متفرقات

حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کے بعد ہی زمین پر بڑھتے ہوئے جرائم کا سدباب ہوا

اسوۂ نبوی کو عام کرکے ہم اپنے مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔ مولانا ممشاد پاشاہ کا خطاب

حیدرآباد 15 اکتوبر (راست) حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم صرف عام انسانوں کے ہی نبی نہیں بلکہ نبیوں اور رسولوں کے بھی نبی ہیں،آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت زمانی قیوداور مکانی حدود کی پابند نہیں اور آپ کے ظاہری و باطنی کمالات کی شان کا اندازہ انسانی پیمانوں سے لگانا ناممکن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن و جمال کو بے مثل و بے مثال بنایا اور حسن و جمال کے تذکروں کی سنت بھی قائم فرمائی،اصحاب کرام کی مجالس ومحافل حسن و جمال مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے تذکروں سے آباد رہتی تھیں۔ان خیالات کا اظہار نبیرۂ حضرت سید زرد علی شاہ صاحب مہاجر مکی مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشاد پاشاہ بانی وصدر مرکزی مجلس قادریہ نے جامع مسجد خواجہ گلشن، مہدی پٹنم اور مسجد محمودیہ ناغڑ، یاقوت پورہ میں قبل از جمعہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا ممشاد پاشاہ نے کہا کہ حضوراقدس صلی اللہ علہ وسلم اللہ تعالیٰ کے سب سے محبوب و مقرب نبی ہیں،لہٰذا اللہ تعالیٰ نے انبیاء سابقین کے جملہ شمائل و خصائص اور محامد و محاسن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پاک میں اس طرح جمع فرمادئے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم افضلیت و اکملیت کا آخری معیار قرار پائے،اس لحاظ سے حسن و جمال کا انتہائی معیار بھی حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم ہی کی ذات پاک ہے۔علامہ سید عبدالفتاح الحسینی القادری گلشن آبادی ؒ نے العمل المقبول فی مود الرسول المسمٰی بہ الباقیات الصالحات فی مولد اشرف المخلوقات میں تحریر کیا ہے کہ روایت ہے کہ تحقیق نبی صلی اللہ علیہ وسلم صورت خلقت میں اور سیرت اخلاق میں تمام انسانوں سے بہتر ہیں اور شمائل ذاتی اور حسن صفاتی میں سب سے برتر ہیں، ملاحت کمال اور کمال جمال بانہایت، چہرہ روشن،نہ پستہ قد اور نہ دراز قامت، میانہ قد تھا بکمال اعتدال، نہ کوتاہ، نہ طوال، صورت پر نور ِ ہیبت ظاہر تھا،جاہ و جلال، سفید رنگ چمکتا ہوا،اس میں سرخ نور دمکتا ہوا، کمان ِ ابرواں باریک ودراز اور دندان مبارک جدا جدا موتی کا سا انداز،دہان مبارک کشادہ اور دونوں رخسار بھرے ہوئے جس سے نور طور نمایاں،چشمان مبارک سیاہ بڑی بڑی جس کی سفیدی میں سرخ ڈورے درخشاں،مژگاں سیدھی صف باندھے ہوئے خوش نما،پیشانی کشادہ جس میں لوح محفوظ کا نظر آئے سماں، بینی مبارک دراز و بلند اور طرفین سے باریک، پر نور گردن صراحی دار مینائے سمیں سے بہت دور، سینہ کشادہ شجاعت کی دلیل اور کف دست مبسوط تھیں مانند سلسبیل، سر بزرگ اور دونوں قدم قدم محکم، ایڑیاں نازک، ہمیشہ راہ ِ خدا میں مستحکم، سر کے بال کان کی لو کے برابر رہتے اور ضعیفی میں موئے سفید بیس سے زیادہ نہ تھے،دونوں شانوں کے درمیان مہر نبوت عیاں، حق سے ملا تھا ختم رسالت کا فرمان یعنی بیضہئ کبوتر کے مانند گوشت بلند۔ حضرت جبرئیل علیہ السلام کا اعلان ہے میں تمام جہانوں میں دیکھ آیا ہوں کہ کوئی آپ جیسا نہیں ہے،سیدنا علی المرتضیٰ ؓفرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مثل نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے کسی کو دیکھا نہ بعد میں۔حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے کوئی شے زیادہ خوبصورت نہیں دیکھی۔گویا آفتاب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چہر ے میں اتر آیا ہے۔قصیدہ بردہ شریف میں علامہ بو صیری عرض کرتے ہیں،آپ فضائل باطنی و ظاہری میں کمال کے درجے کو پہنچے ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اپنا حبیب بنایا اور آپ اپنی خوبصورتی اور خوبیوں میں شریک سے پاک ہیں۔ہر حسن جو آپ میں پایا جاتا ہے وہ غیر منقسم اور غیر مشترک ہے۔مولانا ممشاد پاشاہ نے مزید کہا کہ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اصل یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت کے وقت رونما ہونے والے معجزات، نور محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کی کرامات،شیر خورگی کے حالات، حضرت دائی حلیمہ ؓ کے ہاں پرورش کے واقعات اور جن برکتوں کا ظہور ہوا، سیرت مبارکہ،معجزات، شمائل و خصائل، حلیہ مقدسہ بیان کرنا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وسیلے سے جو ہمیں اسلام کی عظیم دولت ملی اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنااور ان مجالس و محافل کے انعقاد کا یہ مقصد بھی ہونا چاہئے کہ دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ حضوراقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کے بعد ہی زمین پر بڑھتے ہوئے جرائم کا سدباب ہوااور اس بات کا یقین رکھاجائے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ مبارک کو عام کرتے ہوئے ہی ہم اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے