رمضان المبارک فقہ و فتاویٰ

روزے کے مسائل اور ان کا حل (قسط سوم)


ازقلم: ابواسید عبید رضا مدنی، رئیس مرکزی دارالافتاء اہلسنّت عیسیٰ خیل ضلع میانوالی


سوال 21:
اگر دمے کا مریض سانس کو بحال کرنے کیلئے روزے کی حالت میں انہیلر استعمال کرے تو کیا حکم ہوگا ؟
جواب:
انہلیر کے استعمال سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس کے ذریعے گیس اور باریک بوندوں کی شکل میں پانی اور دوا کے اجزاء مریض کے پھیپھڑوں تک پہنچتے ہیں.
(فتاوی اہلسنت احکامِ روزہ و اعتکاف، صفحہ 19، 20، مکتبۃ المدینہ کراچی)
سوال 22:
کیا روزے کی حالت میں آکسیجن ماسک لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
روزے کی حالت میں آکسیجن ماسک لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیونکہ اس میں باہر سے ایسی مصنوعی آکسیجن کو پیٹ کے اندر داخل کیا جاتا ہے جس سے بچنا ممکن ہے.
(فیضان فرض علوم، جلد 2، صفحہ 116، مکتبہ امام اہلسنت)
سوال 23:
روزے کی حالت میں ناک میں سپرے کرنے یا دوا چڑھانے کا کیا حکم ہے ؟
جواب:
روزے کی حالت میں ناک میں سپرے کرنے یا دوا چڑھانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے.
(بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 989، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ اہلسنت احکام روزہ و اعتکاف، صفحہ 18، 19، مکتبۃ المدینہ کراچی)
سوال 24:
کیا کسی کو خون دینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
کسی کی جان بچانے کے لئے خون دینا بلاکراہت جائز ہے اور اس سے روزہ بھی نہیں ٹوٹتا.
(فیضان فرض علوم، جلد 2، صفحہ 112، مکتبہ امام اہلسنت)
سوال 25:
کیا غیبت، چغلی، گالی گلوچ دینے اور جھوٹ بولنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
غیبت، چغلی، گالی گلوچ دینے اور جھوٹ بولنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا مگر یہ سب کام گناہ کے ہیں اور ان سے روزے کی نوارانیت ختم ہوجاتی ہے اور ان کی وجہ سے روزے میں کراہت آتی ہے.
(بہار شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 984، 996، مکتبۃ المدینہ کراچی وغیرہ)
سوال 26:
اگر دانتوں سے خون نکل آئے تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
دانتوں سے خون نکل آئے تو اس کی چار صورتیں بنتی ہیں :
1- اگر دانتوں سے خون نکل کر حلق سے نیچے اتر جائے اور اس خون کا ذائقہ حلق میں محسوس ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا، خواہ خون تھوک سے زیادہ ہو یا برابر ہو یا کم ہو۔
2- اگر دانتوں سے خون نکل کر حلق سے نیچے اتر جائے اور وہ خون تھوک سے زیادہ ہو یا برابر ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا اگرچہ خون کا ذائقہ حلق میں محسوس نہ ہو۔
3- اگر خون حلق سے نیچے نہ اترے تو روزہ نہیں ٹوٹے گا۔
4- اور اگر خون حلق سے نیچے اتر جائے لیکن خون تھوک سے کم ہو اور اس کا ذائقہ حلق میں محسوس نہ ہو تو اس سے بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا.
(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 422، 423، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ، بہارِ شریعت، جلد 1، حصہ پنجم، صفحہ 986، مکتبۃ المدینہ کراچی)
سوال27:
کیا حجامہ یعنی پچھنے لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
حجامہ یعنی پچھنے لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا.
(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 421، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)
سوال28:
کیا آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
جی ہاں! روزے کی حالت میں آنکھ میں دوا ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے.
(تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 192، ضیاء القرآن پبلیکیشنز، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 336، 337، 338، 339، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان، دارالافتاء اہلسنت وغیرہ)
سوال29:
کیا کان میں دوا اور تیل وغیرہ ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
اگر کان کا پردہ سلامت ہوتو کان میں دوا یا تیل وغیرہ ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا اور اگر کان کا پردہ پھٹا ہوا ہو تو کان میں دوا اور تیل وغیرہ ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے.
(تفہیم المسائل، جلد 1، صفحہ 194، ضیاء القرآن پبلیکیشنز، فیضان رمضان مرمم، صفحہ 136، مکتبۃ المدینہ کراچی، فتاویٰ عبیدیہ، جلد 1، صفحہ 339، 340، 341، ناشر تعلیم الاسلام فاؤنڈیشن پاکستان، دارالافتاء اہلسنت وغیرہ)
سوال30:
کیا بیوی کا بوسہ لینے اور گلے لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ؟
جواب:
اگر بیوی کا بوسہ لینے اور گلے لگانے سے منی خارج ہو جائے تو روزہ ٹوٹ جائے گا اور اگر منی خارج نہ ہو تو روزہ نہیں ٹوٹتا.
نوٹ: اگر کسی کو منی خارج ہونے یا جماع میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو تو اس کے لئے یہ سب روزے کی حالت میں کرنا مکروہ ہے اور اگر اس کا اندیشہ نہ ہو تو بلاکراہت جائز ہے.
(ردالمحتار علی الدالمختار، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم و ما لایفسدہ، جلد 3، صفحہ 454، 455، مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ)
واللہ اعلم ورسولہ اعلم عزوجل وصلی اللہ علیہ وسلم

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

آسان ہندی زبان میں اسلامی، اصلاحی، ادبی، فکری اور حالات حاضرہ پر بہترین مضامین سے مزین سہ ماہی میگزین نور حق گھر بیٹھے منگوا کر پڑھیں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com