اللہ رب العزت نے اپنے محبوبِ مکرّم ٬ سیدِ عالم ٬ نورِ مجسم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو محاسن و کمالات کا مجموعہ اور ” رحمۃ للعالمین ” بنا کر مبعوث فرمایا ۔ آپ کی ذاتِ ستودہ صفات ہر جہت سے بے مثل و بے مثال ہے ۔ آپ ﷺ معلمِ کائنات ٬ محسنِ انسانیت اور تمام عالم کے لیے رحمت ہیں ۔ آپ باعثِ تخلیق دو جہاں ٬ انیسِ بیکساں اور چارہ سازِ درد منداں ہیں ۔ سسکتی اور بلکتی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے والی ذاتِ گرامی اور ” رحمۃ للعالمین ” کے شرف و اعزاز سے مشرف ہونے والی یہ مبارک ہستی دنیا کے لیے کل بھی رول ماڈل تھی ٬ آج بھی رول ماڈل ہے اور قیامت تک رول ماڈل رہے گی ۔ انسان تو انسان بے زبانوں نے بھی آپ کی عظمت و رفعت اور شان و شوکت کی گواہی دی ہے ۔ آپ کی یہ بلند و بالا شخصیت کا ثبوت نہیں تو اور کیا ہے کہ انٹرنیٹ کا مشہور سرچ انجن گوگل ( Google ) جیسی بے زبان برقی لہر سے جب پوچھا جاتا ہے کہ ” Who is a great person of World ” یعنی دنیا کی سب سے مہان ہستی اور شخصیت کون ہے تو گوگل پر آپ ﷺ کا نامِ نامی اسمِ گرامی جھلملاتا اور اہلِ ایمان کی خوشیوں میں اضافہ کرتا نظر آتا ہے ۔ واقعی آپ ﷺ کی شخصیت عظیم ہے ۔ قرآن آپ کے فضائل و کمالات اور عظمت و رفعت پر گواہ ہے ۔ خالقِ کائنات جل مجدہ نے اپنے محبوب ﷺ کی شان قرآن پاک میں مختلف مقامات پر بیان فرما کر قیامت تک کے لیے آپ ﷺ کے مقام اور مرتبے کا تعین فرما دیا ہے ۔ کہیں و الضحیٰ کہہ کر تو کہیں و اللیل کا تذکرہ کر کے ٬ کہیں ” و ما ارسلناک الا رحمۃ للعالمین ” فرما کر تو کہیں ” و رفعنا لک ذکرک ” کا حسین پیرایۂ بیان اختیار کر کے آپ کی بلند و بالا شخصیت کی گواہی دی گئی ہے ۔ اگر کسی بد بخت اور نا ہنجار نے آپ ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی جرأت کی تو ربّ کائنات نے آپﷺ کی برأت ظاہر فرمائی اور گستاخِ رسول کو ” عُتُلٍّ بعد ذالک زنیم ” کی پھٹکار لگائی گئی ۔
ایک گستاخِ رسول ٬ ملعونِ زمانہ نے چند روز قبل اپنی گندی ٬ نجس اور بدبو دار زبان سے پوری کائنات کے مرکزِ عقیدت حضور سید عالم ٬ نورِ مجسم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شانِ اقدس میں گستاخی اور زبان درازی کر کے جس طرح اپنی گندی ذہنیت اور خبثِ باطنی کا مظاہرہ کیا ہے ٬ وہ نہایت افسوس ناک ہے ۔ اس ملعون کو خدا غارت کرے اور اس کی نسلوں کا صفایا فرمائے ۔ ایک منظم سازش کے تحت ملکی اور عالمی سطح پر گذشتہ چند دہائیوں سے جس طرح اسلام اور پیغمبرِ اسلام ﷺ کے بارے میں نا زیبا کلمات استعمال کیے جا رہے ہیں ٬ وہ نہایت کربناک ہے ۔ دنیا کا کوئی مذہب اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ دوسرے مذہب کے پیشواؤں کی شان میں گستاخی اور بد تمیزی کی جائے ٬ لیکن ہمارے وطن کا ایک مخصوص طبقہ اور اس کے کچھ شر پسند افراد گذشتہ چند سالوں سے جس طرح ہمارے نبی حضور سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں گستاخیاں کر رہے ہیں اور سینکڑوں احتجاج اور مقدمات کے با وجود حکومتِ ہند گستاخوں کے خلاف ایکشن لینے کے بجائے ان کی پشت پناہی کر رہی ہے ٬ وہ حد درجہ افسوسناک ہے ۔ ملعونِ زمانہ کے حالیہ بیان کی ہم مذمت کرتے ہوئے حکومتِ ہند سے درخواست کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی شان میں گستاخیوں کا یہ نا پاک سلسلہ بند کیا جائے اور گستاخوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے ٬ تاکہ ملکی امن و امان برقرار رہے ۔ مسلمانوں سے بھی گذارش کرتے ہیں کہ وہ ناموسِ رسالت کے تحفظ کا فکری و عملی نمونہ پیش کریں ۔ اپنی دینی غیرت اور ملی حمیت کا مظاہرہ کریں ٬ خوابِ غفلت سے بیدار ہوں ۔ ملک کی ساری ریاستوں کے تمام اضلاع سے مردود کے خلاف مقدمہ دائر کریں اور اس حرام خور کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا حکومت سے مطالبہ کریں ۔
انہیں جانا ٬ انہیں مانا ٬ نہ رکھا غیر سے کام
للہ الحمد ! میں دنیا سے مسلمان گیا
ازقلم: خادم امین شریعت
محمد اشرف رضا قادری