مصنف: حسین قریشی
مبصر: نکہت کاظم سید
"پاگل پن”کتاب کا عنوان ہی قاری کی توجہ کواپنی جانب کھینچ لیتا ہے۔پاگل پن حسین قریشی صاحب کے افسانوں اور افسانچوں کا مجموعہ ہے جسکی ادبی حلقوں میں خوب پذیرائی ہوئی ہے۔میں نے جب اس کتاب کے بارے میں سنا اسکے عنوان ہی کی وجہ سے آرڈر کیا کیونکہ ہم سبھی میں کسی نا کسی کو لے کر پاگل پن ،جوش،جذبہ اور جنون ہوتا ہی ہے۔جب مجھے کتاب موصول ہوئی میں نے ایک ہی نشست میں مکمل اسے پڑھ لیا۔کتاب کا عنوان کتاب میں موجود مواد سے بھر پور مناسبت رکھتا ہے۔حسین قریشی صاحب کا شمار ایسے ادیبوں میں ہوتا ہے جو ادب کے ذریعے معاشرے کی اصلاح کرتے ہیں۔کامیاب ادیب وہ ہوتا ہے جو قارئین کی نفسیات کو سمجھتا ہے۔قارئین کے دل ودماغ میں موجود جذبات اور خیالات کو قرطاس پر اتارتا ہے اور حسین قریشی صاحب اس فن سے بخوبی واقف ہیں۔ آپکے افسانوں میں قارئین کے لئے بھرپور جوش،جذبہ اور ہمت موجود ہے۔أپ نے اپنی تحریروں میں اپنے کرداروں کو حوصلے اور ہمت کے وہ پنکھ عطا کیے ہیں کہ جن سے انکی پرواز تھمتی ہی نہیں ہے اور وہ منزل پر پہنچ کر ہی دم لیتے ہیں۔آپ کے کردار قاری کے لئے مثالی کردار بن کر ابھرتے ہیں اور تادیر ذہن میں رہتے ہیں۔اسکی سب سے اعلی مثال افسانہ’ دوڑ’ کا کردار ‘لتا’ہے۔گوکہ یہ حقیقت پر مبنی افسانہ ہے لیکن آپ نے حقیقت کی نوک پلک سنوار کر اسے افسانے کی وہ شکل دی ہے کہ اسکے کردار ہمارے لئے زندہ و جاوید مثال بن گئے ہیں۔افسانہ ‘پاگل پن’میں ‘ثانیہ’کا کردار ‘ہمت کا پہاڑ ‘نظر آتا ہے۔مصنف نے اس افسانے کے اختتام پر یہ جملہ لکھا ہے کہ”جب تم اپنی طاقت،صلاحیت اور قابلیت سے بڑا کام کرنے کا مصمم ارادہ کرتے ہو تبلوگ تمھیں پاگل کہتے ہیں اور یقین مانو زندگی کی جیت اور کامیابی پاگل پن میں ہے۔”بہت خوب ہے۔اسے پوری کتاب کا نچوڑ کہا جا سکتا ہے۔دوڑ،پاگل پن،کورٹ میرج،فیشن پرستی قابل ذکر افسانے ہیں۔ہمہ جہت ترقی،ستیہ گرہ،اہنسا،تربیت و تعلیم،افسانچے کافی گہرائی لیے ہوئے ہیں۔آپ کا قلم تیز رفتاری سے ترقی کررہا ہے۔سوشل میڈیا،اخبارات اور رسائل میں آئے دن اپکی تحریریں دیکھنے کو ملتی ہیں۔اللہ آپ کے قلم کو یونہی رواں دوان رکھے اور اس سے ایسی ہی تحریریں نکلتی رہے جسے ہم اردو ادب میں اضافہ کہہ سکیں پاگل پن ہی کی طرح!!!
پاگل پن کتاب 128صفحات پر مبنی اس مجموعے میں 14 افسانے اور 46 افسانچے شامل ہیں۔جسے ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس دہلی نے 2021ء میں شائع کیا۔ محمد اسلم پرویز کے ڈیزائن کردہ خوب صورت سرورق اور بہترین بائنڈنگ پر مشتمل اس کتاب کی قیمت 160 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے۔ آپ مصنف سے 9850155656 پر رابطہ کرکے کتاب حاصل کرسکتے ہیں۔