مذہبی مضامین

غزوۂ بدر نے مسلمانوں کو جینے کا سلیقہ عطا کیا ہے

ازقلم: ظفرالدین رضوی
خطیب و امام رضا جامع مسجد گئو شالہ روڈ ملنڈ ممبئی 9821439971

قارئین کرام!
اللہ رب العزت اور اس کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان و عقیدہ اگر مضبوط ہے تو بڑے سے بڑے معرکے سر کئے جاسکتے ہیں بڑے سے بڑے کارنامے انجام دئے جاسکتے ہیں،زمانے کے رخ کو اپنی طرف موڑا جاسکتا ہے،اندھیرے میں اجالا پھیلایاجاسکتا ہے۔ پژمردہ دلوں میں نئی امنگ نیا جوش پیدا کیا جاسکتا ہے۔یقین محکم ہے عمل پیہم ہے تو قید و بند کی زنجیروں کو توڑا جا سکتا ہے۔
ایمانی حرارت و غیرت اگر صالح ہے۔
تو کوہ ہمالہ کی اونچائیوں کو چھواجاسکتا ہے۔
اوراگر یہ سبق یاد ہے کہ
دشت تو دشت ہے دریا بھی نہ چھوڑے ہم نے۔
بحر ظلمات میں دوڑا دئے گھوڑے ہم نے۔
تو زندگی میں کبھی ہارا نہیں جاسکتا ہے۔دنیاوی زندگی ایک پانی کا بلبلا ہے۔اور ایمان ایک مضبوط سہارا ہے جس سے دنیا سے لیکر آخرت تک ہر میدان میں نصیب ہوتی ہے۔
یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ میدان بدرمیں ایک طرف کفارومشرکین کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا ہر طرح کے اسلحوں سے لیس ہزاروں کا لشکر موجود تھا۔وہیں پراس لشکر کے سامنے صرف تین سو تیرہ ۳۱۳ جاں نثاران مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم موجود تھے پھر بھی ہمت نہیں ہارے۔وہ جانتے تھے کہ ہمارے ساتھ خدا کی نصرت و رحمت کے ساتھ ساتھ سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات بابرکات ہے۔
ہم کیسے مات کھا سکتے ہیں۔جس کی قیادت و سپہ سالاری سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے ہوں وہ جماعت کیسے شکست کھا سکتی ہے۔
الحمدللہ صحابۂ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین نے نہایت ہی عقیدت و محبت اور جوش وخروش کیساتھ عشق رسول کے آئینے میں ڈھل کر اپنی ہمت و قوت اور جواں مردی کا جوہر میدان بدر میں پیش کیا ہے۔اسکی مثال رہتی دنیا پیش نہی کرسکتی۔
معرکۂ بدر کے دن حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابۂ کرام اور میدان بدر کا معائنہ کرنے کے بعد صحابہ کے سامنے مختصر خطبہ ارشاد فرمایا صحابہ نے بغور سماعت کیا اور اک زبان ہوکر کہا لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم
ہم حاضر ہیں۔ہم اللہ کی راہ میں اسلام کے نام پر آپ کی محبت میں اپنا خون بہادیں گے مگر آپ پر آنچ نہیں آنے دیں گے دشمن کے سارے وار سے آپ کو بچائیں گے آپ کا جہاں پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون بہے گا۔
یارسول اللہﷺ ہم آپ کے حکم کے منتظر ہیں۔ہم دشمنوں کو گاجر مولى کیطرح کاٹ کے رکھ دیں گے اللہ تعالی ہمیں کو فتح وکامرانی و کامیابی عطاء فرمائے گا ہمیں سر بلند ہوں گے ہم جنگ جیتیں گے جنگ تعداد سے نہیں آپ کے عشق میں جیتی جائے گی جہاں آپ ہوں وہاں جنگ ہاری نہیں بلکہ جیتی جاتی ہے۔
سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے جب صحابۂ کرام رضوان اللہ تعالی علیھم اجمعین کے اس جذبۂ عاشقانہ وفروشانہ کو دیکھا تو فرط مسرت میں آپ نے رب کا شکریہ ادا کیا اور اپنے چہرۂ اقدس کو آسمان کیطرف اٹھا کر کہا کہ مولیٰ دیکھ میرے صحابہ ایمان کامل کیساتھ تیرے دین کی حفاظت کیلئے مر مٹنے کا جذبہ لئےاپنی جان کی بازی لگائے ہوئے ہیں۔ مولیٰ ہمیں فتح وکامرانی و کامیابی عطاء فرماء جیسا کہ تونے وعدہ کیا ہے۔
اللہ نے اپنے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاء کو قبول فر ما کر فتح مبین عطاء فرمایا۔
صحابۂ کرام نے میدان بدر میں یہ بتادیا کہ جنگ کثرت تعداد سے نہیں بلکہ عشق رسول کی بنیاد پر جیتی جاتی ہے۔جس طریقے سے کفار ومشرکین کی تعداد ہزاروں میں تھی اور انکے پاس دنیاوی سازوسامان اور طرح طرح کے اسلحے موجود تھے اورایک طرف صحابہ کی تعداد تین سو تیرہ افراد پر مشتمل تھی انکے پاس کل دو گھوڑے، چند تلواریں اور ستر 70اونٹ تھے ایک ایک اونٹ پر کئی کئی افراد سوار تھے دوسری طرف کفارومشرکین کے لشکر میں ہزاروں کی تعداد میں جوان تھے جو ہر طرح کے اسلحوں سے لیس تھے صحابہ کا اس وقت کفار سے جنگ کرنا کسی پہاڑ سے ٹکرا نے سے کم نہ تھا۔کفار کے لشکر میں صحابہ کے کچھ خونی رشتے دار بھی تھے ان سے لڑنا کوئی معمولی بات نہیں تھی ایسے وقت میں بڑے بڑے بہادروں کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں۔مگر صحابہ کے سامنے خونی رشتہ اہم نہیں بلکہ ایمانی رشتہ اہم تھا
میدان بدر سے یہی آواز آرہی ہے کہ اے مسلمانوں اللہ اور اسکے رسول کی اطاعت واتباع اور اسلام کو اس طرح اختیار کرلو کہ تمہارا کوئی عمل یا قول اس کے خلاف نہ ہو نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ مؤمن کیلئے مکمل ضابطۂ حیات ہے زندگی کے ہر شعبہ میں ہر معاملہ میں یہ تمہارے لئے کافی ہے۔جو اللہ اور اسکے رسول کی محبت میں جیتا ہے وہی دنیا وآخرت میں کامیاب و سرخرو ہوتا ہے۔

تازہ ترین مضامین اور خبروں کے لیے ہمارا وہاٹس ایپ گروپ جوائن کریں!

ہماری آواز
ہماری آواز؛ قومی، ملی، سیاسی، سماجی، ادبی، فکری و اصلاحی مضامین کا حسین سنگم ہیں۔ جہاں آپ مختلف موضوعات پر ماہر قلم کاروں کے مضامین و مقالات اور ادبی و شعری تخلیقات پڑھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر آپ اپنا مضمون پبلش کروانا چاہتے ہیں تو بھی بلا تامل ہمیں وہاٹس ایپ 6388037123 یا ای میل hamariaawazurdu@gmail.com کرسکتے ہیں۔ شکریہ
http://Hamariaawazurdu@gmail.com