رمضان المبارک فقہ و فتاویٰ

مسائل رمضان فقہ شافعی کی روشنی میں

سوال:١
رمضان کے روزے کس مہینے میں فرض ہوئے؟
جواب:
رمضان مبارک کے روزے ہجرت کے دوسرے سال ماہ شعبان میں فرض ہوئے۔ (تحفة المحتاج 3/370 و مغني المحتاج 2/140)

سوال:٢
نبی كريم صلی اللہ عليہ وسلم نے اپنے زندگی میں ماہ رمضان کے روزے کتنے سال رکھے؟
جواب:
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں ماہ رمضان کے روزے 9 سال رکھے۔ (حاشية البجيرمی2/371، إعانة الطالبين 2/242، حاشية الجمل 2/302 و حاشية الشرواني 3/370)

سوال:٣
حضور ﷺ کو اپنی زندگی میں کتنے رمضان مکمل 30 دن کے ملے؟
جواب:
حضور ﷺ کو اپنی زندگی میں ایک رمضان 30 دن کا ملا اور باقی 29 کے ملے۔ (تحفة المحتاج 3/370، حاشية البجيرمي 2/371، إعانة الطالبين 2/242 و حاشية الجمل 2/302)

سوال:٤
کیا رمضان کے روزے پہلی امتوں پر بھی فرض تھے؟
جواب:
نہیں! رمضان کے روزے امت محمدیہ ﷺ کی خصوصیت ہے۔ (التجريد لنفع العبيد 2/63، حاشية الجمل 2/302 و فتح المعين مع الحاشية 2/242)

سوال:٥
کیا رمضان کا چاند دیکھنا ہر شخص پر فرض ہے ؟
جواب:
رمضان اور ہر مہینے کا چاند دیکھنا فرض کفایہ ہے۔(بغية المسترشدين 98)

سوال:٦
کیا چاند دیکھنے پر کوئی خاص دعا پڑھی جاتی ہے؟
جواب:
جی ہاں ! چاند دیکھنے کے بعد جو دعا پڑھنی ہے اسے امام ترمذی نے جامع الترمذی میں حدیث نمبر 3451 پر روایت کیا ہے، دعا کے الفاظ اس طرح ہیں؛
اللہ اکبر اللھم اھلہ علینا بالامن والایمان والسلامہ والاسلام ربی وربک اللہ ھلال رشد وخیر۔
📢وضاحت
یہ دعا صرف رمضان کے چاند کے دیکھنے پر نہیں بلکہ تمام اسلامی مہینوں کے چاند دیکھنے پر پڑھی جائے۔

سوال:٧
اسلامی مہینوں کے ثابت ہونے کا طریقہ کیا ہے ؟
جواب:
اس کے 2 طریقے ہیں:
پہلا یہ کہ 30 دنوں کی تعداد مکمل ہو جائےتو نیا مہینہ شروع ہو جائے گا۔
دوسرا یہ کہ رمضان کے علاوہ باقی مہینوں کے لیے 2 عادل شخص چاند کے دیکھنے کی گواہی دیں تو اس سے نیا اسلامی مہینہ ثابت ہو جائے گا۔ (قلیوبی ج:2ص:49)

سوال:٨
روزے کے کتنے فرائض ہیں ؟
جواب:
روزے کے دو فرائض ہیں:
(1) ہر دن کے روزے کی نیت کرنا۔
(2) روزے کو توڑنے والی چیزوں سے رکنا۔ (خلاصة الفقه الاسلامي ،الجزء الثاني،١٩٤)

سوال:٩
روزہ واجب ہونے کے شرائط کیا ہیں ؟
جواب:
روزہ واجب ہونے کے شرائط یہ ہیں:
(١)مسلم ہو،
(٢)بالغ ہو،
(٣)عقلمند ہو،
(٤)روزہ رکھنے پر قادر ہو۔ (تیسیر الاقناع ج٢ص١٠۔١١)

سوال:١٠
فرض روزے کے نیت کی کتنی شرطیں ہیں؟
جواب:
فرض روزے کے نیت کی دو شرطیں ہیں:
(١) رات میں نیت کرنا یعنی سورج کے غروب ہونے کے بعد سے فجر صادق کے طلوع ہونے سے پہلے نیت کرنا۔
(٢) تعین یعنی جو روزہ رکھنا ہے اس کی نیت کرنا۔ (اعانة الطالبین ،الجزء الثاني،٢٢٢،٢٢٣،٢٢٤)

سوال:١١
روزےکی نیت کیا ہے ؟
جواب
رمضان کے روزے کے لیے کم سے کم اتنی نیت کرنا فرض ہے:
نَوَيْتُ صَوْمَ رَمَضَانَ
ترجمہ: میں نے رمضان کے روزے کی نیت کیا۔
رمضان کے روزے کے لیے مکمل نیت یہ ہے :
نَوَيْتُ صَوْمَ غَدٍ عَنْ اَدَاءِ فَرْضِ رَمَضَان هَذِهِ السَّنَةِ لِلّهِ تَعَالى۔
ترجمہ: میں نے اس سال کے رمضان کے کل کے روزے کی نیت کیا اللہ تعالیٰ کے لیے۔ (فتح المعين الجزء الثاني،ص ٢٢٤،٢٢٥)

سوال:١٢
کیا رمضان کے پورے مہینے کے روزے کی نیت ایک ساتھ کرسکتے ہیں؟
جواب:
جی نہیں! ہر روزے کے لیے الگ نیت کرنی پڑے گی۔ (تحفة المحتاج 3/387، الاقناع 1/235 و مغني المحتاج 2/149)

سوال:١٣
سحری کا وقت کب شروع ہوتا ہے؟
جواب:
سحری کا وقت آدھی رات گزرنے کے بعد شروع ہوتا ہے۔ (مغني المحتاج ج۲ ص۱۴۷ و خلاصة الفقه الاسلامي الجزء الثاني،ص١٩٤)

سوال:١٤
کب تک سحری کھانا سنت ہے؟
جواب:
اتنی دیر تک سحری کھانا سنت ہے کہ فجرِ صادق (فجر کا وقت شروع ہونے) میں ۵۰ آیت پڑھنے کی مقدار وقت باقی رہے لہذا فجر کا وقت شروع ہونے میں قرآن کی ۵۰ آیت پڑھنے کی مقدار میں وقت باقی ہو تو اب کھانا اور پینا چھوڑنا سنت ہے۔ (ترشيح المستفدين١٦٤)

سوال:١٥
کتنا کھانے سے سحری کرنے کی سنت ادا ہوجائے گی ؟
جواب:
تھوڑا کھانے سے بھی سحری کرنے کی سنت ادا ہوجائے گی، اِسِی طرح زیادہ کھانے سے بھی سحری کرنے کی سنت ادا ہوجاتی ہے۔ (نهاية المحتاج الجزء الثالث،١٨١)

سوال:١٦
سحری کھانا کب(کن مہینوں میں) سنت ہے؟
جواب:
رمضان اور رمضان کے علاوہ مہینوں میں روزہ رکھنے والے کے لیے سحری کھانا سنت ہے۔ (فتح المعين١٩٨)

سوال:١٧
افطاری کب کرنی چاہیے؟
جواب:
جب سورج کے غروب ہوجانے کا یقین ہوجائے تو افطاری میں جلدی کرنا سنت ہے۔ (فتح المعين،ص:١٩٨)

سوال:١٨
افطاری کس چیز سے کریں؟
جواب:
افطاری سوکھی کجھور سے کرنا سنت ہے اور سوکھی کھجور گیلی کھجور سے افضل ہے اور ایک کھجور سے بھی کجھور پر افطاری کی سنت ادا ہوجائے گی لیکن تین کھجور سے افطاری کرنے سے کجھور کے ذریعے افطاری کرنے کی پوری سنت حاصل ہوگی۔ (تحفة المحتاج ج ٣ص٤٣٠)

سوال:١٩
اِفطاری کی دعا کب پڑھنا سنت ہے ؟
جواب:
اِفطاری کرنے والے کے لیے اِفطاری کی دعا کچھ کھانے کے بعد پڑھنا سنت ہے، کچھ کھانے سے پہلے یا کھاتے وقت نہیں پڑھے گا۔ (فتح المعين٢٧٩ و اعانة الطالبين الجزء الثاني٢٧٩)

سوال:٢٠
اِفطاری کی دعا کون سی ہے ؟
جواب:
اَللَّهُمَّ لَكَ صُمْتُ وَ عَلَى رِزْقِكَ اَفْطَرْتُ ذَهَبَ الظَّمَأُ وَابْتَلَّتِ الْعُرُوْقُ وَ ثَبَتَ الْأَجْرُ إِنْ شَاءَ اللّٰهُ۔
تَرْجَمَہ: اے اللہ میں نے صرف تیری رضا کے لیے روزہ رکھا اور تیرے فضل سے حاصل ہونے والے رزق پر اِفطاری کیا,پیاس بجھ گئی, رگیں تر ہوگئیں اور اجر ثابت ہوا ان شاء اللہ۔ (خلاصة الفقه الاسلامي،الجزء الثاني١٩٥)

سوال:٢١
رمضان میں اہل وعیال پر خرچ کرنا کیسا ہے؟
جواب:
رمضان میں سنتِ مؤکدہ ہے اور رمضان کے آخری عشرے میں زیادہ تاکید ہے کہ زیادہ سے زیادہ صدقہ کیا جائے, اہل و عیال پر خرچ میں کشادگی کی جائے (زیادہ خرچ کیا جائے) اور رشتے داروں اور پڑوسیوں کے ساتھ نیک سلوک کیا جائے۔ (شرح ابن حجر على المختصر،الجزء الثاني١٨٨،١٧٨)

سوال:٢٢
رمضان میں خوشبو کب لگائے؟
جواب:
رمضان اور رمضان کے علاوہ مہینوں میں سحری کے وقت خوشبو لگاناسنت ہے۔ (إعانة الطالبين، الجزء الثانى،٢٤٥)

سوال:٢٣
کیا روزے کی حالت میں عطر لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب:
روزے میں عطر لگانے سے روزہ نہیں توٹتا ہے لیکن روزے میں عطر لگانا مکروہ ہے۔ (خلاصة الفقه الاسلامى، الجزء الثالث،١٩٥)

سوال:٢٤
روزے کی حالت میں مسواک کرنا کیسا ہے؟
جواب:
روزے دار کے لیے زوال کے بعد اور سورج غروب ہونے سے پہلے مسواک کرنا مکروہ ہے۔ (اعانة الطالبين، الجزء الثانى،ص:٢٤٩)

سوال:٢٥
کیا سر میں تیل لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب:
سر میں تیل لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ (تحفة المحتاج الجزء الثالث،٤٨٠)

سوال:٢٦
روزے کی حالت میں سرمہ لگانا کیسا ؟
جواب:
روزے میں سرمہ لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے سرمہ لگانے سےسرمے کا رنگ تھوک میں پایا جائے یا حلق میں سرمے کا ذائقہ محسوس ہو لیکن روزے میں سرمہ لگانا خِلَافِ اَوْلی ہے۔ (تحفة المحتاج الجزء الثالث٤٨٠ و اعانة الطالبین الجزء الثاني،٢٨١)

سوال:٢٧
روزے کی حالت میں اکثر وقت سوتے رہنا کیسا ہے؟
جواب:
روزے کی حالت میں زیادہ سونے سے روزے میں کوئی کمی نہیں آئی گی اور ثواب بھی مل جائے گا. البتہ وقت پر نمازوں کا اہتمام ضروری ہے۔ (ص:76، ج:2، حاشیة البجيرمى+ ص:323، ج:2، حاشية الجمل)

سوال:٢٨
اگر کوئی شخص شدید بوڑھا ہونے کی وجہ سے یا ایسی بیماری میں مبتلا ہونے کی وجہ سے کہ جس کے سبب رمضان کے روزے نہ رکھ سکا تو پورے مہینے کے روزے کا فدیہ ایک ساتھ اداکرے گا یا روزانہ ہر روزے کا فدیہ ادا کرنا چاہیے؟
جواب:
ایسے لوگ پورے مہینے کا فدیہ چاہے تو مہینہ مکمل ہونے کے بعد ایک ساتھ ادا کریں یا روزانہ کا فدیہ روزانہ بھی ادا کرسکتے ہیں ایسے لوگوں کو دونوں باتوں کا اختیار ہے۔
یاد رہے ہر روزے کےبدلے ایک مد اناج تقریباً سات سو گرام فدیہ ہوگا۔ (حوالہ الفتاوی الکبری لابن حجر 74/1)

جمع و ترتیب: محمد لقمان ابن معین الدین سمناکے شافعی
بشکریہ مرکز العلوم الشافعیہ، کوکن

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com