تنقید و تبصرہ

تذکرہ مفتی شمس الدین قادری: اسلام شناسی کی نہایت عمدہ مثال

اثر خامہ: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری

بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین

جامعۃ المدینہ ہبلی کرناٹک کے ایک مدرس مولانا نازش المدنی القادری مراد آبادی صاحب زید مجدہ عالم جوانی ہی میں قلم و قرطاس سے ایسے جڑے ہیں کہ جہاد بالقلم کے محاذ پر آگے بڑھ چڑھ کر معرکہ آرائیوں میں مصروف ہیں۔ جذبۂ اسلاف شناسی سے سرشار ہیں ، اہل باطل کے خلاف برسرپیکار ہیں اور اپنے علماء ومشائخ کے تذکار کو عام کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آپ بیک وقت کئی موضوعات پر خامہ فرسائی فرما رہے ہیں۔ اپنے ماضی کے جھروکوں سے اپنے زمانۂ طالب علمی کی حسین و جمیل یادوں کو صفحۂ قرطاس پر لا رہے ہیں، کہیں دنیا سے رخصت ہونے والے علماء ومشائخ کے لئے تعزیتی مضامین لکھ رہے ہیں اور کہیں سلسلۂ اسلاف شناسی کے عنوان سے اسلاف کے زندہ و جاوید نقوش یکجا کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ ماشاءاللہ آپ کا رہوار قلم جس موضوع پر بھی چلا ، فتوحات کے جھنڈے گاڑتے ہوئے آگے ہی بڑھتا گیا۔ آپ نہایت زود نویس ہیں ۔ آپ کے قلم کی مقبولیت کا یہ عالم ہے کہ پاک وہند کے مختلف جرائد ورسائل میں آپ کے مضامین ومقالات برابر چھپ رہے ہیں۔ ماشاءاللہ، اب آپ کے مضامین ومقالات کتابی صورت میں بھی منصۂ شہود پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ابھی تھوڑا ہی عرصہ گزرا ہے کہ آپ کے قلم سے مصلح امت خطیب اہل سنت علامہ تطہیر احمد رضوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی حیات وخدمات پر کتاب” تذکار تطہیر” قارئین کی ضیافت طبع کے لئے پیش ہوئی ہے۔ اور اب مجدد دین و ملت اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ (م:1340ھ/1921ء) کے ایک گمنام خلیفہ شمس العلماء علامہ مفتی شمس الدین قادری رضوی کمہاری ناگوری رحمۃ اللہ علیہ (پ:1274ھ/1858ء۔۔۔۔۔۔۔م:1357ھ/1938ء) کی حیات وخدمات پر مشتمل کتاب بعنوان”تذکرہ مفتی شمس الدین قادری کمہاری رحمۃ اللہ علیہ” لے کر اہل ذوق کے ذوقِ مطالعہ و تحقیق اور ضیافت طبع کے حاضر ہوئے ہیں۔
شمس العلماء علامہ مفتی شمس الدین قادری رضوی کمہاری ناگوری رحمۃ اللہ علیہ کا تعلق سرزمین کمہاری ناگور راجستھان سے ہے ۔ آپ نے اپنے عہد کے نامور اساتذہ کرام مولانا دیدار بخش رحمۃ اللہ علیہ (والد گرامی) ، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ معین الدین اجمیری رحمۃ اللہ علیہ سے اکتساب فیض کیا اور پھر دنیا کے سامنے ایک جید عالم دین، کہنہ مشق مفتی، کشور تدریس کے بے تاج بادشاہ، کامل شیخ طریقت بن کر آئے۔ آپ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ کے مرید و خلیفہ تھے۔ اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے خلفاء کرام کے ناموں کی ایک فہرست جاری فرمائی تھی جس میں بائیس نمبر پر آپ کا اسم گرامی کچھ اس انداز میں درج ہے:
"

جناب مولوی شمس الدین صاحب ضلع ناگور، قصبہ باسنی، علاقہ جودھ پور، عالم، مدرس، مجاز طریقت۔”
حیرت ہے کہ آسمان رضویت کے اس آفتاب کی روشنی سے دنیائے رضویات ابھی تک کیوں محروم رہی ہے۔ بھلا ہو محبی مخلصی مولانا نازش المدنی القادری مراد آبادی صاحب زید مجدہ کا کہ انھوں نے نہایت محبت و تحقیق سے ان کے احوال کہیں سے آخر ڈھونڈ نکالے ہیں ‌۔ آپ نے مختصر مگر انتہائی جامع انداز میں آپ کی کتاب زیست کے صفحات ہمارے سامنے رکھے ہیں۔ آپ نے ہمارے ممدوح کے مہد سے لحد تک کے احوال صفحۂ قرطاس پر بکھیر دئیے ہیں۔ آپ نے ولادت باسعادت، سلسلۂ نسب، تعلیم وتربیت، بیعت و خلافت، درس و تدریس، مرجع فتویٰ، کتب بینی، کشف و کرامت، پابندی شرع ، خاندانی وسعت اور وفات حسرت آیات جیسے عنوانات کے تحت آپ کی حیات مستعار کا پورا نقشہ قاری کے سامنے رکھ دیا ہے۔ یہ تذکرہ اسلاف شناسی کی نہایت عمدہ مثال ہے۔ خلفاء اعلیٰ حضرت کے تذکار میں ایک گراں قدر اضافہ ہے ۔آپ کی حیات وخدمات کے حوالے سے یہ نقش اولیں ہے امید واثق ہے کہ اس کا نقش ثانی اپنی تمام تر تابانیوں اور جولانیوں کے ساتھ سامنے آئے گا۔ ماشاءاللہ ماشاءاللہ ماشاءاللہ بہت خوب اللھم زد فزد۔۔
زندہ باد نازش المدنی زندہ باد
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل آپ آپ کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازے اور اسے شہرت عام اور بقائے دوام بخشے ۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین

دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف”
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و”ہماری آواز” مدیر اعلیٰ الحقیقہ و سہ ماہی مجلہ”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (انٹرنیشنل)
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(26/رجب المرجب 1443ھ/28/فروری 2022ءبروز پیر بوقت 11:04رات)

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com