اثر خامہ: سید صابر حسین شاہ بخاری قادری
بسم اللہ الرحمن الرحیم، نحمدہ ونصلی ونسلم علی رسولہ النبی الامین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ اجمعین
اسلام کی تبلیغ واشاعت میں قلم و قرطاس کی اہمیت وافادیت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ برصغیر میں جہاد بالقلم کے محاذ پر ہمارے اکابرین کا ماضی نہایت درخشاں ہے اور اس پر ان کی مختلف موضوعات پر تصنیفات و تالیفات اور رسائل و جرائد شاہد و ناطق ہیں۔ الحمدللہ ہمارے اسلاف کے اخلاف بھی اسی روش پر رواں دواں ہیں اور تصنیفات و تالیفات اور کتب ورسائل کی ترتیب وتدوین اور ان کی نشرواشاعت میں منہمک ہیں۔
شعیب الاولیاء حضرت شاہ محمد یار علی چشتی قادری رحمۃ اللہ علیہ (1307ھ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔1387ھ) کسی تعارف کے محتاج نہیں آپ صاحب کشف و کرامات ، سراپا رشد و ہدایات اور ایک عظیم مبلغ اسلام ہیں۔ آپ نے اپنے وطن”براؤں شریف ضلع سدھارتھ نگر یو پی ہند میں” دارالعلوم فیض الرسول” کے مقدس نام سے ایک عالی شان دینی درس گاہ کی بنیاد رکھی جسے شہرت عام اور بقائے دوام حاصل ہوا۔ اسی درس گاہ سے ماہ نامہ”فیض الرسول” براؤں شریف جاری ہوا جسے سنی صحافت میں ایک نمایاں مقام حاصل ہوا ۔ آپ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کے شیدائی، فدائی ، راہ ورسم منزل ہا کے راہی ، فکر رضا کے امین اور سلطان الہندحضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری سنجری رحمۃ اللہ علیہ کے خوشہ چین تھے
الحمدللہ ، نبیرۂ شعیب الاولیاء و مظہر شعیب الاولیاء، افسر ملت مولانا محمد افسر علوی قادری چشتی صاحب زید مجدہ نے حضرت شعیب الاولیاء رحمۃ اللہ علیہ کی یاد میں ” خانقاہ یار علویہ براؤں شریف ضلع سدھارتھ نگر یو پی ہند سے سہ ماہی”پیام شعیب الاولیاء” کا اجراء عمل میں لایا ہے۔ اس کا پہلا شمارہ رجب المرجب ، شعبان المعظم، رمضان المبارک 1443ھ/فروری ، مارچ ، اپریل 2022ء کو مطلع صحافت پر طلوع ہوا ہے ۔ نبیرۂ شعیب الاولیاء شہزادۂ مظہر شعیب الاولیاء حضرت علامہ الحاج غلام قادر چشتی دامت برکاتہم اس کے سرپرست اعلیٰ اور نبیرۂ شعیب الاولیاء شہزادۂ مختار الاولیاء محمد مسعود احمد رضا علوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ نائب سرپرست ہیں۔ نبیرۂ شعیب الاولیاء صاحب زادہ مولانا محمد افسر علوی قادری زید مجدہ اس کے مدیر اعلیٰ اور مولانا شاہد رضا امجدی جامعی زید مجدہ نائب مدیر اور مولانا عمران علی یار علوی زید مجدہ اس کے مدیر اعزازی ہیں۔ اس کا پہلا شمارہ ستاون صفحات پر مشتمل ہے ۔ انوار القرآن ،گلدستۂ حدیث، یار علویہ دارالافتاء، درس طب، شخصیات ، عصریات، اسلامیات، اصلاح معاشرہ، ذہنی آزمائش اور مکتوبات سہ ماہی”پیام شعیب الاولیاء” کے مستقل سلسلے ہیں۔ ماشاءاللہ ، اس کا پہلا شمارہ صوروی اور معنوی ہر لحاظ سے بے مثال نظر آتا ہے ۔ اس میں شامل مضامین ومقالات اور منظومات کے حسنِ انتخاب سے مدیر اعلیٰ کی بالغ نظری اور صحافتی قابلیت اظہر من الشمس ہے۔ اس کی مجلسِ ادارت اور مجلس مشاورت میں شامل تمام ارباب علم و دانش آسمان علم و قلم کے درخشندہ ستارے ہیں ۔ ان میں سے ہر ایک نام اپنی ذات میں ایک انجمن ، ایک تحریک اور ایک ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ پھر تمام مقالہ نگار بھی جہاد بالقلم کے محاذ پر کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔ سہ ماہی”پیام شعیب الاولیاء” کا پہلا شمارہ نہایت کامیابی وکامرانی سے مطلع صحافت پر طلوع ہوا ہے۔ اس پر اس کے مدیر اعلیٰ نبیرۂ شعیب الاولیاء مولانا محمد افسر علوی قادری زید مجدہ اور ان کی ساری مجلسِ منتظہ کی خدمت میں فقیر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد اور ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے ۔ ماشاءاللہ ماشاءاللہ ماشاءاللہ۔ بہت خوب اللھم زد فزد۔ امید واثق ہے کہ اس کا نقش ثانی بھی نقش اول سے نمایاں طور پر سامنے آئے گا۔
سہ ماہی مجلہ”پیام شعیب الاولیاء” سنی صحافت میں ایک گراں قدر اضافہ ہے اور یہ خوب سے خوب تر کی جانب رواں دواں رہے گااور احقاق حق اور ابطال باطل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور حضرت شعیب الاولیاء رحمۃ اللہ علیہ کا آفاقی پیام دنیا کے کونے کونے میں پہنچائے گا ۔۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے:
مسلک احمد رضا کے حامی و ناصر حفیظ
کل بھی تھے ہیں آج بھی میرے شعیب الاولیاء
اللہ تعالیٰ اپنے محبوب حضرت احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے طفیل میرے ممدوح حضرت شعیب الاولیاء رحمۃ اللہ علیہ کے فیض عام کو تا صبح قیامت جاری وساری رکھے اور "پیام شعیب الاولیاء” کی مجلسِ منتظہ کے علم و عمل میں مزید برکتیں عطا فرمائے اور اس کے قارئین کے ذوقِ مطالعہ میں مزید تیزی لائے اور ہم سب کا خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین بجاہ سید المرسلین خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وازواجہ وذریتہ واولیاء امتہ وعلما ملتہ اجمعین۔
دعا گو ودعا جو
گدائے کوئے مدینہ شریف
احقر سید صابر حسین شاہ بخاری قادری غفرلہ”خلیفۂ مجاز بریلی شریف”
سرپرست اعلیٰ ماہ نامہ مجلہ الخاتم انٹر نیشنل و”ہماری آواز”
مدیر اعلیٰ الحقیقہ و سہ ماہی مجلہ”خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم” (انٹر نیشنل)
ادارہ فروغ افکار رضا و ختم نبوت اکیڈمی برھان شریف ضلع اٹک پنجاب پاکستان پوسٹ کوڈ نمبر 43710(26/رمضان المبارک 1443ھ/27/اپریل 2022ءبروز جمعرات بوقت 4:27قریب العصر)