نتیجۂ فکر: مولانا عبدالقدوس کیفی مصباحی صاحب قبلہ
7860225070
(1) اللہ کے ہیں پیارے غوث الورٰی ہمارے
آقا کے ہیں دلارے غوث الورٰی ہمارے
(2) عشاق نے بھنور میں جس دم تمھیں پکارا
کشتی لگی کنارے غوث الورٰی ہمارے
(3) مخفی نہیں ہے اُن پر، عالَم کی کوئی شے بھی
سب کے کریں نظارے غوث الورٰی ہمارے
(4) تائب ہوئے لٹیرے خوشبو ملی اُنھیں جب
اَخلاق کی تمھارے غوث الورٰی ہمارے
(5) اللہ کی عطا سے مُردے ہوئے ہیں زندہ
جب بھی کیے اشارے غوث الورٰی ہمارے
(6) مَلتے ہیں آنکھیں اپنی، اللہ کے ولی سب
ایسے قدم تمھارے غوث الورٰی ہمارے
(7) صدقہ درِ نبی کا دے دیجیے خدارا
دامن ہیں ہم پسارے غوث الورٰی ہمارے
(8) دل کش ہیں، دل نشیں ہیں، پرکیف ہیں، حسیں ہیں
دربار کے نظارے غوث الورٰی ہمارے
(9) یا غوث المدد کا کیفی لگاؤ نعرہ
زائل اَلم ہوں سارے غوث الورٰی ہمارے