منقبت در شان فاتح ہندوستان امام الاولیاء مجاہد اعظم امام المجاہدین مبلغ اعظم ہندوستان سلطان الشہدا فی الہند سید سالار سرکار مسعود غازی رضی اللہ تعالٰی عنہ
نتیجہ فکر: برکت اللہ فیضی، گونڈہ
عاشق محبوب داور سید سالار ہیں
شیر حق مرد قلندر سید سالار ہیں
سلسلہ ھے آپ کا شاہ امم کی ذات سے
بالیقین اولاد حیدر سید سالار ہیں
کمسنی میں آپ نے جام شہادت پی لیا
اسوہ سبط پیمبر سید سالار ہیں
ملک ہندوستان میں فضل خدا سے دوستو
دین حق کے خاص رہبر سید سالار ہیں
مٹ گئیں تاریکیاں دل جگمگا اٹھے یہاں
اس قدر ماہ منور سید سالار ہیں
جس میں ایمانی سماعت ہو وہ سن لے آج بھی
پڑھ رھے ہیں اللہ اکبر سید سالار ہیں
ہوتے ہی اچھا جذامی جھوم کر کہنے لگا
حضرت عیسی کا مظہر سید سالار ہیں
برکت پر نظر کرم ہو یا میرے غازی پیا
آپ ہی تو میرے رہبر سید سالار ہیں