از: سید اولاد رسول قدسی مصباحی
نیویارک امریکہ
ہمارے رہبرِ کامل مجدد الفِ ثانی ہیں
غموں کے بحر کے ساحل مجدد الفِ ثانی ہیں
شب وروز ان کی روشن زندگی کے ہیں دلیلِ تام
صفاتِ خیر کے حامل مجدد الفِ ثانی ہیں
صحابہ یاد آئے دیکھ کر ان کی اداؤں کو
خلیق وعابد وعادل مجدد الفِ ثانی ہیں
شہنشاہِ ولایت کی خلافت کا ملا خرقہ
ضیائے بخت کے حاصل مجدد الفِ ثانی ہیں
ہیں حقدار اہل سنت صرف جنت کے،ہے قول ان کا
یوں حق گو ماحیِٔ باطل مجدد الفِ ثانی ہیں
خدا سے ہے محبت اس لیے وہ رب ہے آقا کا
اس اعلی قول کے قائل مجدد الفِ ثانی ہیں
کیا تاراج اکبر کے ضلالت خیز مذہب کو
عزیمت کے عجب عامل مجدد الفِ ثانی ہیں
خبر دی دس برس پہلے کہ کب جانا ہے دنیا سے
الی الحق اس طرح واصل مجدد الفِ ثانی ہیں
ہیں تجدیدی نمایاں کارنامے آج تک شاہد
فسادِ فکر کے قاتل مجدد الفِ ثانی ہیں
کیا تائب ہزاروں قیدیوں کو قید میں رہ کر
معظم مصلحِ غافل مجدد الفِ ثانی ہیں
حسیں موقع ہے قدسیؔ بھرلو دامن جس طرح چاہو
سوئے فیض وکرم مائل مجدد الفِ ثانی ہیں