ازقلم: سید اولاد رسول قدسی
نیویارک امریکہ
سخاوت کا بادل ہے داتا کا دربار
عنایت کا چھاگل ہے داتا کا دربار
ہمیں کیا سروکار غیروں کے در سے
عطاؤں کی مخمل ہے داتا کا دربار
یہاں سے اخوت کے ملتے ہیں اسباق
تنفر کا مقتل ہے داتا کا دربار
یہ فیضان ہے افضل الانبیا ء کا
فضیلت میں اکمل ہے داتا کا دربار
یہ کہتے ہیں روحانیت کے مناظر
تقرب کا مشعل ہے داتا کا دربار
ہے حیران وششدر جہاں کی بصارت
بصیرت کا کاجل ہے داتا کا دربار
ولایت کی پھیلی ہے ہر سمت خوشبو
کرامت کا صندل ہے داتا کا دربار
ہے سہما ہوا ظلم، فیض وکرم پر
یو ں مائل ہر اک پل ہے داتا کا دربار
خدا کی عنایات کی بارشوں سے
عجب قدسیؔ جلتھل ہے داتا کا دربار