پہاڑ بولتے نہیں، مگر ان کی خاموشی میں صدیوں کی کہانیاں دفن ہوتی ہیں۔ دریا لکھتے نہیں، مگر ان کے بہاؤ میں وقت کی تحریریں بہتی رہتی ہیں۔ اگر نیپال کے پہاڑ اور دریا اپنی زبانی اتحاد و اتفاق کی داستان سنائیں تو یہ محض تاریخ نہیں، ایک جیتی جاگتی تمثیل بن جائے گی—عروج کی دھوپ اور زوال کے سائے کے بیچ۔
میں ہمالہ ہوں، نیپال کا پہاڑ۔
کبھی میں نے بکھری بستیوں کو اپنی ڈھلانوں پر اکیلا دیکھا۔ قبیلے ایک دوسرے سے اجنبی تھے، درّوں کے پار والے بھائی بھی بیگانہ لگتے تھے۔
پھر ایک دن ایک سپاہی آیا—پرتھوی نارائن شاہ۔ اس نے میری چوٹی پر کھڑے ہو کر کہا:
"تم سب میرے ہیں، اور میں تم سب کا ہوں”
اس دن سے میرا دامن رنگین ہو گیا۔ مختلف زبانیں ایک ترانے میں مل گئیں۔ میرے پتھروں پر کندہ ہونے والے نقوش میں پہلی بار "ایک نیپال” لکھا گیا۔ میں نے دیکھا کہ کس طرح بکھرے قافلے ایک کارواں بنے اور میرے سینے پر ایک ہی پرچم لہرایا۔
میں کالی ندی ہوں، سرحد کی محافظ۔
میں نے فوجیوں کے قدموں کی چاپ سنی جو انگریزوں سے لڑنے جا رہے تھے۔ میں نے خون کے قطرے بھی دیکھے جو میرے پانی میں گھل کر سرخی بکھیر رہے تھے۔
پھر معاہدہ ہوا—سُگاؤلی معاہدہ۔ میرا بہاؤ بدل گیا، میری چوڑائی سکڑ گئی، اور وہ زمینیں جو کبھی میرے کنارے تھیں، پرائی ہو گئیں۔
میں نے دیکھا کہ بھائی بھائی سے نظریں چرا رہا ہے، اور وہ کارواں جو پہاڑ کی چوٹی پر جھنڈا لے کر چلا تھا، اب بکھر کر مختلف سمتوں میں نکل گیا۔
میں نیپال کا پرچم ہوں—دو مثلثوں کا سنگم، سورج اور چاند کا گواہ۔
میں نے تمہاری خوشیاں بھی اوڑھی ہیں اور تمہارے زخم بھی۔ میں نے پہاڑ کی بلندی سے دشمن کو للکارا ہے اور دریا کے کنارے شکست کا نوحہ بھی سنا ہے۔
آج میں اب بھی لہرا رہا ہوں، مگر کبھی تیز ہوا میں، کبھی ساکت فضا میں۔ مجھے معلوم ہے کہ جب تم متحد ہو تو میرا رنگ چمکتا ہے، اور جب تم بکھرتے ہو تو میں بھی ماند پڑ جاتا ہوں۔
پہاڑ کہتا ہے: "میری چوٹی پر آؤ، ایک ہو جاؤ، میں تمہیں آسمان تک پہنچاؤں گا۔
دریا کہتا ہے: "میرے بہاؤ کے ساتھ بہو، مگر ایک دھار میں، ورنہ بکھر جاؤ گے۔”
پرچم کہتا ہے: "میرے رنگ کو ایک رکھنے کے لیے دلوں کو ایک رکھو۔”
نیپال کی یہ پہاڑوں، دریاؤں اور پرچم کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اتحاد ایک جغرافیہ نہیں بلکہ ایک دل کی دھڑکن ہے—جب یہ دھڑکن ایک ہو تو عروج کی صبح نمودار ہوتی ہے، اور جب یہ بکھر جائے تو زوال کی شام اُتر آتی ہے۔
تحریر : ازہرالقادری
جامعہ مٹہنا