تنقید و تبصرہ

نگارشات شمسی۔۔۔ اسلاف شناسی کی ایک عمدہ مثال

اثر خامہ: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری


بسم اللہ الرحمن الرحیم، نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین
محبی مخلصی مولانا کلام احمد ازھر القادری صاحب زید مجدہ جذبۂ اسلاف شناسی سے سرشار ہیں۔ آپ ہمیشہ اپنے اکابرین کی حیات وخدمات اور ان کی نگارشات کو صفحۂ قرطاس پر محفوظ کرنے میں منہمک نظر آئے۔ اس پر آپ کے بیسیوں مقالات ومضامین اور کتابیں شاھد و ناطق ہیں۔
اب آپ نے شمس الاساتذہ علامۃ الدھر مفتی زین العابدین شمسی رضوی رحمتہ اللہ علیہ (پ:1364ھ/1945ء۔۔۔۔۔۔۔۔م:1439ھ/2018ء) کی مختلف بکھری ہوئی تحریروں کو سلک مروارید کی طرح یکجا فرما کر”نگارشات شمسی” کے نام سے باذوق قارئین کی ضیافت طبع کے لئے پیش فرمایا ہے۔ یہ بھی اسلاف شناسی کی نہایت عمدہ مثال ہے۔ اس کا انتساب شمس العلماء علامہ مفتی قاضی شمس الدین احمد جعفری رضوی رحمتہ اللہ علیہ کے نام کیا ہے۔
کتاب کا ابتدائیہ علامہ الحاج مفتی ریاض حیدر حنفی صاحب زید مجدہ نے لکھ کر اس کی اہمیت وافادیت کو دو چند فرما دیا ہے۔
"عرض مرتب” کے عنوان سے فاضل مرتب نگار نے کتب مرتب کرنے کی غرض و غایت سے پردہ اٹھایا ہے۔
"صاحب تحریر۔۔ مختصر تعارف” میں صاحب نگارشات شمس الاساتذہ رحمۃ اللہ علیہ کا مختصر مگر جامع تعارف کچھ ایسے انداز میں پیش فرمایا ہے کہ گویا کوزے میں دریا کو ان کر دیا گیا ہو۔
"مضامین ومقالات” کے باب میں آپ کی کل اٹھارہ نگارشات پیش کی گئی ہیں جن میں مختلف کتابوں پر آپ کی تقدیمات اور مختلف مواقع پر آپ کے گراں قدرتاثرات و جذبات شامل ہیں۔
ماشاءاللہ، مولانا ازھرالقادری صاحب نے جامعہ اہل سنت امداد العلوم مٹہنا، کھنڈ سری، سدھارتھ نگر، یوپی ( انڈیا) کے سابق صدر المدرسین شمس الاساتذہ علامہ الحاج مفتی زین العابدین شمسی رضوی رحمتہ اللہ علیہ جیسی ہمہ گیر اور جامع الصفات شخصیت کے بکھرے ہوئے مضامین ومقالات اور دیگر تحریرات کو "نگارشات شمسی” میں ایسے جمع فرمایا ہے کہ ہمیں یہ”گلستانِ شمسی” نظر آتا ہے جس میں گلہائے رنگا رنگ کھلے ہوئے ہیں اور رنگ رنگ کے بیل بوٹے اگے ہوئے ہیں۔ ان میں ہر ایک کی اپنی اپنی خوشبو ہے۔ع
ہر گلے را رنگ و بوئے دیگر است
جہاد بالقلم کے میدان میں "نگارشات شمسی” جیسی علمی و تحقیقی اور روحانی کاوش منظر عام پر لانے پر بندہ ناچیز ہیچ مدان اپنے ممدوح مولانا ازھرالقادری صاحب زید مجدہ کی خدمت میں مبارک باد اور ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے نہایت خوشی محسوس کرتا ہے۔۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل آپ کے جذبۂ اسلاف شناسی میں مزید برکتیں عطا فرمائے اور ان کے علم و عمل میں بھی مزید جولانیاں اور روانیاں عطا فرمائے اور ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔

دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف”
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و "ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(20/جمادی الاخری 1443ھ/24/جنوری 2022ء، بروز پیر بوقت 6:16 بعد نماز مغرب)

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے