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کا خطبہ فضائل سن کر تمام انبیاء ومرسلین علیہم الصلوٰہ والتسلیم سے فرمایا:
بھذا فضلکم محمد صلی ﷲ تعالٰی علیہ وسلم. (حدیث قدسی)
ان وجوہ سے محمد صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم تم سب سے افضل ہوئے۔
ولی کس منہ سے دعوی ارفعیت کرے گا، او رجوکرے گا حاشا ولی نہ ہوگا شیطان ہوگا، حضرت سیدنا بایزید بسطامی اور ان کے امثال ونظائر رضی اللہ تعالٰی عنہم وقت ورود تجلی خاص شجرہ موسی ہوتے ہیں سیدنا موسٰی کلیم اللہ علیہ الصلوٰۃ والتسلیم کو درخت میں سے سنائی دیا:
یموسٰی انی انا ﷲ رب العالمین. (القرآن الکریم، ۲۸/ ۳۰)
ترجمہ : اے موسٰی! بیشک میں اللہ ہوں رب سارے جہاں کا،
کیا یہ ہر پیڑ نے کہا تھا حاشا ﷲ بلکہ واحد قہار نے جس نے درخت پر تجلی فرمائی اور وہ بات درخت سے سننے میں آئی کیا رب العزت ایک درخت پرتجلی فرماسکتاہے اوراپنے محبوب بایزید پر نہیں؟ نہیں نہیں وہ ضرور تجلی ربانی تھی کلام بایزید کی زبان سے سنا جاتا تھا، جیسے درخت سے سناگیا اور متکلم اللہ عزوجل تھا اسی نے وہاں فرمایا:
یموسٰی انی انا ﷲ رب العالمین (ایضا)
ترجمہ : اے موسٰی! میں اللہ ہوں رب سارے جہاں کا۔
اسی نے یہاں بھی فرمایا:
سبحانی مااعظم شانی. (تذکرۃ الاولیاء باب ۱۴ ذکر بایزید بسطامی، مطبع اسلامیہ اسٹیم پریس لاہور، ص۱۱۲)
ترجمہ : میں پاک ہوں اور میری شان بلند ہے۔
اور ثابت ہو تویہ بھی کہ؛
لوائی ارفع من لواء محمد صلی ﷲ تعالٰی علیہ وسلم (تذکرۃ الاولیاء، باب ۱۴ ذکر بایزید بسطامی، مطبع اسلامیہ اسٹیم پریس لاہور، ص۸۹، ۱۱۲)
ترجمہ : میرا جھنڈا محمد صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کے جھنڈے سے بلند ہے۔
بیشک لواء الہٰی لواء محمدی سے ارفع واعلٰی ہے،

حضرت مولوی قدس سرہ المعنوی نے مثنوی شریف میں اس مقام کی خوب تفصیل فرمائی ہے اور تسلط جن سے اس کی توضیح کی ہے کہ انسان پر ایک جن مسلط ہوکر اس کی زبان سے کلام کرے اور رب عزوجل اس پر قادر نہیں کہ اپنے بندے پر تجلی فرماکر کلام فرمائے جو اس کی زبان سے سننے میں آئے بلاشبہہ اللہ قادرہے او رمعترض کا اعتراض باطل، اس کا فیصلہ خود حضرت بایزید بسطامی رضی اللہ تعالٰی عنہ کے زمانہ میں ہوچکا ظاہر بینوں بے خبروں نے ان سے شکایت کی کہ آپ سبحانی مااعظم شانی کہا کرتے ہیں، فرمایا: حاشا میں نہیں کہتا کہا آپ ضرور کہتے ہیں ہم سب سنتے ہیں فرمایا: جو ایسا کہے واجب القتل ہے میں بخوشی تمھیں اجازت دیتاہوں جب مجھے ایساکہتے سنو بے دریغ خنجر ماردو، وہ سب خنجر لے کر منتظر وقت رہے یہاں تک کہ حضرت پر تجلی وارد ہوئی اوروہی سننے میں آیا سبحانی مااعظم شامی مجھے سب عیبوں سے پاکی ہے میری شان کیا ہی بڑی ہے، وہ لوگ چار طرف سے خنجر لے کر دوڑے اور حضرت پر وار کئے جس نے جس جگہ خنجر ماراتھا خود اس کے اسی جگہ لگااور حضرت پر خط بھی نہ آیا، جب افاقہ ہوا دیکھا لوگ زخمی پڑے ہیں، فرمایا: میں نہ کہتاتھا کہ میں نہیں کہتا وہ فرماتا ہے جسے فرمانا بجا، واللہ اعلم
(فتاویٰ رضویہ؛ کتاب السیر، ج١٤،ص 663_668، موبائل ایپ)

ترتیب جدید: بنت مفتی عبد المالک مصباحی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے