شعیب رضا

بریلی شریف: عرس حامدی کے موقع پر فارغین منظر اسلام کے نام ایک اہم پیغام

نحمدہ و نصلی ونسلم علی رسوله الکریم اما بعد

آج کے پر فتن دور،پر آشوب ماحول میں نوجوان علماء اہل سنت کی ذمہ داریوں کا دائرہ کافی وسیع ہو چکاہے،جن سے بے اعتنائی،غفلت اور لاپرواہی خود ان کے اور جماعتی مفاد کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے.

ذمہ داریوں کے کچھ اھم گوشوں کی طرف اشارہ کیا جاتاہے

1/مذھب اہل سنت،مسلک اعلی حضرت پر سختی سے قائم رہیں اور اسکی نشر واشاعت اپنا مشن حیات بنائیں ،
مذھب ومسلک سے بیزار افراد سے دور رہیں اور ان کی صحبت و قربت کو زھر قاتل سمجھیں

2/علم نافع کی تشھیر وتبلیغ کی سعی بلیغ اس طور پر کریں کہ مفید سے مفید تر نتائج مرتب ہوں.

3/درس وتدریس، تصنیف وتالیف، امامت وخطابت، افتاء وارشاد ،غرض خدمت دین کے جس شعبہ سے بھی منسلک رہیں دینی اقدار کا تحفظ خلوص و للہیت کا اظہار اولین ترجیح رہے۔
رہا ذاتی و شخصی مفاد ومنفعت تو وہ دین متین کی برکت سے خود بخود حاصل ہوہی جاتا ہے اخلاص کی برکت وسعادت کے نتیجہ میں اجر اخروی سے سر فرازی اس سے فزوں تر ہے فرمان الٰہی ہے
اِنَّا لَا نُضِیْعُ اَجْرَ مَنْ اَحْسَنَ عَمَلًا ۔(سورة الكهف آیت ٣٠)

4/دوسروں کی تذلیل وتحقیر،تنقیص وتضحیک سے ہمیشہ دور اور اس سے بیزار رہیں۔

5/ اپنے مشائخ عظام ،اکابرعلماء کے ہمیشہ مؤدب رہیں کہ وہ ہماری جماعت کا وقار اور ملی سرمایہ اور ہماری آبرو ہیں
اکابر کے وصال کے بعد ہمارے دلوں میں ان کی قدرو منزلت کے جو نقوش ابھرتے ہیں کاش وہ ان کے جیتے جی نمایاں ہوں تو سربلندی ہمارا مقدر رہے۔

6/ دوسروں کی تنقید وتنقیص کے بجائے اپنا محاسبئہ عمل کرتے ہوئے صحیح سمت میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتے رہیں، دوسروں کی خطاؤں سے درگزر اپنا شعار بنائیں۔

7/ با ادب با نصیب ہمیشہ ملحوظِ خاطر رکھیں

8/ امانت ودیانت کو اپنا شعار بنائے رکھیں، خیایت وبد دیانتی اسلامی مزاج سے کوسوں دور ہے یہ ہمیشہ ذہن میں رہے۔

9/ دوسروں کے عیوب ونقائص کی تلاش وجستجو میں رہ کر وقت ضائع کرنے سے بچیں۔

10/ تنقید وتنقیص کرنے والوں کا پیچھا کرنے کے بجائے اپنے دینی کاموں کی رفتار سے انہیں پیچھے چھوڑ دیں۔

11/ حسد و کینہ، بغض وعداوت سے بہت دور رہیں کہ اکثر یہی وجہ مخاصمت ومنافرت بنتے ہیں۔

12/کسی معین سنی صحیح العقیدہ مسلمان پر تفسیق وتضلیل کا حکم لگانے میں جلد بازی سے کام نہ لیں بلکہ ایسے مسائل میں اپنےاکابر علماء سے رجوع کریں۔

13/ کسی مسٔلہ کو وقار وانانیت سے نہ جوڑیں ہمیشہ رجوع الی الحق کے لئے تیار رہیں۔
ایسے مولویوں کو آپ بھی جانتے ہونگے جنکے رجوع الی الحق میں انانیت آڑے آئی ان کابد انجام زمانہ نے دیکھا اور دیکھ رہا ہے۔

14/ اپنے مشائخ، علماء،اساتذہ سے نیاز مندانہ رشتہ قائم رکھیں یہ رشتہ عزت بڑھاتا ہے گھٹاتا نہیں،یہ کبھی بھی نقصان دہ ثابت نہیں ہوتایاد رکھیں اساتذہ کا باغی کبھی سرخ رو نھیں ہوتا۔

15/ اپنے مادر علمی مرکز اہل سنت جامعہ رضویہ منظر اسلام کے لیے خیر خواہی کا جذبہ رکھیں،
ہر موقع پر مرکز اہل سنت منظر اسلام اور مخدومِ محترم آبروئے اہل سنت نبیرئہ اعلیٰ حضرت ،حضرت علامہ الحاج الشاہ محمد سبحان رضا خان صاحب قبلہ سبحانی میاں مدظله العالی ( سربراہ خانقاہ عالیہ رضویہ)
اور سجادہ نشیں خانقاہ عالیہ رضویہ نبیرئہ اعلیٰ حضرت شہزادئہ حضرت صاحبِ سجادہ حضرت علامہ الحاج محمد احسن میاں صاحب مدظله العالی اور اساتذۂ کرا م اور جملہ احباب کو نیک دعاؤں میں یاد رکھیں۔

16/ دنیاوی حرص وہوس کو دینی مفاد پر حاوی نہ ہونے دیں۔
اعزہ و اقارب کی دلجوئی کو اپنا وطیرہ بنائیں۔

17/ عجز و انکساری،تواضع وفروتنی ،عفوو درگزر رب قدیر کو بے پناہ پسندہے۔

اللہ رب العزت ہم سب کو دارین کی سعادتوں سے سرفراز فرمائے آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیه و علی آله واصحابه اجمعین۔۔۔


محمد عاقل رضوی غفر له القوی

شیخ الحدیث وپرنسپل مرکز اہل سنت جامعہ رضویہ منظر اسلام درگاہ اعلی حضرت بریلی شریف اتر پردیش ہندوستان۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے