[شہدادکا پار،باڑمیر،راجستھان] جیلانی جماعت وجملہ مسلمانانِ اہلسنّت شہداد کا پار،باڑمیر کی طرف سے ۹ دسمبر ۲۰۲۱ عیسوی بروز جمعرات، مغربی راجستھان کی عظیم وممتاز دینی درسگاہ”دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف”کے دوتعلیمی شاخ:مدرسہ اہل سنّت غریب نواز شہداد کاپار و مدرسہ اہل سنّت فیضان فضل علی شاہ شہداد کاپار کے اراکین وذمہ داران کے زیر اہتمام منعقدہ مشترکہ عظیم الشان جلسۂ غوث الوریٰ میں خطاب کرتے ہوئے شیخ طریقت رہبر راہ شریعت نورالعلماء حضرت علّامہ الحاج سیّد نوراللّٰہ شاہ بخاری مدّظلّہ العالی [سجادہ نشین:خانقاہ عالیہ بخاری] مہتمم وشیخ الحدیث:دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف نے فرمایا کہ ہم سبھی مسلمانوں کو چاہییے کہ اپنے گناہوں کا احساس کرتے ہوتے اپنے خالق ومالک کی بارگاہ میں بصدق دل توبہ واستغفار کر کے نیک کاموں کی جانب راغب ہوجائیں،اور زیادہ سے زیادہ اپنے اوقات کو عبادت وریاضت میں گذاریں،اپنے بچوں کو دینی وعصری تعلیم سے مزین کریں،بالخصوص اپنی بچیوں کو قرآن کی تعلیم ضرور دلائیں،کیونکہ اگر ایک بچی تعلیم وتربیت سے آراستہ ہوگی تو اس سے کم ازکم دو خاندان سُدھر سکتے ہیں-بہر حال ہمیں ہر حال میں اپنا محاسبہ کرتے ہوئے جلد از جلد اپنے گناہوں سے سچی توبہ کرلینی چاہییے کیونکہ
غلطی اور گناہ کا احساس اور پھر گریہ و زاری اللہ کو بہت پسند ہے، جب کوئی انسان جرم اور گناہ کرنے کے بعداپنے مالک حقیقی کے سامنے روتا ہے تو وہ اس سے بے انتہا خوش ہوتا ہے گویا اس نے اپنی بندگی، عاجزی اور اللّٰہ کی عظمت کااعتراف کرلیا اور یہی وہ تصور ہے جس کے استحکام پر اللہ تعالیٰ نے اپنے قرب اور بڑی نعمتوں اور رحمتوں کا وعدہ فرمایا ہے، ایک موقع پر رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ اپنے موٴمن بندہ کی توبہ سے اتنا خوش ہوتا ہے جیساکہ وہ سوار جس کی سواری کھانے، پانی کے ساتھ کسی چٹیل میدان میں کھوجائے اور وہ مایوس ہوکر ایک درخت کے نیچے سوجائے، جب آنکھ کھلے تو دیکھے کہ وہ سواری کھڑی ہے ۔ (صحیح مسلم)
ظاہر ہے کہ اگر کوئی سوار تنہا جنگل میں سفر کررہا ہو اور راستہ بھرکے لیے کھانے، پینے کا سامان بھی اس جانور پر لدا ہوا ہو اور پھر وہ سفر کے دوران کسی دن دوپہر میں کہیں سایہ دیکھ کر اترا اور آرام کی نیت سے سوگیا، جب آنکھ کھلی تو دیکھا کہ اس کی سواری کا جانور اپنے سارے ساز و سامان کے ساتھ غائب ہے تواسے بہت سخت تکلیف ہوگی، اور پریشانی کی شدت سے دوچار ہوکر موت کی تمنا کرے گا لیکن جب کچھ دیر کے بعداسے سواری اوراس کے ساتھ تمام سامان مل جائے تواس کی خوشی کی انتہاء نہیں رہے گی اور وہ رقص و سرور کے عالم میں کیف میں غرق ہوجائے گا، اسی طرح جب جرم و گناہ کے بعد کوئی بندہ اللّٰہ کی طرف رجوع کرتا ہے اور سچے دل سے توبہ کے ذریعہ اللہ کا قرب چاہتا ہے تو اللّٰہ تعالیٰ کو اس مایوس شخص سے بھی زیادہ خوشی ہوتی ہے اور وہ اپنے خطاکار بندہ کو اپنا محبوب بنالیتا ہے، ایک حدیث میں ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک کوئی چیز دو قطروں سے زیادہ محبوب نہیں، ایک آنسو کا قطرہ جو اللّٰہ کے خوف سے نکلا ہو اور دوسرا خون کا وہ قطرہ جو اللّٰہ کے راستہ میں گراہوا۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اللّٰہ کے نزدیک ندامت کا آنسو شہیدوں کے خون کی مانند اہمیت رکھتا ہے۔ اسی وجہ سے مولانا رومی فرماتے ہیں:
قطرۂ اشکِ ندامت در سجود
ہمسری خون شہادت می نمود
(ندامت کے آنسوؤں کے وہ قطرے جو سجدہ میں گنہگاروں کی آنکھوں سے گرتے ہیں، اتنے قیمتی ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت ان کو شہیدوں کے خون کے برابر وزن کرتی ہے)
آپ نے توبہ واستغفار سے متعلق کئ بزرگوں کے پر اثر ونصیحت آمیز واقعات بھی لوگوں کو سنائے جس سے لوگ خوب متاثر ہوئے-
آپ نے دوران خطاب شہداد کا پار گاؤں میں چل رہے دارالعلوم انوارمصطفیٰ کی دونوں تعلیمی شاخوں کی عمدہ کارکردگی پر ان کے ذمہ داران بالخصوص حضرت مولاناعبدالسبحان صاحب قادری انواری مدرس:مدرسہ فیضان فضل علی شاہ و عزیزم حافظ محمّدنظیر انواری مدرس:مدرسہ غریب نواز شہداد کا پار کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی پیش کی-
اس جلسہ میں ان علمائے کرام نے بھی خطاب کیا:★حضرت مولاناجمال الدین صاحب قادری انواری★حضرت مولانا محمدیوسف صاحب قادری،دیراسر★ حضرت مولانا علی محمّد صاحب قادری اشفاقی،مولانا ریاض الدین سکندری انواری ،مولانا محمّدقائم الدّین انواری وغیرہم، جب کہ خصوصی نعت خواں کے طورپر بلبل راجستھان،واصف شاہ ہدیٰ حضرت حافظ وقاری محمّد عطاؤالرحمٰن صاحب قادری انواری جودھپور نے شرکت کر کے نعت ومنقبت کے نذرانے پیش کیے-
اس جلسہ میں خصوصیت کے ساتھ یہ حضرات شریک ہوئے!
ادیب شہیر حضرت مولانامحمّدشمیم احمدنوری مصباحی،ناظم تعلیمات: دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف، ★حضرت مولانا محمّد عطاؤالرّحمٰن صاحب قادری انواری[خلیفہ جیلانی جماعت]بیجل کاپار،★حضرت مولاناباقر حسین قادری انواری،★مولانا محمد دائم انواری★مولانا محمّدشمار قادری انواری★قاری ارباب علی انواری،★مولانا غلام محمّدقادری انواری…
یہ جلسہ صلوٰة وسلام اور قبلہ پیر صاحب کی دعاپر اختتام پزیر ہوا-