جعفرآباد میں منعقدہ عآپ کی محلہ سبھا میں۲۵ ہزار کروڑ کی بدعنوانی پر تبادلہ خیال
نئی دہلی: ہماری آواز(محمدطیب رضا) 18جنوری//
جعفرآباد کی گلی نمبر ۳۵ میں عام آدمی پارٹی کی محلہ سبھا منعقد ہوئی جس میں بی جے پی کے ذریعہ ایم سی ڈی میں ہوئی ۲۵؍ہزار کروڑ روپئے کی بدعنوانی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ کی صدارت حاجی ماسٹر سراج سیفی اور نظامت عام آدمی پارٹی کے سرگرم رکن حاجی ذاکر حسین پپو نے کی۔یہ سبھا موج پور وارڈ کے سنگٹھن منتری صدام حسین نے بلائی تھی۔اس موقع پر وارڈ صدر کانتی پرساد نے کہا کہ دہلی کے تینوں میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی برسر اقتدار ہے جس نے منمانی اور بدعنوانی کو ساتویں آسمان پر پہنچا رکھا ہے ان کے بڑے بڑے منتری اور لیڈر عوام کا خادم اور ملک و قوم کا وفادارہونے کا دعوی تو خوب کرتے ہیں مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی نے اس ملک کو ہر اعتبار سے تنزلی کے دہانے پر پہنچادیا ہے ۔دہلی کی ترقی میں ایم سی ڈی کا اہم کردار ہوسکتا ہے اگر وہ غاصبوں کے ہاتھوں میں نہ ہوکر عوام کی نمائندہ جماعت عام آدمی پارٹی کے ہاتھوں میں ہو۔نوجوان سیاسی چہرہ صدام حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی قیادت میں عام آدمی پارٹی نے دہلی کا نقشہ ہر اعتبار سے بدلا ہے چاہے وہ ترقیاتی کاموں کو لے کر ہو یا سیاسی نقطہ نظر سے ۔آج راجدھانی کا ہر باشندہ سکون کی زندگی جی رہا ہے نہ اسے پانی کے بل کی فکر ہے اور نہ ہی بجلی کے بل کی۔سب سے بڑھ کر یہ کہ آج ہرکس وناکس اپنے بچوں کو بہتر سے بہتر تعلیم سے آراستہ کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر دہلی کی ایم سی ڈی بھی عام آدمی پارٹی کے زیر اقتدار ہو تو جس طرح آج چھوٹے چھوٹے ملازم مہینوں تنخواہیں نہ ملنے کے سبب بچوں کا پیٹ پالنے میں پریشانی کا سامنا کررہے ہیں انہیں ا س سے نجات حاصل ہوجائے گی اور ترقی کے رفتار میں بھی بڑی حد تک اضافہ ہوجائے گا۔اندازہ لگائیے کہ ۲۵؍ہزار کروڑ کی بدعنوانی بی جے پی نہ کرتی تو دہلی میں ترقی کا لیول کیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کیجریوال سرکارہی ہے کہ جس نے شاستری پارک سے سیلم پور تک فلائی اوور جنگی پیمانے پر بنایا اور مختص فنڈ کی خطیر رقم بچاکر اپنی ایماندارانہ سیاست کا ثبوت دیا۔ممبر اسمبلی عبدالرحمن ملک کی خوبی یہ ہے کہ فنڈریلیز نہ ہونے کے باوجود بھی ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ایم سی ڈی انچارج درگیش پاٹھک کی محنتوں کو سلام کہ وہ روز بی جے پی کی ایک نئی بدعنوانی کا پردہ فاش کرتے ہیں۔امانت اللہ خاں نے چیئر مین بنتے ہی بورڈ ملازمین اور ائمہ مساجد کی تنخواہیں جاری کرکے بڑا کام کیا ہے جس کی ہرطرف ستائش ہورہی ہے۔حاجی ذاکر حسین پپو نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حقیقت میں ایک عام انسان کی پارٹی ہے اس نے اپنے دور اقتدار میں یہ ثابت کرکے دکھایا ہے کہ اگر خدمت کے جذبے کے تحت کام کیا جائے تو بڑ ے سے بڑے کام بآسانی کئے جاسکتے ہیں۔مولانا انیس ملک نے کہا کہ سیاست میں نوجوانوں کا دخل خوش آئند ہے اس وارڈ میں صدام حسین جس جفاکشی کے ساتھ محنت کررہے ہیں وہ پارٹی اور نسل نو کے لئے فائدے کا سودا ہے۔سبھا میں سوال و جواب کا سلسلہ ہوا جس میں عوام نے کارپوریشن میں عآپ کو اقتدار میں لانے کا وعدہ کیا۔ان کے علاوہ انل جین ،ماسٹر تسلیم احمد ،حاجی ظفر الدین،حاجی نصیر احمد گڈو،حاجی اکرام علوی،حاجی اسحاق ،حاجی ناظم نے بھی اظہار خیال کیا۔سبھا میں عوام الناس کی کثیر تعداد موجود تھی۔