تحریر : عبد الرشید امجدی دیناجپوری
ماہِ ذی الحجہ اسلامی سال کا سب سے آخری مہینہ ہے اور قرآنِ پاک میں جن چار مہینوں کے حرمت والے ہونے کا تذکرہ ہے، ان میں سے ایک ذی الحجہ بھی ہے۔ قرآنِ مقدس میں اللہ عزوجل نے ارشاد فرمایا:بے شک مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک بارہ مہینے ہیں اللہ کی کتاب میں جب سے اس نے آسمان و زمین بنائے ، ان میں چار حرمت والے ہیں ۔
(پ۱۰، سورۂ توبہ آیت : ۳۶ )
حضرت ابوھریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : کہ کسی اور دن میں عبادت کرنے کا ثواب نہیں جو ذی الحجہ کے پہلے دس دن کے روزوں کا ہے _ اس عشرہ میں ایک روزہ رکھنے والے کو سال بھر روزوں کا ثواب ملتا ہے ایک رات کے قیام کا سال بھر کے قیام کے برا بر ثواب ملتا ہے
حضرت سعید بن جبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے چار چیزوں کو کبھی ترک نہیں فرمایا : عشرہ ذوالحجہ کے روزے ؛ عاشورہ کے روزے ؛ ہر ماہ کے تین روزے یعنی ایام بیض 13-14- 15-کے فجر کے فرائض سے قبل دو رکعت سنت نماز
فضائل یوم عرفہ…
9/ ذی الحجہ کو یوم عرفہ کہتے ہیں! حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم سے کسی نے دریافت کیا کہ یوم عرفہ کے دن کا روزہ کیسا ہے ؟ (یعنی اس کا ثواب کیا ہے ؟) ارشاد گرامی ہوا کہ عرفہ کا روزہ رکھنے سے ایک سال پہلے اور ایک سال آئندہ کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں (مسلم شریف)
ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ نبئ رحمت صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم کا فرمان عالی شان ہے کہ عرفہ کا روزہ ایک ہزار دن کے روزوں کے برابر ہے (طبرانی بیہقی)
عشرہ ذوالحجہ کا ثواب
جو شخص عشرہ ذوالحجہ کی بزرگی کے باعث ان کی عزت کرے اسے اللہ تعالٰی کی طرف سے دس اجر دیئے جاتے ہیں 1 اس کی عمر اور مال میں برکت ہوتی ہے اس کے اہل و عیال اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں آ جاتے ہیں اس کی برائیوں کا کفارہ ادا ہوتا ہے نیکیاں دو گنی کردی جاتی ہیں اس پر موت کی سختی آسان اور قبر روشن کر دی جاتی ہے بروز حشر اسکی نیکیوں کے پلڑے کو بھاری کر دیا جاتا ہے دوزخ سے نجات ؛ بہشت عطا ہوتی ہے عشرہ ذوالحجہ میں صدقہ یعنی غریبوں کو مال دے کر ان کی مدد کرنے کا ثواب ایسا ہوگا جیسے وہ سب انبیاء و رسل کو صدقہ دیا ان دنوں میں کسی کی مزاج پرسی کرے تو گویا اس نے خدا کے مقبول دوستوں اور اولیاء اللہ کی بیمار پرسی کی اور کسی جنازے میں شرکت شہداء کے جنازے میں شرکت کے برابر ہے جو ان دنوں میں کسی محتاج کو کپڑا دے اسے جنتی لباس عنایت کیا جائے گا جو کسی یتیم کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا اللہ تعالیٰ اسے اپنے عرش کا سایہ میں جگہ دے گا اس عشرہ ذوالحجہ میں جو کوئی کسی علمی اور دینی محفل میں جائے گا وہ گویا نبیوں اور رسولوں کی محفل میں گیا