علی گڑھ: 28 اکتوبر
یہ مقابلہ بچوں کی زندگی میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت داخل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے. سید محمد امان میاں قادری.
(علی گڑھ28/اکتوبر، امجدی) علی گڑھ کی عظیم دانشگاہ البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی میں البرکات سیرت کمیٹی کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف نوعیت کے مقابلے منعقد کیے گئے جس میں علی گڑھ کے مختلف 7 مدارس کے تقریباً 78 طلباء شریک ہوئے.
قرات کیٹیگری میں 21، نعت پاک میں27، تقریر میں 18، مضمون نویسی میں 12 طلباء کرام نے شرکت کی.
سیرت مقابلے مکمل ہونے کے بعد حضور محبوب العلماء سید محمد امان میاں قادری(ڈائریکٹر البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ) مدظلہ العالی والنورانی نے تمام مدارس کے طلباء اور ان کے اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے سب بڑا انعام یہ ہے کہ ہم اللہ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی محفل میں شریک ہوئے ہیں اور ہمیں اللہ رب العزت نے جو صلاحیتیں دی ہیں ہم نے ان صلاحیتوں کا استعمال اللہ کے رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی سیرت بیان کرنے کے لیے استعمال کیا تحریر، تقریر، نعت اور قرات کے ذریعہ ہم نے خوب ثواب کمایا اللہ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کو جاری وساری رکھے
مزید انہوں نے کہا کہ ایسے مقابلے سے مدارس کے بچوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے اور تمام مدارس کے بچے ایک دوسرے کی صلاحیت کو دیکھتے ہیں جس سے ان کے اندر مثبت مقابلے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، اور تمام بچے اپنی اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ مقابلہ بچوں کی زندگی میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت داخل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے.
سیرت مقابلے کے کنوینر مولانا علاءالدین جامعی نے رپورٹ تحریر کراتے ہوئے ضیاءالرحمن امجدی سے کہا کہ وہ مدارس جن کے طلباء مقابلے میں شریک ہوئے وہ یہ ہیں.(1) مدرسہ خواجہ غریب نواز قادری مسجد کبیرکالونی،علی گڑھ (2) مدرسہ فیضانِ مصطفیٰ زھرا باغ، علی گڑھ. (3) مدرسہ نور مصطفیٰ نگلہ پٹواری علی گڑھ. (4) مدرسہ مدینۃ العلوم، جامع مسجد جمال پور علی گڑھ (5) مدرسہ گلشن برکات شہنشاہ آباد. (6) مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد علی گڑھ. (7) مدرسہ قادریہ چشتیہ علی گڑھ. مزید انہوں نے کہا کہ مضمون نویسی اور تقریری مقابلے میں سینئر اور جونیئر کے لیے الگ الگ عناوین کا انتخاب کیا گیا تھا، جیساکہ مضمون نویسی کا عنوان(1) سیرتِ رسول میں ضرورت مندوں کی امداد. (2) اسلام میں صفائی ستھرائی کی اہمیت. اسی طرح تقریری مقابلے کے لیے (1) حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت امت پر احسان (2) صحابہ کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت. بفضلہ تعالیٰ طلباء کرام نے مقابلے میں شرکت فرما کر اپنی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ کیا. فیصل (جج) کے لیے مفتی عبدالمصطفی مصباحی و مولانا نواز احمد مصباحی صاحبان کا انتخاب کیا گیا تھا .
اس موقع پر ڈاکٹر سلمان رضا علیمی، مولانا علاءالدین جامعی ،مولانا انیس مجتبی مصباحی، مولانا شہباز احمد مرکزی اور علی گڑھ مختلف علماء وطلبا موجود تھے.
زیر اہتمام :
البرکات سیرت کمیٹی علی گڑھ