اثر خامہ: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری
بسم اللہ الرحمن الرحیم، نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین
علامہ طارق انور مصباحی صاحب زید مجدہ کسی تعارف کے محتاج نہیں۔عصر حاضر میں آپ اہل سنت کے ادیب شہیر اور محقق بے نظیر ہیں۔ جہاد بالقلم کے محاذ پر نمایاں طور پر مصروف اور معروف ہیں۔ احقاق حق اور ابطال باطل کا جھنڈا اٹھائے قلمی معرکۂ آرائیوں میں نہایت متانت اور سنجیدگی سے آگے ہی بڑھتے چلے جارہے ہیں۔ نظریاتی اور اعتقادی دنیا میں آپ کی تحقیقات انیقہ کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
منکرین ختم نبوت کے فرقۂ قاسمیہ اور فرقۂ قادیانیہ نے جب اہل سنت کے معروف بزرگ عارف باللہ أمام اجل حکیم ترمذی رحمۃ اللہ علیہ (م:320ھ/932ء) سے ایک ایسی منسوب کتاب”ختمِ الاولیاء” جو آپ کی وفات حسرت آیات کے ایک ہزار تینتیس سال بعد شائع ہو کر سامنے آئی ہے کی ایک عبارت سے ایک ایسا مفہوم لے کر امت مسلمہ کو تذبذب کرنے کی ناپاک جسارت کی ہے جس سے عقیدۂ ختم نبوت پر زد پڑتی ہے۔نعوذباللہ
فاضل محقق علامہ طارق انور مصباحی زید مجدہ نے پیش نظر کتاب مستطاب” حکیم ترمذی اور مسئلہ ختم نبوت” میں نہایت احسن انداز میں دلائل و براہین سے منکرین ختم ختم نبوت کے دجل و فریب کے تار و پود بکھیر کر رکھ دئیے ہیں۔ آپ کی یہ کتاب اپنے موضوع پر لاجواب اور بے مثال ہے۔ مخالفین سے اس کا جواب محال ہے۔ عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ میں لکھی گئی یہ کتاب مختصر ہے لیکن مفید تر اور پر اثر ہے۔ فقیر انہیں اس کاوش پر ہدیہ تبریک اور مبارک باد پیش کرتا ہے۔ ماشاءاللہ ماشاءاللہ ماشاءاللہ بہت خوب اللھم زد فزد۔ زندہ باد طارق انور زندہ باد
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل آپ کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازے اور اسے شہرت عام اور بقائے دوام بخشے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین
دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف” سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و”ہماری آواز
مدیر اعلیٰ الحقیقہ و سہ ماہی مجلہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (انٹر نیشنل)
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(17/شعبان المعظم 1443ھ/21/مارچ 2022ء بروز پیر بوقت 12:37 دوپہر)