از: سید اولاد رسول قدسی مصباحی
نیویارک امریکہ
ایمان کی تنویر ہیں محبوبِ الہی
اسلام کی توقیر ہیں محبوبِ الہی
کہتاہے ارادت کا فلک، گنجِ شکر کی
اک ہوبہو تصویر ہیں محبوبِ الہی
دلّی ہے ابھی دور یہ قول ان کا ہے شاہد
تاثیر کی تقدیر ہیں محبوبِ الہی
سانچے میں شریعت کے ڈھلا منظرِ دہلی
جلوہ گہہِ تدبیر ہیں محبوبِ الہی
اوصافِ ضیابار کا ہے حسنِ نتیجہ
ٓآیات کی تفسیر ہیں محبوبِ الہی
یہ حضرتِ خسرو کا تاثر ہے ،بقاکے
ہر خواب کی تعبیر ہیں محبوبِ الہی
قول اہل بصیرت کا ہے تسلیم ورضا کے
آثار کی تعمیر ہیں محبوبِ الہی
ہے علمی تبحر پہ فدا علمی تبحر
اغلاق کی تیسیر ہیں محبوبِ الہی
جو مٹ نہ سکے سینۂ تاریخ سے قدسیؔ
بےمثل وہ تحریر ہیں محبوبِ الہی