Uncategorized

نعت رسول: واہ واہ

نتیجۂ فکر: اشرف رضا قادری، چھتیس گڑھ

کلکِ قدرت نے تری صورت سنواری واہ واہ
تیری سیرت کے محل کی پائداری واہ واہ

مصطفیٰ کے وصف کی سرسبز کیاری واہ واہ
باغِ فن میں نعت کی بادِ بہاری واہ واہ

جامعِ جملہ محاسن ، حاملِ فضل و کمال
ہو رہی ہے ساری دنیا میں تمہاری ” واہ واہ "

زہد کی تعلیم تجھ سے لیتے ہیں کُل اتقیاء
منبعِ تقویٰ تری پرہیز گاری واہ واہ

ہر گھڑی صلِّ علیٰ صلِّ علیٰ کے ورد سے
میرے خستہ حال دل کی سازگاری واہ واہ

رنج و غم میں جب کہا ہم نے اغثنی یا رسول
لگ گئی ساحل سے پھر کشتی ہماری واہ واہ

اپنے الطافِ کریمانہ سے اے جانِ مسیح
دور کر دی تو نے میری نابکاری واہ واہ

محفلِ قصرِ دنیٰ میں جو ہوئی تھی گفتگو
خاص تھی وہ گفتگوئے راز داری واہ واہ

پل رہے ہیں تیرے ٹکڑوں پر سگانِ نامراد
بھر رہے ہیں جھولیاں در سے بھکاری واہ واہ

دعوت و تبلیغ سے پیدا کیا اک انقلاب
زندگی رب کی اطاعت میں گذاری واہ واہ

نعت گوئی ، مدح خوانی کی بدولت آپ نے
زندگی اشرف رضا کی ہے سنواری واہ واہ

ہماری آواز

ہماری آواز ایک غیر جانب دار نیوز ویب سائٹ ہے جس پر آپ سچی خبروں کے ساتھ ساتھ مذہبی، ملی،قومی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین اور شعر وشاعری پڑھ سکتے ہیں۔ یہی نہیں آپ خود بھی ہمیں اپنے پاس پڑوس کی خبریں اور مضامین وغیرہ بھیج سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین و خبریں

جواب دیں

Back to top button