رشحات قلم : محمد نفیس مصباحی بلرام پوری
سب سے اعلیٰ ہے تری شان مدینے والے
تو ہی ہے خلق کا سلطان مدینے والے
شان والے ہیں رسل اور فرشتے لیکن
کوئی تجھ سا نہیں ذیشان مدینے والے
وہ کبھی ہو ہی نہیں سکتاہے مومن ہرگز
جو نہ مانے ترا فرمان مدینے والے
وصل مولیٰ کی ملے گی اسے دولت کیسے
جس کو تیرا نہیں عرفان مدینے والے
تاجداران زمانہ کے سرِ رفعت کا
تاجِ سر ہے ترا دربان مدینے والے
ہر دلِ مومنِ شیدا کی تمنّا ہے یہی
ایک دن تو بنے مہمان مدینے والے
عرض کرتا ہے نفیس آپ سے بن کر ساٸل
میری بخشش کا ہو سامان مدینے والے