نتیجہ فکر: محمد اشرفؔ رضا قادری
مدیر اعلیٰ سہ ماہی امین شریعت
ترے کرم کی ہے ساری بہار یا اللہ
کہ تو ہی سب کا ہے پروردگار یا اللہ
ترے ہی نام کی پڑھتی ہیں تتلیاں تسبیح
ہے تجھ سے باغ جہاں عطر بار یا اللہ
ہیں تیرے ذکر میں رطب اللسان آٹھوں پہر
تمام دشت و چمن کوہسار یا اللہ
وجود بخشا ہے تو نے ہی سارے عالم کو
ہے تو ہی خالق لیل و نہار یا اللہ
کیا ہے پیدا ہمیں مصطفےٰ کی امت میں
عنایتیں ہیں تری بے شمار یا اللہ
شجر حجر ہی نہیں بلکہ ذرے ذرے سے
ہے تیرا فضل و کرم آشکار یا اللہ
قلم میں اشرفؔ خستہ کے روشنائی دے
کہ تیری حمد لکھے بار بار یا اللہ