نتیجہ فکر: ذکی طارق بارہ بنکوی
جب درِ آقا چلیں گے دیکھنا
حال وہ دل کا سنیں گے دیکھنا
یہ جو بگڑے سے مرے حالات ہیں
ایک لمحے میں بنیں گے دیکھنا
جو نبی کی یاد میں بہتے ہیں اشک
کام کچھ ایسا کریں گے دیکھنا
کیسے ہو عرضِ طلب مت سوچئے
بن کہے وہ جان لیں گے دیکھنا
بن تو لوں میں عاشقِ آقا ذرا
آپ سب بھی کیا کہیں گے دیکھنا
جب مدینے کا سفر ہوگا مرا
بن کے تارے یہ جلیں گے دیکھنا
بس مدینے سے بلاوا آنے دیں
اپنے دامن کم پڑیں گے دیکھنا
ان کے ہی روضے پہ ان کی نعتِ پاک
ایک دن جاکر پڑھیں گے دیکھنا