جل گاؤں: ہماری آواز(اُسید اَشہر) 27جنوری
جماعتِ اسلامی ہند، جل گاؤں کی جانب سے اقراء ایچ جے تھیم کالج، مہرون میں "اندھیروں سے اجالے کی طرف” مہم کے تحت پروگرام منعقد کیا گیا۔ جس میں ایچ جے تھیم کالج کے طلبہ کے ساتھ ساتھ اقرا شاہین جونیئر کالج اور حاجی غلامی نبی آئی ٹی آئی کالج کے طلبہ بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔
پروگرام کا آغاز اقرا شاہین جونیئر کالج کے دو از دہم کے طالب محمد عمر پیرزادے کی تلاوتِ کلام سے ہوا۔ اس موقع پر اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالکریم سالار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "موجودہ حالات کو مدنظر رکھا جائے تو اس مہم کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔آج مسلمانوں کے علاوہ دیگر اقوام کے لوگوں میں اسلام کا صحیح پیغام پہنچانے کی اشد ضرورت ہے۔”
مہم کے سٹی کنوینر اور اقرا شاہین جونیئر کالج کے لیکچرار سہیل امیر شیخ نے سامعین کے سامنے واضح کیا کہ کس طرح ہم دیگر لوگوں تک اسلام کی صحیح تعلیمات پہنچا سکتے ہیں اور ان کے ذہنوں میں موجود شکوک و شبہات دور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حالات کو دعوتِ دین کے لیے سازگار ٹھہرایا اور اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران جب مساجد، منادر پر تالا لگا ہوا تھا، اس دوران بھی انہوں نے شہر کے تقریباً گیارہ مندروں میں وفد کی شکل میں جا کر وہاں کے پجاریوں سے ملاقاتیں کیں تھیں اور انہیں کسی بھی مخالفت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
اس کے بعد ایچ جے تھیم کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سید شجاعت علی اور پروفیسر ڈاکٹر راجیش بھامرے نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آخرمیں اپنے صدارتی خطبہ میں جماعت کے امیرِ مقامی، شیخ مشتاق احمد نے مہم کے مقاصد کو طلبہ و اساتذہ کے سامنے واضح کیا اور ان سے تعاون کی اپیل کی۔
اس پروگرام میں اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے ذمہ داران میں ڈاکٹر اقبال شاہ، پروفیسر ظفر شیخ، عبدالرشید شیخ، پرنسپل شیخ گلاب اسحٰق، پرنسپل زبیر ملک، ہیڈماسٹر اخترالدین قاضی شریک تھے۔ اس کے علاوہ اقرا شاہین اردو پری پرائمری، پرائمری، ہائی اسکول و جونیئر کالج، حاجی غلام نبی آئی ٹی آئی اور اقرا ایج جے تھیم کالج کے اساتذہ موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ساجد دیشمکھ نے ادا کیے اور رسم شکریہ عادل خان سر نے ادا کی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر کی جانت سے ریاستی سطح پر دس روزہ مہم "اندھیروں سے اجالے کی طرف” 22جنوری تا 31 جنوری 2021 منائی جا رہی ہے جس کا مقصد وطنی بھائیوں اور بہنوں تک اسلام کا نور پہنچانا ہے۔