تحریر: محمد معراج عالم مرکزی، مقیم حال شیموگہ کرناٹک
رمضان المبارک کا مقدس و بابرکت مہینہ جب عالم اسلام پر سایہ فگن ہوتا ہے۔ تو اپنی رحمت ونور سے زمانے بھر کو معطر کر دیتا ہے۔ اور سارا عالم اپنے رب کے حضور اس کی رحمتوں، برکتوں کی سوغات لینے سوالی بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ مقصد وجود انسانی کے تحت انسان کا دل گناہوں کی آلودگی سےکنارہ کش ہو کر روزہ پر استقامت، نماز کی ادائیگی، سنن و واجبات کی پابندی، جذبۂ اخلاص وایثار، صبر واستقلال، تلاوت قرآن کریم، اوراد و وظائف اور اعمال خیر کی طرف راغب ہوجاتا ہے۔اور مومن کی ایمانی حرارت میں مزید تیزی آجاتی ہے۔
ایسے پر بہار موقع سے امت کے علمائے کرام وائمہ عظام کے لیے بڑا بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے فریضۂ دینی یعنی دعوت واصلاح، تبلیغ وارشاد کے ذریعہ عوام الناس کو دین کی صحیح تعلیمات سے روشناس کرائیں، اور دینی مراکز میں درس قرآن ،درس حدیث اور فقہی مسائل جیسے حلقوں کا اہتمام کریں۔ اس وقت جبکہ ملک ہندوستان میں سنگھی ذہن والے، ملک کی قومی یکجہتی کو خراب کرنے میں تُلے ہیں اور آئے دن حکومت، اسلامی تہذیب وروایات میں اپنی من مانی کرنے میں سر گرم عمل ہے۔ ایسے میں عوام الناس تک اسلامی تعلیمات کی ترویج واشاعت وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔
جبکہ دعوت و اصلاح اور تبلیغ وارشاد کی اہمیت و فضیلت مذہب اسلام میں مسلم ہے۔ اور قرآن وحدیث میں اس کی بڑی تاکید آئی ہے۔ یہاں تک کہ مولائے کائنات ،حیدر کرّار حضرت علی مشکل کشا کرّم اللہ تعالیٰ وجھہ الکریم نے اسے افضل الجہاد قرار دیا ہے۔ رب تعالیٰ ارشاد فرماتاہے:
"اُدْعُ اِلٰى سَبِیْلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَ الْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ وَ جَادِلْهُمْ بِالَّتِیْ هِیَ اَحْسَنُ۔۔۔ الخ” (النحل، آیت نمبر: ١٢٥)
ترجمہ: اپنے رب کی راہ کی طرف بلاؤ پکی تدبیر اور اچھی نصیحت سے اور ان سے اس طریقہ پر بحث کرو جو سب سے بہتر ہو۔۔۔ (کنزالایمان)
"وَلْتَكُنْ مِّنْكُمْ اُمَّةٌ یَّدْعُوْنَ اِلَى الْخَیْرِ وَ یَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ یَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِؕ وَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ”۔ (آل عمران، آیت نمبر :١٠٤)
ترجمہ: اور تم میں ایک گروہ ایسا ہونا چاہیے کہ بھلائی کی طرف بلائیں اور اچھی بات کا حکم دیں اور بُری سے منع کریں اور یہی لوگ مُراد کو پہنچے”۔ (کنزالایمان)
اور احادیث مبارکہ میں بھی امر بالمعروف نھی عن المنکر کی واضح تاکید کی گئی ہے چنانچہ حضرت ابو سعید خدری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ سرکارِ دو عالم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’تم میں سے جو برائی دیکھے تو اسے ہاتھ سے روک دے،اگر اس کی طاقت نہ ہو تو زبان کے ذریعے روکے، اگر اس کی بھی قدرت نہ ہو تو دل میں برا جانے اور یہ کمزور ایمان والا ہے”۔ (مسلم شریف ، کتاب الایمان، باب بیان کون النہی عن المنکر من الایمان)
لہذا علمائے کرام، ائمہ مساجد اور داعیان اسلام اس رمضان المبارک کے پر بہار موقع سے اپنی اپنی مسجدوں میں بعد نماز فجر یا عصر مختصر دینی نشستوں کا انعقاد ضرور کریں تاکہ عوام الناس تک اسلامی تعلیمات اچھی طرح پہنچ سکے اس کے لیے مندرجہ ذیل طریقوں میں سے کسی ایک کو بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔ جس کا نتیجہ دارین کی سعادتوں سے ہمکنار ہونا ہے۔
درس قرآن:
بلا شبہ قرآن عظیم ہی اسلامی تعلیمات کا سرچشمہ، انسانی نجات کا ضامن، خداوند کریم کا تحفہ اور تمام تر علوم ومعارف کا خزانہ ہے۔ یہ اہل نظر کو بصیرت کی روشنی اور ہدایت کا نور عطا فرماتاہے۔لہذا اس مقدس کتاب میں اللہ جل جلالہ نے انسانی فلاح کے لیے جن اسباب کا ذکر اور دارین میں نجات پانے کے لیے جن احکام کی تاکید فرمائی ہے۔ساتھ میں جن عجائبات وغرائبات کا ذکر فرمایا ہے۔ داعیان اسلام، رمضان کے مبارک دنوں میں عوام کو ان باتوں کا درس ضرور دیں۔
تفسیر قرآن:
ملک کے اکثر مساجد میں عوام الناس کو حفاظ کرام کے ذریعے پورا قرآن پاک، نماز تراویح میں سننے کا موقع میسر آتا ہے۔ ایسے میں اگر انہیں قرآن کی سماعت کے ساتھ ساتھ اس کی تفسیر وتفہیم اور قدرے شان نزول کے متعلق بھی درس مل جائے تو یہ ان کے لیے بڑا سود مند ہوگا۔ اس کے لیے ائمہ کرام ، تفاسیر کی چند کتابوں (تفسیر روح البیان، تفسیر نعیمی، کنز الایمان مع خزائن العرفان )میں سےکسی ایک عمدہ تفسیر کا انتخاب کریں اور مطالعہ کے بعد روزانہ کچھ منتخب سورتوں یا آیتوں کی تفسیر قوم کے سامنے بیان فرمائیں۔ یہ سلسلہ بھی اخیر رمضان تک جاری رکھیں۔
درس حدیث:
اسی طرح رمضان المبارک میں عوام الناس کے لیے درس حدیث کا اہتمام بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے ائمہ کرام صحاح ستہ یا دیگر کتب احادیث میں سے کچھ احادیث کریمہ کا انتخاب کریں، پھر اس کی تشریح و توضیح کتب معتبرہ سے مطالعہ کریں۔ بعدہ قوم کو اس کی تعلیم دیں اور ہو سکے تو اصلاح فکر و اعتقاد کو ترجیح دیں کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے، اور پھر درستگی اعمال واخلاق۔
فقہی مسائل کا درس:
عام طور پر لوگ روزہ، نماز، حج وزکاۃ کے تفصیلی مسائل سے نا آشنا ہوتے ہیں۔ یا تو اسلامی تعلیم نہ پانے کی وجہ سے یا پھر کچھ لوگ علماء سے فقہی مسائل دریافت کرنے میں عار محسوس کرتے ہیں۔ ایسے میں رمضان المبارک ایک اچھا موقع ہے نوجوانوں کو فقہی مسائل کی تعلیم دینے کا، اور اُن کے سوالات کے علمی جواب دینے کا۔ اس درس کے لیے نصابی کتاب "بہار شریعت” سب سے اہم ہے۔
پند و نصائح:
جس طرح تحریر دعوت وتبلیغ کا اہم ذریعہ ہے کہ اس سے قوموں میں انقلاب رونما کیا جا سکتا ہے، اسی طرح وعظ ونصیحت، دعوت و ارشاد، پاستانی حالات اور بزرگوں کی روایات و کرامات کا تذکرہ ، یقیناً پژمردہ دلوں کو جلا بخشتا ہے اور اسے جذبۂ عمل سے معمور کر دیتا ہے۔ ایک مخلص داعی کے چند بول کسی بھی ویرانے دل کو آباد کر سکتا ہے اور اسے رشد وہدایت کے نور سے جگمگا سکتا ہے۔ لہذا رمضان کے مبارک و مسعود لمحات میں اس درس کا بھی اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے "احیاء العلوم، مکاشفۃ القلوب” وغیرہ کتابیں زیادہ کار آمد ہیں۔