نتیجۂ فکر: اشرف رضا قادری
بلودا بازار چھتیس گڑھ
حافظِ ملت معارف کا چمن
پاسبانِ دین ، زیبِ انجمن
علم و حکمت کا چمکتا آئینہ
مردِ مومن ، حق نگر ، مردِ خدا
علم و حکمت کا درخشاں آفتاب
روشنی سے جس کی ہم ہیں فیضیاب
عاشقِ حضرت محمد مصطفیٰ
مظہرِ علمِ علی شیرِ خدا
مذہبِ اسلام کے وہ رہنما
اہلِ سنت کے معین و مقتدیٰ
عالم و حافظ ، محدث اور ولی
پیکرِ صدق و صفا اور متقی
اشرفیّہ ان کی علمی یادگار
اہلِ ایماں کے لیے دار القرار
اشرفیّہ مرکزِ علم و ادب
ترجمانِ دینِ سلطانِ عرب
آپ کی ” علمی جلالت ” خوب ہے
علمی شجرہ آپ سے منسوب ہے
دیپ حکمت کا جلایا آپ نے
ذرّوں کو انجم بنایا آپ نے
پھول حکمت کا کھِلایا آپ نے
قطروں کو دریا بنایا آپ نے
مدح خواں ہے آپ کا اشرف رضا
علم و حکمت اس کو کر دیجے عطا